رپورٹ

منہاج یونیورسٹی لاہور میں حسان بن ثابتؓ نعت ریسرچ سنٹر کا افتتاح

گزشتہ ماہ فیکلٹی آف لینگوئجز منہاج یونیورسٹی لاہور کے زیراہتمام حسان بن ثابتؓ نعت ریسرچ سنٹر کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں ڈین لینگوئجز منہاج یونیورسٹی ڈاکٹر فخرالحق نوری نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا جبکہ معروف نعت خواں شہزاد حنیف مدنی اور سرور حسین نقشبندی نے حضور پاک ﷺ کی شان میں گلہائے عقیدت پیش کیے۔ تقریب میں محترم صاحبزادہ تسلیم احمد صابری اور محترم صفدر علی محسن نے نقابت کے فرائض انجام دیئے۔تقریب کی صدارت صوبائی وزیر مذہبی امور و اوقاف محترم پیر سید سعید الحسن شاہ نے کی جبکہ سابق وزیراعظم پاکستان و رہنما پاکستان پیپلز پارٹی محترم راجہ پرویز اشرف نے خصوصی شرکت کی۔

  • چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ رب العزت نے ابتدائے آفرینش سے اپنے محبوب نبی مکرم محمد مصطفی ﷺ کا ذکر بلند رکھا اور ہر زمانے میں مختلف مذاہب پر اتارے جانے والے صحیفوں میں نبی آخر الزمان ﷺ کا تعارف کروایا۔ ہر زمانے میں نہ صرف مسلمان بلکہ دوسرے مذاہب کے ماننے والوں نے بھی مدحت رسول ﷺ بیان کی۔ منہاج یونیورسٹی میں حسان بن ثابت نعت ریسرچ سنٹر کا قیام نوجوان نسل میں عشق مصطفی ﷺ کو جاں گزیں کرنے اور نعت رسول ﷺ پر تحقیق کرنے کے لیے ایک رول ماڈل ثابت ہوگا۔
  • صوبائی وزیر مذہبی امور پنجاب محترم پیر سید سعید الحسن شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی زیر سرپرستی حسان بن ثابت نعت ریسرچ سنٹر کا قیام اس پُر آشوب دور میں ناموس رسالت اور محبت رسول ﷺ کے فروغ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔
  • پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما و سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ دنیا کے کسی کونے سے جب بھی حضور پُرنور ﷺ کی شان میں گستاخی ہوئی تو شیخ الاسلام نے ہمیشہ اپنی ملفوظات اور خطبات کے ذریعے ان کی سرکوبی کی اور گستاخان رسول کو منہ توڑ جواب دیا۔ اس ضمن میں ان کے زیرسایہ منہاج یونیورسٹی لاہور میں نعت ریسرچ سنٹر کا قیام بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ شیخ الاسلام کی بین المذاہب ہم آہنگی اور امن کے حوالے سے عالمی خدمات کے پیش نظر 2012ء میں انہیں نوبل امن ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا تھا مگر ایوارڈ لسٹ میں ٹاپ پر ہونے کے باوجود اسلام مخالف قوتوں کے ایماء پر انہیں نوبیل امن ایوارڈ سے محروم کردیا گیا اور یہ ایوارڈ اس وقت یورپی یونین کو دے دیا گیا۔
  • معروف مذہبی اسکالر اور اینکر پرسن محترم انیق احمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جس کا ذکر اللہ پاک بلند کر دے اسے کوئی ختم نہیں کرسکتا اور اللہ عزوجل نے اپنے محبوب ﷺ کا ذکر ازل سے ابد تک بلند کر دیا ہے جسے دشمن اسلام ختم نہیں کرسکتے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اپنی تمام عمر عشق مصطفی ﷺ اور حرمتِ مصطفی ﷺ کے تحفظ میں گزار دی اور اپنی تصانیف میں امہ کو عشق رسالت ﷺ کا درس دیا۔
  • ڈپٹی چیئرمین بورڈ آف گورنرز منہاج یونیورسٹی لاہور ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے اپنے خطاب میں تقریب میں آنے والے معزز مہمانان گرامی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں نعت ریسرچ سنٹر کے قیام میں عملی کاوششیں کرنے والے تمام احباب مبارکباد کے مستحق ہیں۔ دنیا بھر کے تعلیمی اداروں میں منہاج یونیورسٹی وہ پہلا تعلیمی ادارہ ہے جہاں نعت ریسرچ سنٹر کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ شیخ الاسلام کے زیرسایہ منہاج یونیورسٹی جدید عصری علوم و فنون سے مزین ایک بہترین تعلیمی ادارہ ہے جہاں نوجوان نسل کو اسلام اور عشق مصطفی ﷺ سے روشناس کروانے کا اہتمام کیا جاتا ہے۔
  • وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اللہ پاک عز وجل کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اس نے ہمیں حسان بن ثابت نعت ریسرچ سنٹر کے قیام میں کامیابی عطا کی۔ پروگرام کے اختتام پر حسان بن ثابت نعت ریسرچ سنٹر کے پلیٹ فارم سے دو تحقیقی کتب ’’فروغ عشق رسول ﷺ میں نعت کا کردار‘‘ اور ’’منہاج عشق‘‘ کی تقریب رونمائی بھی کی گئی۔ اول الذکر کتاب شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ہے جبکہ مؤخرالذکر کتاب تحریک منہاج القرآن سے تعلق رکھنے والے نعت گو شعراء کا کلام ہے، جسے مرتب و مدون کرنے کی سعادت محترم محمد فاروق رانا (ڈائریکٹر ریسرچ انسٹی ٹیوٹ) کو حاصل ہوئی۔

گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں تاریخ کی پہلی محسن انسانیت کانفرنس کا انعقاد

گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں پنجابی سکھ سنگت کے زیراہتمام تاریخ میں پہلی مرتبہ حضور نبی اکرم ﷺ کے یوم ولادت کو منایا گیا، اس سلسلہ میں گوردوارہ ننکانہ صاحب میں محسنِ انسانیت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں صدر منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خصوصی شرکت کی۔ ننکانہ صاحب پہنچنے پر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے جنم استھان ننکانہ صاحب میں ولادت مصطفی ﷺ کی خوشی میں کیک کاٹا اور محسن انسانیت کانفرنس کو بین المذاہب ہم آہنگی کا عظیم مظاہرہ قرار دیا۔

تقریب کے میزبان سردار گوپال سنگھ نے استقبالیہ کلمات میں تمام مسلمانوں کو پیغمبر اسلام حضورنبی اکرم ﷺ کے یوم ولادت کی مبارکباد دیتے ہوئے تقریب میں آنیوالے مہمانوں و شرکاء کو خوش آمدید کہا۔ منہاج القرآن انٹرفیتھ ریلیشنز کے ڈائریکٹر سہیل احمد رضا اور سردار گوپال سنگھ چاولہ چیئرمین پنجابی سکھ سنگت نے نقابت کے فرائض انجام دیئے۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ تمام جہانوں کیلئے رحمۃ للعالمین بنا کر بھیجے گئے۔ آج ننکانہ صاحب کی سرزمین پر تاریخ رقم ہو گئی ہے جسے زمانہ یاد رکھے گا۔ آج جنم استھان ننکانہ صاحب میں سرور کائنات ﷺ کی ولادت کا جشن منایا جا رہا ہے۔ بین المذاہب ہم آہنگی کے حوالے سے یہی پاکستان کا اصل پرامن چہرہ ہے۔ پاکستان میں مسلمان اور دیگر تمام مذاہب کے لوگ امن و محبت کے ساتھ رہتے ہیں۔ آج جس جگہ تاجدارِ کائنات ﷺ کے میلاد کا اہتمام کیا گیا ہے یہ جگہ بابا گرونانک کی جائے پیدائش (جنم استھان) ہے، اس تقریب کے انعقاد پر سکھ برادری کو مبارکباد دپیش کرتے ہیں۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس کارِ خیر کو نظرِ بد سے بچائے۔

