عالمی سطح پر دعوتِ دین کے فروغ میں منہاج القرآن کا کردار

قاضی مدثرالاسلام

تحریک منہاج القرآن تجدید و احیائے دین کی وہ اعلیٰ جُہدِ مسلسل ہے جس نے 40 سال میں امتِ مسلمہ کے عروقِ مردہ میں جان ڈال دی ہے۔ اجتہاد و تخلیق کے ان گنت دروازے کھولے ہیں اور نئی نسل کو جینے کا مقصد عطا کردیا ہے۔ امتِ مسلمہ کو فکری غلامی کی زنجیروں سے آزادی اور عزت و تمکنت سے جینے کا شعور ملا ہے۔ موجودہ صدی کی تجدیدی تحریک کے عظیم قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا ویژن اتنا کامل ہے کہ انہوں نے (1980ء میں) تحریک کے آغاز میں ہی رفقاء کے ساتھ اپنی نشستوں میں فرمادیا تھا کہ:

’’اللہ کی اس نعمتِ عظیم کا دائرہ پوری دنیا تک پھیل جائے گا اور ایک عالم ظاہری و باطنی نور سے منور ہوگا۔‘‘

منہاج القرآن انٹرنیشنل نے اس فرمانِ الہٰی کے مطابق دعوتی و تنظیمی کام کا آغاز کیا: ’’اے رسول معظمa آپ اپنے رب کی راہ کی طرف حکمت اور عمدہ نصیحت کے ساتھ بلایئے۔‘‘

حکمِ الہٰی کی پیروی میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی عظیم فکر کو پورے عالم میں وہ پذیرائی ملی جو اپنی مثال آپ ہے۔

نظامتِ امور خارجہ کا قیام

دنیا کی دیگر اقوام کی طرح پاکستانی بھی تلاشِ روزگار، تعلیم اور بزنس کے سلسلے میں پوری دنیا میں موجود ہیں اور وطنِ عزیز کے معاشی پہیے کو قدرے تیز کرنے میں بھی ہمیشہ معاون رہتے ہیں۔ UK، یورپ، امریکہ اور گلف میں خصوصاً ان کی تیسری نسل بھی آباد ہوچکی ہے اور ان کی تعداد لاکھوں میں ہے۔ معاشی طور پر مستحکم ممالک کی ترقی میں جہاں اوورسیز پاکستانیوں نے صفِ اول کا کردار ادا کیا وہاں اپنے خاندان کو خوشحال کرنے میں کامیاب رہے۔ کئی شعبوں میں وہ مقامی افراد کے لیے بھی مثال بنے۔ معاشی آسودگی کے حصول کے اس سفر میں غالب ترین اکثریت اولاد کی تربیت سے غافل رہی، تعلیم تو اچھی دلوائی مگر اخلاقی، روحانی اور مذہبی حوالے سے ان کے بچوں کی شخصیت ادھوری رہ گئی۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے پاکستانیوں کی اولاد کے حوالے سے اس مشکل کے حل اور اپنے ویژن کے عالمی پھیلائو کے لیے تحریک کا دائرہ بیرون پاکستان تک بڑھایا۔ دعوتِ دین کے ذریعے اسلام کا حقیقی پیغام منظم طریق سے پوری دنیا تک پہنچا اور اس کا باقاعدہ آغاز 1985ء سے ہوا۔ یوں 35 سال میں 100 کے قریب ممالک میں لاکھوں کروڑوں افراد منہاج القرآن کی تعلیمات سے فیضیاب ہوئے۔ 70 سے زائد ممالک میں تحریک اور اس کے جملہ فورمز کی تنظیمات اور اسلامک و کمیونٹی سینٹرز موجود ہیں۔ جہاں کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز لاہور سے فارغ التحصیل سکالرز شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی سرپرستی اور رہنمائی میں مختلف النوع گراں قدر دینی خدمات انجام دے رہے ہیں۔

شیخ الاسلام کے قائم کردہ نظام تربیت و تعلیم نے پاکستانیوں کی اولاد کے لیے ماں کی آغوش کا کردار ادا کیا ہے۔ بلاشبہ بیرونی دنیا میں ایمان کی حفاظت، دین سے آگاہی اور روحانی، اخلاقی اور انسانی اقدار سے پاکستانیوں کے بچوں اور وہاں کی نوجوان نسل کو جوڑنے میں تحریک منہاج القرآن کا کردار تاریخی نوعیت کا ہے۔ اس وقت آسٹریلیا سے لے کر ایشیاء، یورپ، سکینڈے نیوین ممالک سمیت امریکہ و برطانیہ میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کے تعلیمی ادارے، اسلامک و کمیونٹی سینٹرز قائم ہوچکے ہیں جہاں نوجوان نسل کے لیے ایمان کی حفاظت کے ساتھ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ دینی و دنیاوی تعلیم بھی منظم انداز میں دی جارہی ہے۔

