ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا 2 روزہ دورہ جنوبی پنجاب

رپورٹ: راؤ محمد عارف رضوی

چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اپنے دوروزہ دورہ جنوبی پنجاب کے آغاز میںناظم اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل خرم نواز گنڈاپور کے ہمراہ 7 مارچ 2020ء براستہ موٹر وے عبدالحکیم انٹر چینج پہنچے، جہاں پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے نائب صدر میاں نوراحمد سہو نے دوستوں کے ہمراہ ان کا استقبال کیا۔ اس کے بعد ڈاکٹر حسن محی الدین قادری بستی آڑی والا میں میاں نوراحمد سہو کی رہائش گاہ منہاج ہاؤس پہنچے، جہاں معززین علاقہ نے ان سے ملاقات کی۔ اس موقع مرکزی نائب ناظم اعلیٰ جنوبی پنجاب زون سردار شاکر مزاری بھی موجود تھے۔ منہاج ہاؤس پر ہی چیئرمین سپریم کونسل نے منہاج القرآن ویمن لیگ کی عہدیداران سے بھی ملاقات کی۔ بعدازاں چیئرمین سپریم کونسل مرکزی قائدین کے ہمراہ میاں نور احمد سہو کے بھائی میاں صفدر کمال سہو کی تقریب ولیمہ میں شرکت کی۔

  • بعد ازاں چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور اور نائب ناظم اعلیٰ سردار شاکر مزاری کے ہمراہ خانیوال پہنچے جہاں کارکنان کی بڑی تعداد نے اپنے قائد کا پرتپاک استقبال کیا۔ یہاں چیئرمین سپریم کونسل نے ورکرز کنونشن میں شرکت کی۔ ورکرز کنونشن میں مرکزی قائدین کے علاوہ خانیوال کے جملہ عہدیداران، کارکنان اور رفقاء نے شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین القادری نے کہا کہ منہاج القرآن قرآن کا راستہ ہے۔ قرآن کا فیض حاصل کرنے کیلئے قرآن کے راستے پر چلنا ضروری ہے۔ تحریک منہاج القرآن پوری دنیا میں قرآن کا فیض تقسیم کررہی ہے۔ منہاج القرآن نے دنیا بھر میں بسنے والے کارکنان کو اخوت کے اٹوٹ رشتے میں پرودیا ہے۔ لہذا خلوص کے ساتھ اس مشن سے وابستہ رہیں اور اس مشن کی سچی خدمت جاری رکھیں تاکہ دنیا و آخرت کی بھلائیاں سمیٹ سکیں۔

  • ورکرز کنونشن کے بعد چیئرمین سپریم کونسل خانیوال میں کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر شدہ منہاج گرلز کالج پہنچے، جہاں پر ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن سید امجد علی شاہ ،محمد اشفاق باٹی ودیگر قائدین نے چیئرمین سپریم کونسل، مرکزی ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈا پور، مرکزی نائب ناظم اعلیٰ سردار شاکرمزاری و دیگر قائدین کا پرتپاک استقبال کیا۔ ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن امجد شاہ نے گرلز کالج کی تعمیر اورآئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے چیئرمین سپریم کونسل کو بریفنگ دی۔