اس کانفرنس میں سردار امیر سنگھ (صدر پاکستان پربندھک کمیٹی)، سردا رمیش سنگھ اروڑا (ایم پی اے پنجاب)، سردار پرتاب سنگھ، سردار جنم سنگھ (ہیڈ گرنتھی)، سردار درشن سنگھ، ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل سہیل احمد رضا، علامہ ڈاکٹر محبّ النبی طاہر، علامہ پیر سید عاطف گیلانی، علامہ صاحبزادہ احمد عاصم سلیم، علامہ سید سلیمان مصطفیٰ گیلانی، علامہ پیر علی رضا، ڈاکٹر محمد زبیر اختر معصومی، قاری محمد عباس قادری، محمد ناصر ایڈووکیٹ، شیخ محمد اویس، احسن ارشاد، قاری ریاست علی، نعیم چوہدری، سید مظہر اللہ گیلانی، سید عتیق گیلانی، شہزاد خان و دیگر سیاسی، مذہبی و سماجی شخصیات اور تحریک منہاج القرآن کے قائدین و کارکنان اور عوام الناس کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ تقریب کے اختتام پر وطن عزیز کی سلامتی، امن وترقی، خوشحالی، مذاہب عالم کے مابین برداشت، محبت، اخوت اور انسانی عظمت کے فروغ کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔

سیکرڈ ہارٹ کتھیڈرل کیتھولک چرچ میں سیمینار بعنوان ’’مسلم مسیحی تعلقات کا فروغ‘‘ کا انعقاد

کمیشن برائے بین المذاہب مکالمہ کیتھولک چرچ آف پاکستان، انٹر فیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل اور کل مسالک علماء بورڈ کے تعاون سے مسلم مسیحی تعلقات کا فروغ سیمینار سینٹ انتھنی ہال، سیکرڈ ہارٹ کتھیڈرل کیتھولک چرچ ریگل چوک لاہور میں منعقد ہوا، جس میں صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل اور ڈپٹی چیئرمین بورڈ آف گورنرز منہاج یونیورسٹی لاہور ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خصوصی شرکت کی۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے محترم ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ اسلام ادیان عالم کا محافظ ہے اور تمام مذاہب کے پیروکاروں کے لیے امن کا پیامبر ہے۔ پیغمبر رحمت حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات امن و رحمت ہیں، جو تمام مذاہب عالم کے لیے یکساں ہیں۔ آپ ﷺ کی تعلیمات امن پر عمل پیرا ہونا ہی امن عالم کی ضمانت ہے۔ تحریک منہاج القرآن نے ہمیشہ بین المذاہب، بین المسالک رواداری، اتحاد اور امن کی بات کی ہے۔ منہاج القرآن اسلام کی تعلیمات امن کی روشنی میں تمام مذاہب و مسالک کو یکجا دیکھنا چاہتا ہے۔ پاکستان سمیت دنیا بھر میں بین المذاہب اور مسلکی شدت پسندی اور انتہاء پسندی کو رواداری، اتحاد اور یکجہتی سے ختم کیا جا سکتا ہے۔

سیمینار کی صدارت چیئرمین کمیشن برائے بین المذاہب مکالمہ، بشپ آف آرچ ڈائسز آف لاہور کیتھولک چرچ آف پاکستان آرچ بشپ سبیسٹین فرانسس شاء نے کی۔ انہوں نے بین المذاہب کاوش پر منہاج القرآن انٹرنیشنل کی خدمات کو سراہا۔

سیمینار میں مسلم و مسیحی اسکالرز، سکھ، ہندو اور مختلف مذاہب و مسالک کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اس موقع پر غلام محی الدین دیوان، رانا محمد ادریس، صاحبزادہ انوار الحق ایڈووکیٹ، نوراللہ صدیقی، سہیل احمد رضا، راجہ زاہد محمود، شہزاد خان، شہزاد رسول، حاجی اسحاق، اشتیاق حنیف مغل اور الطاف رندھاوا بھی موجود تھے۔

