ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کا دورۂ ساؤتھ افریقہ

خصوصی رپورٹ

گذشتہ ماہ ستمبر 2019ء صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹرحسین محی الدین قادری تنظیمی وزٹ پر ساؤتھ افریقہ کے شہر کیپ ٹاؤن تشریف لے گئے۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل ساؤتھ افریقہ کی اعلیٰ قیادت نے ڈاکٹرحسین محی الدین قادری کا کیپ ٹاؤن انٹرنیشنل ائرپورٹ پر شاندار استقبال کیا۔ اس موقع پر ناظم منہاج القرآن ساؤتھ افریقہ، رانا آصف جمیل، صوبائی صدر حافظ طاہر رفیق، صدر عوامی تحریک جاوید اقبال اعوان، ڈائریکٹرمدینہ انسٹی ٹیوٹ اور سینئر رہنما منہاج القرآن ساؤتھ افریقہ محمود خطیب ، راؤ حماد، فیاض خان صدر MWF پریٹوریا سمیت دیگر قائدین بھی موجودتھے۔ اس دورہ کے دوران ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی مصروفیت کا اجمالی خاکہ نذرِ قارئین ہے:

1۔ 15 ستمبر 2019ء بروز اتوار بعد از نماز عشاء حبیبیہ صوفی مسجد و مزار شاہ عبداللطیف قادری رحمۃاللہ علیہ RYLAND CAPE TOWN میں شان اولیاء اکرام کے حوالے سے پروگرام منعقد ہوا۔ علامہ محمد طاہر قادری اور علامہ حافظ محمود خطیب کی تلاوت و نعت کے بعد ڈاکٹر حسین محی الدین قادری خانقاہی نظام پر مدلل خطاب فرماتے ہوئے فرمایا کہ قرون اولی کے مشائخ نے خانقاہوں پر خلفاء کو نہیں بٹھایا بلکہ بزرگوں کی زیر نگرانی ہر خانقاہ میں ہر جہت سے عوام الناس کی خدمت کی جاتی تھی۔ وہاں سکول، مدرسہ و مسجد، ڈسپنسری، یتیم خانہ، عدالت اور ویلفیئر کا کام بڑے منظم طریقے سے سر انجام دیا جاتا تھا۔ اسی خانقاہی نظام کو آج دوبارہ قائم کرنے کی ضرورت ہے۔ اصل نیکی یہ ہے کہ اپنی پسندیدہ چیز کو اللہ کے راہ میں خرچ کرو جیسے تاجر اپنی رقم، طلبہ اپنی چھٹیاں، اپنا وقت، کسان اپنا اناج یا جانور، تعلیم یافتہ لوگ اپنا علم و ہنر۔

صاحب مزار شاہ عبداللطیف قادری صوفی رحمۃاللہ علیہ ان عظیم بزرگوں میں سے ہیں جنہوں نے پچھلی صدی میں ساؤتھ افریقہ میں اشاعت اسلام کیلئے عظیم خدمات سرانجام دیں۔

اس پروگرام میں کثیر تعداد میں خواتین و حضرات نے شرکت کی۔ جان عالم صدر MQI کیپ ٹاون سید مدثر علی قادری، نائب صدر چوہدری محمد سعید، ناظم رانا اصف جاوید اقبال، علامہ طاہر رفیق نقشبندی، محمد ابوبکر، اسد حسینی، عبداللہ شوکت علی محمدفیاض اور محمد وسیم نے خصوصی شرکت کی۔

2۔ ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے صاحب سجادہ عظیم بزرگ روحانی وعلمی شخصیت حضرت مولانا شاہ قطب الدین حبیبی صوفی سے خصوصی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور زیر بحث آئے۔ انہوں نے ڈاکٹر صاحب کو ڈھیروں دعاؤں سے نوازا اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری مدظلہ العالی کی جملہ کاوشوں کو سراہا۔

3۔ صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے 15 ستمبر بروز اتوار کیپ ٹاون میں 300 سال قبل اس ملک میں انڈونیشیا سے تشریف لانے والی عظیم روحانی شخصیت حضرت محمد یوسف رحمۃاللہ علیہ کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ ان بزرگوں نے سمندر کے کنارے افریقہ میں قلم سے قرآنی نسخہ تیار کرواکر اس کی تعلیم دی ۔جیلوں سے غیر مسلم قیدی بھی آپ سے آکر دینی اور روحانی تعلیم حاصل کرتے تھے۔ جن میں سیکڑوں احباب نے اسلام بھی قبول کیا ۔آپ کے مزار کے ساتھ ایک ٹھنڈے اور میٹھے پانی کا چشمہ بھی آپ کی کرامت ہے جو سینکڑوں سالوں سے جاری ہے۔

4۔ 15 ستمبر 2019ء بروز اتوار بعد نماز مغرب ساؤتھ افریقہ کے شہر کیپ ٹاؤن کی مقامی قدیمی اور مرکزی مسجد القدس Gatesville Cape Town میں ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے موجودہ دور میں جدید علوم اور اسلامی اقدار کے احیاء اور اہمیت کے موضوع پر خطاب فرماتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں ہر آنے والا بچہ پہلے بچوں سے زیادہ صلاحیت لے کر پیدا ہو رہا ہے مگر اس کے مربی اور ٹیچر جو قدیم علوم پر دسترس رکھتے ہیں، انہیں بھی جدید تعلیم سے آراستہ ہونا ہوگا تب طلبہ کو فائدہ ہوگا اور پھرایک اچھا معاشرہ تیار ہوگا۔ اس موقع پر آپ نے اسلامک بنکنگ کے حوالے سے بھی مفصل گفتگو کی۔

اس موقع پر ڈاکٹر صاحب نے صدر مسجد القدس کیپ ٹاؤن بیرسٹر شیخ محمود خطیب ،انتظامیہ ، امام و سامعین مسجد ہٰذا کا شکریہ ادا کیا۔ ڈاکٹر چن نصیب (جرمنی) ،جاوید اقبال صدر عوامی تحریک پریٹوریا، رانا آصف جمیل GQ ناظم MQI ساؤتھ افریقہ، علامہ طاہر رفیق نقشبندی صدر منہاج القران نٹال ساؤتھ افریقہ، شیر افضل، اسد حسینی، عبداللہ جان، وسیم احمد،جان عالم صدر MQI کیپ ٹاون، چوہدری سعید، شوکت علی اور کثیر تعداد میں مسلم بز نس کمیونیٹی کے ممبران اور عوام نے اس پروگرام میں شرکت کی۔