مرکزی ڈائریکٹر اور ان کی ٹیم کے فرائض

  1. بانی و سرپرست اعلیٰ، چیئرمین سپریم کونسل، صدر اور ناظم اعلیٰ کی رہنمائی اور ہدایات کو پوری دنیا کے تنظیمی نیٹ ورک تک بروقت پہنچانا اور اس کی تکمیل تک Follow up کرنا۔
  2. براعظمی، کثیرالملکی، علاقائی اور ملکی اور ذیلی تنظیمات سے مسلسل رابطہ، تنظیمی امور کی نگرانی و مانیٹرنگ۔ مرکز کی طرف سے تفویض شدہ ذمہ داری کا Follow Up۔
  3. ممبرشپ کے ٹارگٹ، سالانہ قربانی مہم، ضیافت میلاد، سالانہ اعتکاف، زکوٰۃ اور دیگر مہمات کے لیے بین البراعظمی اہداف کی معلومات تنظیمات تک بروقت پہنچانا اور بلاتعطل رپورٹ لے کر محترم ناظم اعلیٰ کو Up date کرنا۔
  4. فکری و نظریاتی رہنمائی اور تربیتی عمل کے تسلسل کے لیے بیرونی تنظیمات کی طرف سے آنی والی تحریری درخواستوں کے تناظر میں شیخ الاسلام، چیئرمین سپریم کونسل و صدر محترم اور ناظم اعلیٰ کے بیرونی دورہ جات کے لیے تنظیمات کی رہنمائی و کوآرڈینیشن۔
  5. شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری، چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی طبع شدہ تصانیف کے لیے بیرونی تنظیمات کی طلب کو ممکن بنانا اور منہاج پبلی کیشنز کے ذریعے کتب کی محفوظ اور بروقت ترسیل کو ممکن بنانا۔
  6. بیرون ممالک اسلامک و کمیونٹی سینٹرز اور تعلیمی اداروں میں تنظیم کی ڈیمانڈ کے مطابق سکالرز کی بذریعہ بورڈ انٹرویو و سلیکشن، تعیناتی کے عمل میں کوآرڈینیشن و معاونت اور پہلے سے خدمات پر مامور سکالرز کی کارکردگی رپورٹ کے مربوط نظام اور سکالرز کے بین الممالک دوروں کے امور کی نگرانی کرنا۔
  7. سالانہ عالمی میلاد کانفرنس (مینار پاکستان)، سالانہ اعتکاف اور تحریک کے دیگر بڑے پروگرامز میں شرکت کے لیے بین الاقوامی مذہبی و روحانی سکالرز، شیوخ اور عالمی تعلیمی اداروں کے سربراہان سمیت دیگر اہم ترین شخصیات کو دعوت دینے سے لے کر شرکت کے عمل کی تکمیل اور ان کی واپس روانگی تک کے انتظامات کی ذمہ داری نبھانا۔
  8. بیرونی دنیا میں تحریک منہاج القرآن کے رجسٹرڈ لائف ممبرز، رفقاء و اراکین کی ممبرشپ کا ریکارڈ مرتب کرنا، Update کرنا اور ان تک ماہنامہ منہاج القرآن اور ماہنامہ دختران اسلام کی ترسیل کو ممکن بنانا۔
  9. بیرونی ممالک سے مرکزی سیکرٹریٹ لاہور وزٹ کے لیے آنے والے تنظیمی عہدیداران و ممبران کو تمام فورمز اور شعبہ جات کا دورہ کرانا، بریفنگ دینا اور ان کے سوالات کا جواب دینا۔ اس کے علاوہ ان کے قیام و طعام کا انتظام کرنا۔
  10. تحریک سے وابستہ افراد کے عزیزو اقارب کی فوتگی کی صورت میں متعلقہ ملک کی ایگزیکٹو سے فعال رابطہ کرکے پاکستان میں جسدِ خاکی کی آمد میں مکمل معاونت سے لے کر تدفین کے عمل کی تکمیل تک جملہ امور کی نگرانی، معاونت اور جنازہ و قل میں شرکت کو یقینی بنانا۔

تنظیمی امور کیلئے ممالک کی تقسیم

دنیا بھر میں تحریک کے پھیلائو کے باعث روابط کو مزید موثر، آسان اور منظم کرنے کے لیے بین البراعظمی نظام ترتیب دیا گیا ہے جس کے تحت نظامت کے مرکزی ذمہ داران ڈائریکٹر امور خارجہ کی نگرانی میں اپنے فرائض انجام دیتے ہیں۔ اس کی تقسیم درج ذیل ہے:

  1. یورپ ڈیسک
  2. USA اینڈ UK ڈیسک
  3. گلف ڈیسک
  4. ایشیاء ڈیسک
  5. آسٹریلیا اینڈ افریقن ڈیسک

درج بالا Desks کام کامعیار بہتر بنانے کے لیے بنائے گئے تھے اور آج اللہ کے فضل اور حضورa کے نعلین پاک کے تصدق سے 100 سے زائد ممالک میں شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری کی فکر پھیل چکی ہے۔ ہر ملک میں ممبرشپ کا منظم کام، تنظیمی نیٹ ورک، اسلامک و کمیونٹی سینٹرز، لائبریریز اور منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کا قیام تحریک کی سرگرمیوں کا تسلسل ہے۔

بیرونی دنیا میں تنظیمی ڈھانچہ کی تقسیم

اختیارات کی تقسیم کام کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے جزو لاینفک ہے۔ اس لیے تحریک کی مرکزی قیادت ملکی تنظیمات (بیرون پاکستان) کی رہنمائی کے لیے براعظمی و علاقائی کونسلز کا قیام عمل میں لائی ہے۔ جس کا تنظیمی ڈھانچہ کچھ اس طرح ہے:

  1. منہاج ایشیاء پیسیفک کونسل (برائے براعظم آسٹریلیا)
  2. منہاج ایشین کونسل (برائے براعظم ایشیا)
  3. منہاج سائوتھ ایشین کونسل (برائے سارک ممالک)
  4. منہاج گلف کونسل (برائے گلف ممالک)
  5. منہاج یورپین کونسل (برائے یورپین ممالک)
  6. منہاج نارتھ امریکہ کونسل (برائے براعظم امریکہ)
  • بیرونی دنیا میں ہر ملک میں تنظیمی ڈھانچہ کچھ اس طرح ہے:
  1. ملکی تنظیمات
  2. مجلسِ شوریٰ
  3. نیشنل ایگزیکٹو کونسل (NEC) فورمز
  4. علاقائی/ صوبائی اور ذیلی تنظیمات
  5. علاقائی مجلس مشاورت
  6. لوکل ایگزیکٹو کونسلز (LEC) فورمز