اس سے پہلے صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل اور ڈپٹی چیئرمین بورڈ آف گورنرز منہاج یونیورسٹی لاہور ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کا سینٹ انتھنی ہال، سیکرڈ ہارٹ کتھیڈرل کیتھولک چرچ (ریگل چوک لاہور) پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔ یہاں چرچ کے آرچ بشپ سبیسٹین فرانسس شاء نے ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کا پرتپاک استقبال کیا۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل کینیڈا کے زیراہتمام میلاد النبی ﷺ کانفرنس

منہاج القرآن انٹرنیشنل کینیڈا کے زیراہتمام جشن عید میلاد النبی ﷺ کی مناسبت سے سالانہ میلاد النبی ﷺ کانفرنس منعقد ہوئی جس میں خصوصی شرکت جگر گوشہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری شیخ حماد مصطفی المدنی القادری نے کی۔ میلاد کانفرنس کی صدارت جگر گوشہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری صاحبزادہ سلطان شمس تبریز احمد مصطفی العربی القادری نے کی۔ پروگرام میں نقابت کے فرائض حافظ عمیر وقاص منہاجین نے ادا کیے۔ تلاوت کلام مجید ابراہیم شیخ اور شیخ مصطفیٰ الزاوی جبکہ محمد جاوید چودھری اور عبداللہ شیخ نے نعت رسول مقبول ﷺ کے نذرانے پیش کیے۔

اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ حماد مصطفی المدنی القادری نے کہا کہ اللہ تعالیٰ انبیاء علیہم السلام کو عظمتیں اور رفعتیں عطا فرماتا ہے۔ لفظ نبی اور نبوت کے چار معنی ہیں، یہ چاروں معنیٰ و مفہوم دراصل انبیاء علیہم السلام کی شانیں ہیں۔ اللہ رب العزت نے یوں تو ہر نبی کو ان چار شانوں سے نوازا لیکن اللہ تعالیٰ نے شان مصطفی ﷺ میں سب شانیں جمع کر دی ہیں۔ نبی وہ ذات ہے، جس کو اللہ رب العزت اپنے غیب سے خبر عطا کرتا ہے۔ یہ وہ علم ہے جو انسان اپنے حواسِ خمسہ سے حاصل نہیں کر سکتا بلکہ صرف اللہ رب العزت ہی انبیاء علیہم السلام کو عطا کرتا ہے۔ اللہ رب العزت نے حضرت آدم، حضرت نوح اور حضرت موسیٰ علیہم السلام کو شانِ نبوت عطا کی لیکن اللہ تعالیٰ نے جو شان و شوکت مصطفی کریم ﷺ کو عطا فرمائی، وہ کسی اور نبی کے حصہ میں نہیں آئی۔ نبی ہی وہ واسطہ ہے جو انسان کو حق تک پہنچا سکتا ہے، جس نے اللہ رب العزت کو پانا ہو تو وہ مصطفی ﷺ کے راستہ سے معرفتِ الٰہی حاصل کر سکتا ہے، کیونکہ عطا خدا کی ہے لیکن تقسیم صرف مصطفی ﷺ کی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے تمام انبیاء کرام علیہم السلام کے جملہ کمالات، معجزات، فضائل اور خواص کو اپنے حبیب محمدِ مصطفی ﷺ کی ذات میں کاملیت کے ساتھ جمع کرکے آپ ﷺ کو انسانِ کامل اور خاتم النبیین کے درجے پر فائز فرمایا ہے۔

میلاد النبی ﷺ کانفرنس میں صدر منہاج القرآن کینیڈا خواجہ کامران رشید اور علامہ ضیاء الحق رازی نے بھی اظہار خیال کیا۔ اختتام پر علامہ شیخ احمد اعوان نے دعا کروائی۔