انہوں نے بتایا کہ منہاج کالج فار ویمن خانیوال 10 کنال رقبہ پر محیط ہے اور اس میں ابتدائی طور پر 5 سو سے 7 سو بچیاں علم حاصل کریں گی۔ اس کا آغاز انٹرمیڈیٹ کی تعلیم تک کررہے ہیں۔ آئندہ سال انشاء اللہ گریجوایشن پروگرام شروع ہو گا اور پھر اس کا دائرہ ایم اے اور ایم فل تک بڑھائیں گے۔ کالج کی جدید اور دیدہ زیب عمارت 8 کروڑ روپے کی لاگت سے مخیر حضرات کے تعاون سے مکمل ہوئی ہے۔ یہ ویمن کالج پورے جنوبی پنجاب کے لیے ایک تحفہ ہے۔ آغاز میں ساڑھے تین سو طالبات کے لیے ہاسٹل اور میس کی سہولت مہیا کی جارہی ہے۔ ویمن کالج کی وجہ سے سیکڑوں خاندانوں کو روزگار کے بلواسطہ اور بلاواسطہ مواقع میسر آئیں گے۔ جنوبی پنجاب میں ویمن کالج کا قیام شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے تعلیمی ویژن کا حصہ اور آئینہ دار ہے۔ اس کالج کی تعلیمی سرگرمیوں سے ہزاروں خواتین کو تعلیم و تربیت کی سہولیات گھر کی دہلیز پر میسر آئیں گی۔

چیئرمین سپریم کونسل نے گرلز کالج کی تعمیر کے حوالے سے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی کاوشوں کو سراہا اور ڈائریکٹر ویلفیئر فاؤنڈیشن سید امجد علی شاہ سمیت تمام ضلعی رہنماؤں کو ستائشی کلمات سے نوازا۔

  • بعدازاں چیئرمین سپریم کونسل نے تحریک منہاج القرآن اوورسیز کے رہنما قیصر حبیب قادری کی کاوشوں سے تعمیر شدہ جامع مسجد گلزار حبیب کا افتتاح بھی کیا اورمسجد میں نماز مغرب ادا کی۔
  • خانیوال میں محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے سیدنا صدیق اکبرؓ کانفرنس میں خصوصی شرکت کی۔ مرکزی جامع مسجد خانیوال پہنچنے پر آپ کا شاندار استقبال کیا گیا۔ سیدنا صدیق اکبر کانفرنس کی صدارت حضرت پیر سید ولی محمد شاہ المعروف ثانی سرکار، سجادہ نشین حضور سیدنا چادر والی سرکار (ملتان) نے کی۔ سٹیج پر مرکزی ناظم اعلیٰ خرم نوازگنڈا پور اور معروف عالم دین علامہ سعید احمد فاروقی (صوبائی صدر منہاج القرآن علماء کونسل جنوبی پنجاب)، ڈاکٹر زبیر اے خان بھی موجود تھے۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سپریم کونسل نے کہا کہ سیدنا صدیق اکبر ؓ کو تمام صحابہ کرام میں فضیلت حاصل ہے۔ سیدنا صدیق اکبرؓ کو غارِ ثور میں حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم  کی معیت کا جو فیض ملا اسی کا نتیجہ تھا کہ آپ کو امت میں سب سے افضل قراردیا گیا۔ آپ کو ہی تاجدارِ کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم  کی خلافت کا حقدار سمجھا گیا۔ غارِ ثور کی تین روزہ صحبت مصطفیٰ نے سیدنا صدیق اکبرؓ پر نبوی رنگ چڑھا دیا تھا۔ جس نے آپ کو اس درجہ جرأت عطا فرمائی کہ آپ نے اپنے دور خلافت میں جھوٹے مدعیان نبوت، منکرین زکوٰۃ اور دیگر فتنوں کا مقابلہ کیا اور اسلام کو اس کی حقیقی روح کے ساتھ نافذ فرمایا۔ قربت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم  کے سبب ہی آپ کو بعداز وصال مزار میں اپنے پیارے آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم  کی معیت نصیب ہوئی۔ اگر آج امت تمام فتنوں کا مقابلہ کرنا چاہتی ہے تو اسے سیرت سیدنا صدیق اکبرؓ پر عمل پیرا ہونا ہوگا۔