بیرونی دنیا میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کے فورمز

چونکہ مختلف المزاجی انسانی فطرت ہے۔ اس لیے منہاج القرآن انٹرنیشنل نے اوورسیز پاکستانیوں کو بالخصوص اور دیگر ممالک کے مسلمانوں کو بالعموم ان کے ذوق کے مطابق فارغ اوقات میں مختلف تعمیری سرگرمیوں میں مصروف رکھنے کے لیے فورمز کا اجراء کیا ہے۔ جس کے باعث تحریک سے جڑے افراد کا خوبصورت گلدستہ دنیا میں ہر جگہ موجود ہے اور ہر ملک میں مثبت، تعمیری اور پرامن ماحول کی خوشبو پھیلانے میں مصروف عمل ہے۔ تحریک اور اس کے فورمز کی تفصیل درج ذیل ہے:

  1. تحریک منہاج القرآن
  2. منہاج ویمن لیگ
  3. منہاج یوتھ لیگ
  4. منہاج ویلفیئر فائونڈیشن
  5. پاکستان عوامی تحریک
  6. منہاج ایجوکیشن کونسل
  7. منہاج سکالرز فورم
  8. منہاج پیس اینڈ اینٹیگریشن کونسل

بیرون ملک تحریک کی ممبرشپ کا فروغ

دنیا بھر میں منہاج القرآن کی رجسٹرڈ ممبرشپ کے فروغ کے لیے بیرونی تنظیمات پورا سال بھرپور جدوجہد کرتی ہیں۔ مرکز پر موجود اسسٹنٹ ڈائریکٹرز تنظیمی ذمہ داران کو اس حوالے سے لٹریچر کی فراہمی اور دعوتی عمل کو تیز کرنے میں بھرپور معاونت کرتے ہیں۔ اس سلسلے میں سوشل میڈیا کا ٹول بھی بہترین انداز میں استعمال کیا جاتا ہے۔ گزشتہ سالوں میں تحریک کی لائف اور Regular ممبرشپ میں خاطر خواہ اضافہ دیکھنے کو ملا ہے جو یقینا لاہور میں موجود مرکزی ٹیم کے بھرپور Follow up کا نتیجہ ہے۔

بیرونی تنظیمات نے ہمیشہ مرکزی مہمات (میلاد، قربانی اور زکوٰۃ و دیگر) کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے اور ٹارگٹس کے حصول کو یقینی بنایا ہے۔ اس حوالے سے تنظیمات میں مسابقت کا رجحان قائم رہتا ہے۔ حالیہ کورونا وائرس کے پہلے اور جاری دوسرے فیز کے باوجود تحریک کی بیرونی تنظیمات اپنے اہداف کے حصول میں نہایت کامیاب رہی ہیں۔ کورونا کی عالمی وبا بھی ان کے جذبوں کو سرد کرنے میں ناکام رہی اور بیرون ممالک میں تحریکی رفقاء و اراکین نے حیران کن نتائج دینے کے ساتھ ساتھ اپنے ملکوں میں بلا امتیاز رنگ و نسل و مذہب انسانیت کی خدمت و مدد کے بھی قابل فخر ریکارڈ قائم کیے ہیں۔

1۔ ایشیا میں تحریکی سرگرمیاں

براعظم ایشیاء کا تحریکی نیٹ ورک سائوتھ کوریا، جاپان، ملائشیاء، ہانگ کانگ، انڈونیشیا، برونائی، چین، تھائی لینڈ اور تائی وان پر مشتمل ہے۔ آخری تین ممالک میں فی الحال دفاتر ہی قائم ہوئے ہیں جبکہ دیگر ممالک میں مساجد، اسلامک اور کمیونٹر سینٹرز کے ذریعے دعوتی و تنظیمی سرگرمیاں جاری رہتی ہیں۔ سائوتھ کوریا میں 8 اسلامک سینٹرز کام کررہے ہیں جبکہ ہانگ کانگ میں3، جاپان میں4 اسلامک سینٹرز میں بنیادی دینی تعلیم دی جاتی ہے۔

ایشیائی ممالک میں تحریک کا دعوتی کام محافل میلاد، معراج النبیa، محرم الحرام میں شہادت امام حسینg کانفرنسز اور حلقہ ہائے درود کے ذریعے جاری رہتے ہیں۔ پاکستان اور دیگر ممالک سے بھی سکالرز مذکورہ پروگرامز کے لیے تشریف لے جاتے ہیں۔ رمضان شریف میں سینٹرز میں تراویح بھی پڑھائی جاتی ہے اور اس کے لیے دیگر ممالک سے قرأ و حفاظ بھی بلائے جاتے ہیں۔

تمام ملکوں میں لوکل ایگزیکٹو کونسلز (LEC) اسلامک سینٹرز چلاتی ہیں۔ LEC کے بعد ہر ملک میں NEC (ملکی تنظیم) ہوتی ہے۔ مقامی کمیونٹی اور پاکستانیوں کو ریلیف دینے کے لیے ویلفیئر سرگرمیاں بھی کی جاتی ہیں۔

