ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا دورۂ ہالینڈ اور فرانس

خصوصی رپورٹ

چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے ماہ نومبر 2019ء میں ہالینڈ اور فرانس کا تنظیمی و تربیتی دورہ فرمایا۔ اس دورہ کی ایک اجمالی رپورٹ نذرِ قارئین ہے:

ہالینڈ:

1۔ محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری 22 نومبر کو اپنے تعلیمی و تربیتی اور تنظیمی دورۂ کے سلسلہ میں ہالینڈ پہنچے اور ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے 23 نومبر 2019ء کو ہالینڈ میں منعقدہ الہدایہ کیمپ 2019ء میں خصوصی شرکت کی۔ اس دو روزہ کیمپ کا انعقاد منہاج القرآن انٹرنیشنل ہالینڈ کی طرف سے کیا گیا۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل یورپ کے صدر ظلِ حسن اور دیگر معزز مہمانوں نے خصوصی شرکت کی۔ علاوہ ازیں ملک بھر سے مردوخواتین کی بڑی تعداد بھی کیمپ میں شریک ہوئی۔ اس موقع پر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے مختلف تربیتی و روحانی موضوعات پر لیکچرز دیئے۔ جن میں انہوں نے نوجوانوں کی روحانی اور اخلاقی تربیت پر زور دیا۔

ہالینڈ میں منعقدہ الہدایہ کیمپ میں ’’الصحبۃ‘‘ کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صحبت کی کئی اقسام ہیں۔ انسان جب کسی ایک فردیا کسی چیز کے ساتھ وقت گزارتا ہے تو وہ اس کی صحبت میں ہوتا ہے۔ وہ صحبت یا سنگت انفرادی بھی ہوسکتی ہے، تنظیم کی شکل میں بھی ہوسکتی ہے اور کوئی مشین، کتاب یا جانور بھی ہوسکتا ہے جس کے ساتھ وقت گزارا جاسکے۔ اسی طرح جدید دور کی مختلف ڈیوائسز بھی سنگت و صحبت کی مختلف شکلیں ہیں۔ مثال کے طور پر کمپیوٹر، لیپ ٹاپ، ٹیبلٹ، موبائل فون، آئی پیڈ وغیرہ۔ ان کے ساتھ جب بندہ وقت گزارتا ہے تو یہ بھی صحبت کا ایک پہلو ہے۔ اسی طرح سوشل میڈیا Websites اور Applications بھی صحبت کی مختلف صورتیں ہیں۔ جیسا کہ یوٹیوب، فیس بک، ٹوئٹر، واٹس ایپ، وائبر، ٹیلیگرام، انسٹاگرام وغیرہ۔ بظاہر یہ تمام چیزیں ہمیں بین الاقوامی سطح پر صحبت کا مزہ چکھاتی ہیں لیکن اگر ہمیں دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کرنی ہے تو ہمیں چاہئے کہ اپنے رب کی خاطر سنگت و صحبت اختیار کریں۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اپنی گفتگو میں صحبت کی توضیح میں قرآن و حدیث کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید میں 97 بار صحب اور اس کے مشتقات وارد ہوئے ہیں۔ جیسا کہ اللہ رب العزت نے قرآن مجید میں حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کے غار ثور میں قیام کا واقعہ بیان کیا جس میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی صحبت میں آپ کے صحابی حضرت ابوبکر صدیقؓ تھے۔ فرمایا:

ثَانِیَ اثْنَیْنِ اِذْهُمَا فِی الْغَارِ اِذْ یَقُوْلُ لِصَاحِبِهٖ لَا تَحْزَنْ اِنَّ ﷲَ مَعَنَا.