  • 8 مارچ بروز اتوار چیئرمین سپریم کونسل محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، ناظم اعلیٰ محترم خرم نواز گنڈا پور اور دیگر ضلعی عہدیداران کے ہمراہ ملتان میں زیرتعمیر جامع مسجد منہاج القرآن اور منہاج ایجوکیشنل کمپلیکس کے وزٹ کیلئے پہنچے تو ملتان کے ضلعی صدر یاسر ارشاد دیوان کی قیادت میں ضلعی عہدیداران نے چیئرمین سپریم کونسل اور مرکزی ناظم اعلیٰ کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر تحریک منہاج القرآن ملتان کی جانب سے ایک خوبصورت تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا۔

مختصر ڈاکومنٹری کے ذریعے زیر تعمیر مسجد کے مختلف مراحل کے بارے میں بتایا گیا جبکہ ضلعی صدر تحریک منہاج القرآن ملتان یاسر ارشاد دیوان نے تعمیراتی کام کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ ایجوکیشنل کمپلیکس ملتان کی پرائم لوکیشن پر ساڑھے تین کنال اراضی پر قائم ہے۔ جبکہ اس کی تعمیر پر تقریباً70 لاکھ روپے خرچ ہوچکے ہیں۔ مسجد کا بیسمنٹ اورفرسٹ فلور مکمل ہوچکا ہے۔ مزید تعمیرات کیلئے کوششیں جاری ہیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن محی الدین القادری نے ملتان میں اس عظیم الشان پراجیکٹ کی تعمیر پر ملتان کی ضلعی تنظیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ صدق، اخلاص، وفا، حیاء اور اتحاد کے ذریعے تحریکی کارکنان کامیابی کی منازل طے کرسکتے ہیں۔ پنجتن پاک کی نسبت سے ان پانچ خصوصیات کو اپنی زندگی کا حصہ بنالیں۔ دنیا بھر میں تحریک منہاج القرآن کے ادارے دن بدن ترقی کررہے ہیں۔ معاشی مسائل کے باوجود ہر سال ان اداروں میں اضافہ اس مشن پر اللہ تعالیٰ کا فضل اورحضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم  کے نعلین پاک کا صدقہ ہے۔ اس پراجیکٹ کی تعمیر پر ڈاکٹر زیبر اے خان، مخدوم شہباز ہاشمی، یاسر ارشاد دیوان، احسان سعیدی اور دیگر معاونین تحسین کے مستحق ہیں۔ آپ اپنی لگن کے ساتھ اس پراجیکٹ کی تعمیر کیلئے کوششیں جاری رکھیں۔ اللہ تعالیٰ اپنی مدد ونصرت نازل فرمائے گا اور یہ پراجیکٹ جلد پایۂ تکمیل تک پہنچے گا۔ یہ پراجیکٹ پورے جنوبی پنجاب کے لیے مفید ثابت ہوگا۔

  • چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری لودھراں پہنچے تو مرکزی نائب ناظم اعلیٰ زون جنوبی پنجاب سردار شاکر خان مزاری، چودھری عبد الغفار سنبل ضلعی صدر تحریک منہاج القرآن اور دیگر عہدیداران و قائدین نے سیکڑوں کارکنان کے ہمراہ بھرپور استقبال کیا۔ چیئرمین سپریم کونسل استقبالی جلوس کے ہمراہ، اسلامک سنٹر لودھراں پہنچے اور منہاج القرآن اسلامک سنٹر لودھراں کا افتتاح کیا۔ اسلامک سنٹر میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی طرف سے منعقدہ قرآن کلاسز کا جائزہ لیا، شعبہ تحفیظ القرآن کے بچوں سے ملاقات کی اور اسلامک سنٹر کی عمارت کا وزٹ کیا۔ اس موقع پر اسلامک سنٹر میں جاری سرگرمیوں کو سراہا۔ اس موقع پر مرکزی ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، مرکزی نائب ناظم اعلیٰ سردار شاکر مزاری، مخدوم ندیم ہاشمی، ڈاکٹر زبیر اے خان، راؤ عارف رضوی، اللہ رکھا سیاف ایڈووکیٹ، ملک عبدالرشید اور دیگر قائدین بھی ہمراہ تھے۔
  • بعد ازاں چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری دیگر قائدین کے ہمراہ استحکام پاکستان کنونشن اور گرینڈ اوتھ سیریمنی کی تقریب میں شرکت کے لیے ماڈل وویو گراؤنڈ پہنچے جہاں پورے جنوبی پنجاب سے آئے ہوئے تحریک منہاج القرآن کے عہدیداران نے اپنے قائد کا پرتپاک استقبال کیا۔ چیئرمین سپریم کونسل کے ہمراہ ناظم اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل خرم نواز گنڈا پور، مخدوم ندیم ہاشمی، علامہ سعید احمد فاروقی، ڈاکٹر زبیر اے خان، سردار شاکر خان مزاری کے علاوہ بڑی تعداد میں تحریک منہاج القرآن کے قائدین سٹیج پر جلوہ افروز تھے۔