تارکین وطن کے مقامی مسائل کو حل کرنے، ان کی قانونی مدد کرنے اور مسائل کے حل کے لیے ان کی کونسلنگ بھی تحریک کے ماہر افراد کرتے ہیں۔

علاوہ ازیں پاکستانیوں کے عزیز و اقارب کی فوتگی کی صورت میں جسد خاکی کو پاکستان پہنچانے اور ایمبولینس کے ذریعے ان کے شہروں اور گائوں تک پہنچانے اور اس سے قبل اس ملک میں قانونی معاملات میں معاونت کا اہم فریضہ بھی ادا کیا جاتا ہے۔

2۔ یورپ میں تحریکی سرگرمیاں

یورپ بھر میں تحریک کا منظم نیٹ ورک اوورسیز پاکستانیوں اور دیگر ممالک کے مسلمانوں کو اسلامک سینٹرز کے ذریعے دین سے جوڑ رہا ہے اور ان کی نسلوں کے ایمان کی حفاظت کررہا ہے۔ زیادہ تر سینٹرز میں فری تعلیم دی جاتی ہے۔ کلچرل اور کمیونٹی سینٹرز بھی سماجی خدمات میں کردار ادا کرتے ہیں۔ 19 سال تک کے نوجوانوں کے لیے ہر ہفتہ سٹڈی سرکلز کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ منہاج ویمن لیگ اور منہاج سسٹرز لیگ خواتین اور نوجوان بچیوں کے لیے تربیتی پروگرامز کا انعقاد کرتی ہیں۔ مذہبی پروگرامز کیے جاتے ہیں۔ حلقہ درود کا انعقاد ہوتا ہے، لوکل زبان میں بچیوں کو کورسز کرائے جاتے ہیں۔

لوکل گورنمنٹ اور پولیس کے ساتھ ڈائیلاگ فورم کے تحت پروگرام کیے جاتے ہیں۔ پاکستانی ایمبیسی کے ذمہ داران ان پروگرامز میں شریک ہوتے ہیں۔ کورونا کی عالمی وبا میں پورے یورپ میں بلا امتیاز مذہب، رنگ و نسل انسانیت کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی گئی۔ اس حوالے سے پورے یورپ کی تنظیمات اور فورمز نے تاریخی کردار ادا کرکے مشن اور قیادت کا سربلند کیا ہے۔ ڈاکٹرز نے مشکل کی اس گھڑی میں میڈیکل کونسلنگ بھی کی ہے جو تاحال جاری ہے۔

3۔ UK میں تحریکی سرگرمیاں

منہاج القرآن انٹرنیشنل UK کے زیر اہتمام منہاج اسلامک سینٹرز میں سکالرز تربیت و تعلیم کے ایک منظم نظام کے تحت دین کی خدمت کررہے ہیں۔ اس کے علاوہ ویمن لیگ، منہاج یوتھ، منہاج سسٹرز اور منہاج سکالرز فورم کام کررہے ہیں۔ منہاج پبلی کیشنز UK کی انفرادیت یہ ہے کہ شیخ الاسلام کی انگلش کتب اور لٹریچر یہیں سے چھپتے ہیں۔ منہاج کالج مانچسٹر UK کے نصاب کے علاوہ دینی تعلیم 3 سال سے پڑھا رہا ہے۔ لوکل کمیونٹی کے مسلمانوں کو دینی تعلیم دی جارہی ہے۔ تجہیز و تکفین، فری ایمبولینس کا وہ سارا نظام جس کا تفصیل سے پہلے ذکر ہوچکا UK میں بھی موجود ہے۔ اسلامک سینٹرز میں ناظرہ اور حفظ قرآن کی کلاسز بھی ہوتی ہیں۔ بچوں کے لیے اپنا سلیبس تیار کیا گیا ہے۔ FM ریڈیو ایک سال سے چل رہا ہے۔ منہاج دعوہ پراجیکٹ کامیابی سے جاری ہے۔ سکول کمیونٹی سینٹر اور مسجد موجود ہیں۔ نوجوانوں کی اخلاقی روحانی تربیت کے لیے سالانہ تین روزہ الہدایہ کیمپ منعقد ہوتا ہے جس میں 2000 نوجوان UK اور یورپ سے شریک ہوتے ہیں۔ تعلیمی اداروں میں UK کے قوانین کے مطابق بچوں اور بالغ افراد کے لیے کورسز کرائے جاتے ہیں۔ تاریخی بین المذاہب پیس کانفرنس لندن میں ہوئی اور شیخ الاسلام کا دہشت گردی کے خلاف فتویٰ بھی لندن سے جاری ہوا تھا۔ منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کا ہیڈ آفس مانچسٹر میں ہے۔ اس کے علاوہ UK کی ویلفیئر فائونڈیشن الگ کام کررہی ہے۔ ویلفیئر کی وہ تمام سرگرمیاں جن کا ذکر ہوچکاUK میں بہت بہتر انداز میں کام کررہی ہیں۔