’’جب کہ دونوں (رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ ) غارِ (ثور) میں تھے جب وہ اپنے ساتھی (ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ ) سے فرما رہے تھے غمزدہ نہ ہو بے شک اللہ ہمارے ساتھ ہے ‘‘۔

(التوبة، 9: 40)

اسی طرح حضرت موسیٰؑ و خضرؑ کے واقعہ کو بیان کرتے ہوئے بھی ’’صحبت‘‘ کے مفہوم کو محیط الفاظ بیان فرمائے۔

اصحاب الجنۃ اور اصحاب الجحیم کے حوالے سے کہا کہ جو لوگ برائی کو اپنائیں گے وہ دوزخی لوگوں کی سنگت میں ہوں گے اور جو نیک اعمال بجا لائیں گے وہ اہل جنت کی سنگت میں ہوں گے۔ دوسری آیت میں فرمایا جن لوگوں نے کفر کیا اور ہماری آیات کو جھٹلایا وہ جہنمی لوگوں کے ساتھ ان کی سنگت میں ہوں گے۔ (البقرہ: 39) ایک اور مقام پر فرمایا: جو لوگ ایمان لانے کے بعد نیک اعمال بجا لائے وہ جنتی لوگوں کی سنگت میں ہوں گے۔ (البقرہ: 82)

صحبت کے مضمون کو قرآن مجید کی دیگر آیات میں بھی بیان کیا گیا ہے۔ ان آیات مبارکہ کی روشنی میں جو لوگ دنیا میں جن لوگوں کی سنگت میں رہے ہوں گے، آخرت میں بھی انہی کے ساتھ ہوں گے۔ یہ اس صحبت کا اثر ہے کہ جس نے ان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا، کیونکہ نیک صحبت جنت میں لے جائے گی اور بری صحبت دوزخ میں۔

صحبت پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کثیر احادیث مبارکہ بیان کیں۔ حضرت عبداللہ بن عمرو روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ اللہ کے نزدیک تم میں سے بہتر ہمنشین وہ ہے جو اپنے ساتھی کے ساتھ اچھا ہے۔ اللہ کے نزدیک بہترین ہمسایہ وہ ہے جو اپنے ہمسائے کے ساتھ اچھا ہے۔ دوسری جگہ فرمایا: مومن کے سوا کسی کے ساتھ صحبت نہ رکھو اور پاکیزہ کھانے کے سوا کھانا نہ کھاؤ۔

امام قشیری نے صحبت کی تین اقسام بیان کی ہیں:

  1. اپنے سے اعلیٰ مقام کے حامل کی صحبت: یہ صحبت حقیقت میں خدمت ہے۔
  2. اپنے سے ادنیٰ مقام کے حامل کی صحبت: یہ صحبت اس سے ہمدردی، شفقت و رحمت کا تقاضا کرتی ہے۔
  3. اپنے برابر کے مقام کے حامل کی صحبت: یہ صحبت اس کے لیے ایثار و قربانی کا اظہار کا نام ہے۔

حضرت عثمان بن حکیم صحبت کے حوالے سے فرماتے ہیں کہ دو طرح کے لوگوں سے صحبت اختیار کرو:

  1. اس کی صحبت اختیار کرو جو دین میں تم سے بڑھ کر ہے۔
  2. اس کی صحبت اختیار کرو جو دنیا میں تم سے کم مقام کا حامل ہے۔

اول الذکر کی صحبت تمہیں اللہ کی اطاعت کی طرف مائل کرے گی اور موخر الذکر کی صحبت تمہارے اندر اللہ کی نعمتوں کی قدر دانی اور شکر میں اضافہ کا موجب ہوگی۔

الہدایہ کیمپ میں نوجوانوں کے درمیان حمد و نعت کے مقابلہ جات بھی ہوئے ۔ کیمپ کے اختتام پر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کیمپ کی آرگنائزنگ ٹیم اور کارکنان سے ملاقات کی اور کامیاب پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد دی۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل ہالینڈ کی آرگنائزنگ ٹیم تسنیم صادق، سیکرٹری جنرل عمر مرزا، فنانس سیکرٹری عدیل محمود، راجہ جمشید، حافظ ذیشان، حافظ یاسر، خالد محمود اور دیگر سینیئر ممبران نے بھی کیمپ کے انعقاد میں اہم کردار ادا کیا۔

2۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے تنظیمی دورہ ہالینڈ کے دوران 25 نومبر 2019ء کو ہالینڈ ہیگ میں اسلامک سنٹر کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر پاکستانی کمیونٹی اور تحریک منہاج القرآن کے ذمہ داران و کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام پرامن دین اور ضابطہ حیات ہے۔ اسلام تمام مذاہب کے احترام کی تعلیم دیتا ہے، مذہب کے نام پر نفرت، انتشار اور تضحیک سے کام لینے والے امن اور انسانیت کے دشمن ہیں، ایسے دشمنوں کو کوئی ملک اور معاشرہ قبول نہیں کرتا۔

عالمِ اسلام کی پائیدار ترقی علم و ہنر اور جدید ٹیکنالوجی کے حصول میں ہے۔ ترقی یافتہ اقوام کی ترقی سے استفادہ کرنے میں کوئی مضائقہ نہیں ہے بلکہ امتِ مسلمہ کے افراد کھلے دل اور کھلے دماغ کے ساتھ اپنے آپ کو علم و ہنر کی ترقی کے مراکز سے ہم آہنگ کریں، یہی اسلام کی تعلیم اور اسی میں بقاء اور بھلائی ہے۔ جس طرح مغربی دنیا نے عالمِ اسلام کی ممتاز شخصیات کے علمی شہ پاروں اور تحقیق و تعلیم سے استفادہ کرکے اپنے علمی ذخیرے میں اضافہ کیا، اسی طرح اب عالمِ اسلام کو بھی چاہیے کہ وہ اپنی علمی میراث سے جڑ جائیں اور حکمت کے موتی جہاں سے ملیں انہیں چن لیں۔

تحریک منہاج القرآن اسلام کی نشاۃِ ثانیہ اور امت کے نوجوانوں کو علم، حلم اور تقویٰ کے راستہ پر چلانے کے لیے عالمگیر مساعی بروئے کار لارہی ہے۔ یوتھ عالمِ اسلام کی سب سے بڑی طاقت ہے، ہمیں اس طاقت کو انتہا پسندی، دہشتگردی، تنگ نظری اور لاعلمی کے اندھیروں سے نکال کر علم، رواداری اور تقویٰ کے سفر پر گامزن کرنا ہے۔

فرانس:

ہالینڈ کے کامیاب وزٹ کے بعد چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے 26 نومبر کو فرانس کا مختصر تنظیمی وزٹ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے منہاج القرآن انٹرنیشنل فرانس کے رہنماوں کے تنظیمی اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں ظلِ حسن، علی عباس بخاری ، فیصل حسین، شیخ زاہد، علامہ حسن میر قادری، راجہ بابر، چوہدری سلیمان اسلم، شعیب اشفاق و دیگر ذمہ داران شریک ہوئے۔

اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن اس پُر فتن دور میں ایک عظیم تجدیدی تحریک ہے جو آئندہ نسلوں تک قرآن وسنت کے حقیقی پیغام اور تعلیمات کو پہنچانے کے لیے اپنا عالمگیر کردار ادا کر رہی ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے خدمتِ دین کے اس عظیم کام میں تحریک کے ہر کارکن کو شامل کیا ہے۔ منہاج القرآن نوجوان نسل کو تزکیۂ نفس، تصفیہ قلب، فہمِ دین، اِصلاحِ اَحوال، اخلاقی، روحانی تربیت و ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی تحریک ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری گزشتہ 40 سال سے احیائے اسلام، علم و امن اور محبت و بھائی چارے کے فروغ کیلئے کوشاں ہیں۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے فرانس میں منہاج القرآن کے نئے مرکز ’’منہاج اسلامک سنٹر‘‘ کا افتتاح بھی کیا۔ افتتاحی تقریب کے موقع پر چیئرمین سپریم کونسل نے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خدمتِ دین کے مشن پر کار بند مصطفوی کارکنان و عہدیداران کے لیے لازم ہے کہ وہ اپنے آپ کو اخلاقی اور روحانی اعتبار سے اس مقام پر رکھیں کہ وہ واقعتاً اس مشن کے پیغام کے عملی پیکر نظر آئیں۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے منہاج القرآن انٹرنیشنل فرانس مرکز میں قائم لائبریری کا وزٹ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے لائبریری پراجیکٹ کے منتظمین کو مبارکباد دی۔