قائد تحریک شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے ویڈیو لنک کے ذریعے گرینڈ اوتھ سیریمنی کے شرکاء سے خطاب کیا اور اس عظیم الشان تقریب کے انعقاد پر سردار شاکر خان مزاری کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انکی پرخلوص کاوشوں سے تحریک منہاج القرآن کو جنوبی پنجاب میں نئی روح اور اٹھان ملی ہے۔ کارکنان دین اسلام کی سربلندی اور وطن عزیز پاکستان میں مصطفوی انقلاب بپا کرنے کے لیے جدوجہد تیز تر کریں۔ تحریکی کارکن دوسروں کے لیے جینا سیکھیں۔ اس موقع پر کارکنان نے اپنے محبوب قائد سے سچی وفاداری کا عہد کیا۔

گرینڈ اوتھ سریمنی سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے جینیٹک انجینئرنگ کا حوالہ دیتے ہوئے عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم  کی امت میں منتقلی کا فلسفہ سمجھایا اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی شخصیت کے منفرد پہلوؤں پر سیر حاصل گفتگو کی۔ انہوں نے جنوبی پنجاب کے تمام یونین کونسل پی پی حلقہ جات اور ضلعی عہدیداران سے حلف لیا اور سب کو مبارکباد پیش کی۔

مرکزی نائب ناظم اعلیٰ سردار شاکر خان مزاری نے اپنے خطاب میں گرینڈ اوتھ سیریمنی کی غرض و غایت بیان کرتے ہوئے کہا کہ آج کی تقریب کے پیچھے تین سال کی انتھک محنت اور جدوجہد ہے۔ ہم نے جنوبی پنجاب کے 11 اضلاع کو تنظیمی طور پر21 اضلاع میں تبدیل کرکے صوبائی حلقہ جات اور یونین کونسل کی سیکڑوں تنظیمات قائم کی ہیں۔ آج یہ ہزاروں تنظیمی عہدیدارن اپنے قائد کوحلف وفاداری دینے آئے ہیں۔ ایسا منظر جنوبی پنجاب کی دھرتی نے اس سے قبل کبھی نہیں دیکھا۔

ضلعی صدر چودھری عبد الغفار سنبل نے خطاب استقبالیہ پیش کیا جبکہ مرکزی صدر ایم ایس ایم عرفان یوسف، زونل نائب ناظم ڈاکٹر حبیب احمد سہروردی نے بھی خطاب کیا۔ صوبائی صدر سندھ مخدوم ندیم ہاشمی نے چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین القادری سمیت تمام مہمانوں کو سندھی اجرک پہنائی۔ چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین القادری نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی تنظیمات اور انفرادی کارکردگی پیش کرنے والے کارکنوں میں شیلڈیں تقسیم کیں۔ مرکزی نائب ناظم اعلیٰ سردار شاکر خان مزاری نے چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈا پور کو سوینئر پیش کیا جبکہ چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے سردار شاکر خان مزاری کو شیلڈ پیش کی۔