UK کا منفرد میگا پراجیکٹ مدینۃ الزہرا

UK کا شہر بریڈ فورڈتحریک کے جاری منصوبہ جات میں اہم ترین کردار کا حامل ہوگیا ہے۔ اس برتری کی وجہ اس کا میگا پراجیکٹ مدینۃ الزہرہ ہے جو گریٹ ہارٹن روڈ BD-7 سے جڑی بارٹلے لین پر واقع ہے۔ 2.2 ایکڑ پر محیط یہ پراجیکٹ منہاج القرآن انٹرنیشنل UK کے وقار کو چار چاند لگا دے گا۔ اس عظیم منصوبے میں مسجد، کمیونٹی ہال اور سکول شامل ہے جس میں جدید سہولتوں سے آراستہ کلاس رومز اور اسمبلی ہال بھی شامل ہے۔ ڈیجیٹل اور روایتی لائبریری اس کا خاصہ ہوگی۔ مدینۃ الزہرہ کے اس دلکش منصوبے میں فنگشن ہال، شاپنگ ایریا اور کیفے ٹیریا بھی شامل ہوں گے جو کمیونٹی کی ضروریات کو مختلف انداز میں پورا کریں گے۔ ایجوکیشن کمپلیکس میں UK کے قومی نصاب کے علاوہ بچوں اور بچیوں کے لیے حفظ قرآن کا عظیم مرکز بھی بنے گا۔ خواتین کے لیے جدید سہولتوں سے آراستہ کچن بھی دستیاب ہوگا۔ انٹرفیتھ ڈائیلاگ اور پیس سینٹر کا قیام مدینۃ الزہرا کی انفرادیت ہوگی۔ 15 ڈیڈ باڈیز تک کے لیے کولڈ سٹوریج قائم ہوگا جہاں کمیونٹی کو فیونرل کے حوالے سے تمام سہولیات دی جائیں گی۔ بڑی جگہ نماز جنازہ کے لیے مختص ہوگی اور ہسپتال سے کولڈ سٹوریج تک ایمبولینس سروسز بھی میسر ہوگی۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کا یہ عظیم الشان منفرد منصوبہ تکمیل کے بعد دوسرے اداروں کے لیے ایک مثال بن کر موجود رہے گا۔

4۔ امریکہ میں تحریک کی خدمات

USA میں منہاج القرآن کے 14 اسلامک سینٹرز نیویارک، نیو جرسی، ٹیکساس، ڈیلس، میری لینڈ، بالٹی مور، کولمبیا، کیلی فورنیا، ورجینیا اور دیگر شہروں میں قائم ہیں جہاں ناظرہ، تجوید، حفظ اور فقہ کی کلاسز چلتی ہیں۔ Covid-19 کے باعث یہ کلاسیں On line چل رہی ہیں۔ سینٹرز میں عرفان القرآن اور آئیں دین سیکھیں کی خصوصی کلاسیں بھی موجود ہیں۔ حفظ کے طلبہ کی تعداد 100سے متجاوز ہے۔ سنڈے سکولز میں 100 کے قریب طلبہ On line پڑھتے ہیں۔ اسلامک سینٹرز میں منہاج سیل سینٹر بھی قائم ہیں جہاں منہاج پبلی کیشنز کی تمام کتب کا سٹاک موجود ہوتا ہے۔ اِن تمام اسلامک سینٹرز کی بھی عمومی سرگرمیاں علمی، فکری، روحانی اور اخلاقی امور کی تعلیم و تربیت سے متعلق ہیں۔

5۔ ڈنمارک میں تحریک کا کردار

منہاج القرآن ڈنمارک میں کل 4 اسلامک و کمیونٹی سینٹرز ہیں جن میں کوپن ہیگن میں 3 اور اوڈنسے میں ایک ہے۔ منہاج ایجوکیشن بورڈ ڈنمارک کے تحت حفظ قرآن، ناظرہ، اردو اور اسلامیات کی کلاسز online بھی ہوتی ہیں۔ منہاج ڈائیلاگ فورم بھی بہت متحرک ہے۔ منہاج القرآن کے سکالرز حکومت ڈنمارک کی اتھارٹیز کے ساتھ اور مختلف پینلز میں شرکت کرکے ان کو رہنمائی دیتے ہیں، منہاج یوتھ اور سسٹرز لیگ محافل میلاد اور شب بیداریوں کے ذریعے نوجوان نسل کی روحانی اخلاقی تربیت کے لیے کوشاں رہتی ہے۔ کھیلوں کی سرگرمیوں کے لیے منہاج فٹ بال کلب رجسٹرڈ ہے۔ ویمن لیگ حلقہ درود کی الگ سرگرمیاں بھی جاری رکھتی ہے۔ تمام سرگرمیوں کی رپورٹ ماہانہ بنیادوں پر نیشنل ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس میں پیش کی جاتی ہے۔ دارالافتاء بھی قائم ہے جہاں فقہی مسائل کا حل دیا جاتا ہے۔

ڈنمارک میں لاک ڈائون ہوا تو آغاز سے ہی منہاج القرآن نے Help line کا آغاز کردیا۔ عوام کو گروسری کی خریداری، صفائی اور دیگر کاموں میں مدد کے لیے رضا کار میدان میں آگئے۔ بزرگ افراد کی خصوصی کیئر کے لیے الگ افراد متعین کردیئے گئے۔ تحریک کے جملہ فورمز کمیونٹی کی مدد کے لیے آگئے۔ آگاہی کے لیے webinars کا اہتمام کیا گیا۔ حکومتی عہدیداران سے اچھی کوآرڈینیشن رکھی گئی۔ منہاج القرآن کے مراکز سے On line تراویح دکھائی جاتی رہی۔ افطاری ٹرانسمیشن بھی چلتی رہی۔ کمیونٹی کو جنرل معلومات بھی دی جاتی رہیں۔ ڈنمارک کی تاریخ میں 11 مقامات پر نماز عید اداکی گئی۔ Google class room کے ذریعے آن لائن کلاسز اب بھی چل رہی ہیں۔ بڑی عید کے اجتماعات بھی On line دکھائے گئے۔ WhatsApp گروپس کے ذریعے حکومتی ہدایات کا ترجمہ کرکے لوگوں تک پہنچایا جاتا رہا۔ 8 ملین درود پاک Covid-19 کے دوران گوشہ درود کو بھجوایا گیا۔ عشق مصطفیa کا On line فروغ کیا گیا۔ 150 سے زائد گھروں میں NEC کے فیصلہ کے تحت میلاد کی خوشی میں فروٹ باسکٹ بھجوائی گئیں۔ اس کے علاوہ گھر گھر میلاد ڈنر بھجوایا گیا۔ انفلوئینزا کی ویکسین کا رجحان کم تھا اس حوالے سے آگہی بھی دی گئی اور منہاج میڈیکل کونسل کے تحت ویکسین ٹور کیا گیا۔ کوپن ہیگن کی 10مساجد میں ویکسین لگائی گئی۔ یہ ڈنمارک کی تاریخ کا پہلا منفرد پروگرام تھا جسے منہاج القرآن نے کیا۔ Covid-19 کی آگہی کے لیے Webinars کا بھی اہتمام کیا گیا۔ اس کے لیے Executive ممبر مبارک باد کے مستحق ہیں کیونکہ ان سرگرمیوں کو کوپن ہیگن کے لارڈ میئر نے لائق تحسین قرار دیا۔ منہاج القرآن کی ہمہ جہت کاوشوں جن کے باعث کمیونٹی کو بہت آسانی اور فائدہ ہوا، ڈنمارک میں قومی سطح پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔

6۔ ناروے میں تحریکی سرگرمیاں

ناروے میں منہاج القرآن کے تین مراکز قائم ہیں جہاں دعوت دین اور تعلیم و تربیت کا نظام قائم ہے۔ ہفتہ وار سکول بھی موجود ہیں جہاں مقامی تعلیم دی جاتی ہے۔ عہدیداروں کے علاوہ 100 سے زائد رضا کار کمیونٹی کی خدمت کے لیے دستیاب رہتے ہیں۔ منہاج یوتھ لیگ، منہاج ویمن لیگ، منہاج ویلفیئر فائونڈیشن، حلقہ درود، منہاج ڈائیلاگ فورم اور اوسلو کا منہاج سکول پاکستانیوں اور دیگر اقوام کی خدمت کے لیے موجود ہیں۔ مسلمانوں کی بڑی تعداد فیملیز کے ساتھ ناروے میں قائم اسلامک سینٹرز میں میلاد النبیa ، محرم الحرام، شب معراج، شب برات اور رمضان المبارک کے پروگراموں میں شرکت کرتی ہے۔ رمضان میں روزانہ سحری و افطاری کا بندوبست ہوتا ہے۔ ہر ہفتہ 200 سے زائد بچے مساجد میں پڑھنے کے لیے آتے ہیں۔ ناروے میں 5000 سے زائد مسلمان تعلیمی و تربیتی حوالے سے منہاج القرآن کے مراکز سے مستفید ہوتے ہیں۔

7۔ سویڈن میں تحریکی سرگرمیاں

سویڈن میں منہاج القرآن کے دو مراکز قائم ہیں: ایک دارالخلافہ سٹاک ہالم میں اور دوسرا مالمو میں۔ ان سینٹرز میں بچوں، جوانوں اور خواتین و حضرات کو تعلیم و تربیت مربوط نظام کے تحت دی جاتی ہے۔ منہاج القرآن سویڈن انسانیت کی خدمت اور فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر کردار ادا کررہی ہے اور منہاج القرآن کے جملہ فورمز اور تنظیمات ہمہ وقت مسلم کمیونٹی کی خدمت کے لیے سرگرمِ عمل رہتے ہیں۔ منہاج القرآن سویڈن کے مراکز پر تمام مذہبی اور قومی ایام اور تہوار نہایت تزک و احتشام سے منائے جاتے ہیں۔

8۔ کینیڈا میں منہاج القرآن کی سرگرمیاں

جامع المصطفی کے نام سے مسی ساگا میں منہاج القرآن کا مسلم کمیونٹی سینٹر قائم ہے۔ مسلم یوتھ لیگ اور منہاج ویمن لیگ متحرک ہیں۔ طلبہ و طالبات کے لیے ناظرہ اور حفظ کی کلاسیں ہوتی تھیں جو Covid-19 کے باعث On line ہیں۔ ہر پیر کے روز Food Bank کا نظام قائم کیا گیا ہے۔ ماہانہ گیارھویں شریف میں فیملیز شریک ہوتی ہیں۔ منہاج بک سیل سینٹر بھی قائم ہے۔ عید پر مسلم بچوں کے لیے فن شو بھی کیا جاتا ہے۔

9۔ براعظم افریقہ

براعظم افریقہ کے بڑے اورچھوٹے ممالک میں منہاج القرآن جہاں اسلام کے حقیقی تشخص کو عام کرنے کے لئے کوشاں ہے، وہیں دُکھی انسانیت کی خدمت کے لئے بھی ہمہ وقت موجود ہے۔ براعظم افریقہ میں منہا ج القرآن کے تنظیمی نیٹ ورک اورسرگرمیوں کی رپورٹ درج ذیل ہے:

(1) MQI سائوتھ افریقہ

براعظم افریقہ کے اہم ملک ساؤتھ افریقہ میں منہاج القرآن کا قیام اپریل 1993ء میں ساوتھ افریقہ کے نہایت ہی خوبصورت اور تاریخی شہر ڈربن میں حاجی ابراہیم تار محمد (مرحوم)کی سرپرستی میں عمل میں لایا گیا اور جس کے بعد چٹس ورتھ، جمعہ مسجد فینکس اور اوور پورٹ میں حفظ کلاسز، سیل سنٹر، لائبریری اور ریکارڈنگ سنٹر کا قیام عمل میں لایا گیا اور آج الحمد للہ ساؤتھ افریقہ کے تقریبا تمام صوبوں میں منہاج القرآن کا تنظیمی ودعوتی نیٹ ورک موجود ہے۔

  • اس وقت ساؤتھ افریقہ میں ملکی تنظیم کے ماتحت درج ذیل زونل و صوبائی تنظیمات مشن کی ترویج واشاعت کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہیں:
  1. نٹال
  2. ایسٹرن کیپ
  3. ویسٹرن کیپ فری اسٹیٹ
  4. کھاوٹنگ اینڈپوما لانگا
  • اس وقت ساؤتھ افریقہ میں منہاج القرآن کے درج ذیل 6 اسلامک وکمیونٹی سنٹرز اور دفاترکا قیام عمل میں لایاجاچکا ہے، جہاں اسلامی تعلیمات سمیت، حلقا ت درود، نماز پنجگانہ اور دیگر تقریبات کا خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے:
  1. منہاج القرآن اسلامک وکمیونٹی سنٹر ڈربن
  2. منہاج القرآن آفس ولائبریری سنٹرل ڈربن
  3. منہاج القرآن اسلامک سنٹرپائن ٹاؤن(ڈربن)
  4. منہاج القرآن اسلامک وکمیونٹی سنٹر جوہانسبرگ
  5. آفس و لائبریری پریٹوریا
  6. آفس و لائبریری ویلکم سٹی
  • بانی وسرپرست اعلیٰ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری 1993ء اور 1994ء میں دومرتبہ ساؤتھ افریقہ کا وزٹ کرچکے ہیں۔
  • اپریل2017ء میں چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹرحسن محی الدین قادری نے ساؤتھ افریقہ کا تنظیمی ودعوتی وزٹ کیا۔ آپ کے وزٹ کے دوران مختلف پروگرامز، سیمینارز، تقریبات کا انعقاد اور مرکزی و زونل تنظیمات کی تنظیم نو بھی کی گئی اور پورے ساؤتھ افریقہ میں منہاج القرآن کا نیٹ ورک قائم ہوا۔
  • ستمبر2019ء میں صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹرحسین محی الدین قادری نے ساؤتھ افریقہ کا وزٹ کیا اور اس وزٹ کے دوران مختلف پروگرامز میں خصوصی شرکت کی۔
  • علاوہ ازیں منہاج القرآن کے سینیئر سکالرز بھی ساؤتھ افریقہ کے تنظیمی و دعوتی وزٹس کرچکے ہیں۔
  • منہاج القرآن انٹرنیشنل کے پلیٹ فارم سے ساؤتھ افریقہ میں جشن عید میلادالنبیa، ماہانہ حلقہ درود ونعت پروگرام، محافل سماع، بین المذاہب پیس کانفرنسز کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ جن میں سیاسی سماجی اور مذہبی رہنماؤں سمیت لوکل کمیونٹی کی کثیرتعد اد شرکت کرتی ہے۔
  • عالم اسلام کی معروف شخصیت اور بین الاقوامی شہرت یافتہ سکالر الشیخ احمد دیدات ( مرحوم)، ممبرپارلیمنٹ علامہ رفیق علی شاہ، تار فیملی، خطیب فیملی، ڈاکٹر اے وی محمد اور کچھ عرصہ قبل اسلام قبول کرنے والے نیلسن منڈیلا کے پوتے چیف مانڈلا منڈیلا کی منہاج القرآن کا ساتھ ایک درینہ وابستگی ہے اور چیف مانڈلا منڈیلا گذشتہ سالوں میں منہاج القرآن کی عالمی میلاد کانفرنس میں بھی خصوصی شرکت بھی کرچکے ہیں۔
  • اس وقت ملکی اورصوبائی سطح پر14 لائبریریز قائم ہوچکی ہیں، یہاں شیخ الاسلام ڈاکٹرمحمد طاہرالقادری کی معرکہ آراء تصانیف موجود ہیں۔ جن سے علمی او روحانی استفادہ کرکے سینکڑوں غیر مسلم اسلام قبول کرچکے ہیں۔
  • منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت ملکی سطح پر مقامی ضرورت مند احباب کے لئے ضروریات زندگی کا سامان مہیا کیاجاچکا ہے اور سالانہ 25 دسمبر کے موقع پر رائل فیملی آف ڈاکٹر نیلسن مینڈیلا سنٹر ایسٹرن کیپ میں سیکڑوں ضرورت مند بچوں اور خواتین و حضرات کو تحائف اور کھانا پیش کیا جاتا ہے۔ اسی طرح جہانسبرگ ڈربن اور فری اسٹیٹ سنٹر کے تحت بھی ضرورت مند افراد کو کھانا تقسیم کیا جاتا ہے۔

(2) MQI سوازی لینڈ

براعظم افریقہ کے ملک سوازی لینڈ میں بھی 2018ء میں باقاعدہ منہاج القرآن انٹرنیشنل کی تنظیم نو کی گئی ہے اور ممبرشپ کا بھی باقاعدہ اجراء ہوچکا ہے۔

(3) MQI موریشس

موریشس میں منہاج القرآن کا قیام 2004ء میں عمل میں آیا تھا اور موریشس میں منہاج القرآن حقیقی اسلامی تعلیمات کے فروغ کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہے اور ممبرشپ بھی فروغ پارہی ہے اور باقاعدہ تنظیمی سیٹ اپ موجود ہے۔

(4) MQI مالاوی

افریقی ملک مالاوی میں بھی منہاج القرآن کی ممبرشپ کا اجراء 2016میں ہوا اور منہاج القرآن علم ومحبت کے پیام کوعام کرنے لئے کوشاں ہے۔

(5) دیگر افریقی ممالک میں نیٹ ورک

درج ذیل افریقی ممالک میں بھی منہاج القرآن کی باقاعدہ جسٹرڈ ممبرشپ کا اجراء ہوچکاہے:

  1. گیمبیا
  2. گھانا
  3. کینیا
  4. لیبیا
  5. منگولیا
  6. مراکش
  7. نائیجیریا
  8. یوگنڈا
  9. زمبابوے
  10. صومالیہ

ان افریقی ممالک میں منہاج القرآن اپنی خدمات سرانجام دے رہی ہے اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ان ممالک میں دکھی انسانیت کی خدمت اور فلاح وبہبود کے لیے خصوصی طور پر ہمہ وقت کوشاں ہے۔

10۔ براعظم آسٹریلیا

براعظم آسٹریلیا میں بھی منہاج القرآن انٹرنیشنل اپنا منفرد مقام رکھتی ہے۔ حال ہی میں براعظم آسٹریلیا کے ممالک میں منہاج القرآن کے تنظیمی اُمور کی انجام دہی اور نگرانی کے لیے منہاج ایشیاء پیسفک کونسل کے نام سے براعظمی کونسل قائم کی گئی ہے۔ جس میں براعظم آسٹریلیا میں واقع ممالک کے نمائندے شامل ہیں۔ براعظم آسٹریلیا میں منہاج القرآن کی عظیم اورگرانقدر خدمات کا اجمالی جائزہ نذرِ قارئین ہے:

(1) MQI آسٹریلیا

منہاج القرآن انٹرنیشنل آسٹریلیا میں اسلام کے حقیقی تشخص کو اُجاگرکرنے کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہے۔ آسٹریلیا میں منہاج القرآن کے تنظیمی سیٹ اپ اور ممبرشپ کا اجراء 1990ء میں ہی ہوگیا تھا اور آج الحمد للہ منہاج القرآن آسٹریلیا کی دیگر STATES بھی مشن کے پیغام کی ترویج واشاعت کے لئے مصروفِ عمل ہے۔

  • اس وقت آسٹریلیا میں منہاج القرآن کی درج ذیل ریجنل تنظیمات کاقیام عمل میں لایا جا چکا ہے:
  1. کینبرا
  2. نیو ساؤتھ ویلز
  3. وکٹوریہ ایسٹ
  4. وکٹوریہ ویسٹ
  5. کویئنز لینڈ
  6. تسمانیہ
  • آسٹریلیا میں منہاج القرآن کا سب سے بڑا مرکز میلبورن (وکٹوریہ )میں ہے جس کا ٹوٹل رقبہ 35ایکڑز ہے۔ اس منفرد اسلامک سنٹرمیں عظیم الشان مسجد اور لائبریری موجود ہے۔ یہاں جمعہ اور عیدین کے علاوہ بھی تمام مذہبی ایام کا نہایت تزک و احتشام سے اہتمام کیا جاتا ہے۔
  • شیخ الاسلام نے 1993ء،2000ء اور 2011ء میں Australiaکا تنظیمی و دعوتی وزٹ کرچکے ہیں اور آپ نے اپنے دورہ جات میں بڑے اجتماعات میں خصوصی لیکچرز دیئے۔
  • صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کئی مرتبہ آسٹریلیا کا تنظیمی وزٹ کرچکے ہیں اور آسٹریلیا میں تنظیمی ودعوتی اُمور کی خود نگرانی کرتے ہیں۔
  • علاوہ ازیں منہاج القرآن کے مرکزی نائب امیر اور سفیریورپ علامہ نذیر احمد قادری بھی آسٹریلیا میں مشن کی ترویج واشاعت کے لئے اپنی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔

(2) MQI نیوزی لینڈ

کیویز کے نام سے مشہور براعظم آسٹریلیا کے خوبصورت ترین ملک نیوزی لینڈ میں منہاج القرآن کا تنظیمی سیٹ اپ 1989ء میں قائم ہوگیا تھا اور باقاعدہ ممبرشپ کا اجراء ہوگیا تھا۔ منہاج القرآن نیوزی لینڈ دینِ مبین کی خدمت اور مصطفوی مشن کی ترویج واشاعت کے لئے اپنی گرانقدر خدمات سرانجام دے رہی ہے۔ شیخ الاسلام 2011ء میں نیوزی لینڈ کا تنظیمی ودعوتی وزٹ بھی کرچکے ہیں۔

(3) MQI فجی

براعظم آسڑیلیا کے جزیرہ فجی میں منہاج القرآن کا پیغام 1990ء کے آغاز میں ہی پہنچ گیا تھا اور منہاج القرآن کی باقاعدہ ممبرشپ کا اجرا بھی 1991 میں ہوگیا تھا۔ فجی میں منہاج القرآن اور شیخ الاسلام سے محبت کرنے والوں کی ایک کثیر تعداد موجود ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری فجی کے دعوتی و تنظیمی دورہ جات بھی کرچکے ہیں۔

نظامت امور خارجہ کے تحت جاری اور پھلنے پھولنے والی ہمہ جہت سرگرمیاں بیرونی دنیا میں تحریک منہاج القرآن کا فخر ہیں۔ تحریک کے لاکھوں وابستگان شیخ الاسلام کے ویژن کو ہر لمحہ سلام پیش کرتے ہیں۔