نظامتِ تربیت کے زیرِ اہتمام دو روزہ ٹریننگ ورکشاپ

رپورٹ

منہاج القرآن کے ڈائریکٹوریٹ آف ٹریننگ کے زیرِ اہتمام مرکزی سیکرٹریٹ پر دو روزہ ٹریننگ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں شمالی پنجاب، سنٹرل پنجاب، لاہور زون، اسلام آباد اور کشمیر زون سے ذمہ داران نے شرکت کی۔ ورکشاپ کے افتتاحی روز ناظمِ اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس ٹریننگ سیشن کا بنیادی مقصد جدید دور کے تقاضوں کے مطابق کارکنان کی ایسی تربیت کرنا ہے تاکہ مرکز سے لے کر یونین کونسل تک جب تنظیمات تحریک کا پیغام لے کر عامۃ الناس تک جائیں تو اس میں یکسوئی بھی ہو اور یکسانیت بھی ہو۔ مشن کا عِلم، امن اور محبت والا پیغام مؤثر اور دل پذیر انداز میں گراس روٹ لیول تک پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے، جس پر عمل در آمد کے لیے ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔

نائب ناظمِ اعلیٰ کوآرڈینیشن انجینئر ڈاکٹر محمد رفیق نجم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دور سوشل میڈیا کا دور ہے۔ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق سوشل میڈیا کے ذریعے دعوت کا فروغ انتہائی ضروری ہے۔ دورِ حاضر میں سوشل میڈیا، روایتی میڈیا کی نسبت خاصی مقبولیت پا چکا ہے اور عوام الناس کی گہری دلچسپی کا باعث بھی ہے۔ سوشل میڈیا جہاں نوجوان نسل کی دلچسپی، معلوماتِ عامہ اور دیگر اہم ملکی و غیر ملکی خبروں کا ذریعہ ہے، وہیں نوجوان نسل کے لیے منفی اثرات اور اخلاقی بگاڑ کا باعث بھی بن رہا ہے، جسے محض وعظ و نصیحت کے ذریعے روکا نہیں جا سکتا۔ لہٰذا نہایت ضروری ہے کہ عوام الناس اور بالخصوص نوجوان نسل کو سوشل میڈیا کے مثبت استعمال کے بارے میں رہنمائی اور ہدایات دی جائیں تاکہ نوجوان نسل اس جدید ترین میڈیا ٹول سے استفادہ کرتے ہوئے مشن کے پیغام کی ترویج و اشاعت اور ملک و قوم کی تعمیر و ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔ نائب ناظمِ اعلیٰ کوآرڈینیشن انجینئر ڈاکٹر محمد رفیق نجم نے شرکاء کو فیلڈ ورک کے حوالے سے گائیڈ لائن دی اور ہر ضلع کے کام کو مثبت اور پروفیشنل انداز میں آگے بڑھانے کے لیے نظامتِ دعوت کی طرف سے تیار کردہ فائل دی گئی۔

تربیتی ورکشاپ سے نائب ناظمِ اعلیٰ دعوت پروفیسر محمد سلیم چوہدری نے ٹرینرز کی بنیادی خصوصیات بیان کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ جب آپ کسی شخصیت یا ادارہ سے جڑ جاتے ہیں تو پھر آپ اس ادارہ کی فکر کے ترجمان اور آئینہ دار ہوتے ہیں اور لوگ آپ کے کردار میں اس ادارہ کو دیکھتے اور آپکی وجہ سے اس سے جڑتے یا کٹتے ہیں۔ لہذا ہمیں اپنے کردار کو انتہائی پختہ کرنا ہوگا تاکہ لوگ ہمارے کردار سے متاثر ہوکر تحریک کے قریب ہوتے چلے جائیں۔

ڈائریکٹر ٹریننگ ڈیپارٹمنٹ غلام مرتضیٰ علوی نے منہاج القرآن کے نئے دعوتی پراجیکٹ ’’فہمِ دین‘‘ کا تعارف کرواتے ہوئے کہا کہ دینِ اسلام کے فہم کو شیخ الاسلام کے خطابات کے ذریعے رفقاء اور عامۃ الناس تک پہنچانے کے اس پراجیکٹ کا نام فہمِ دین رکھا گیا ہے جس میں ہم سوشل میڈیا کے تمام ٹولز کا مؤثر استعمال کرتے ہوئے اسلام اور تحریک کا پیغام لاکھوں لوگوں تک پہنچا سکیں گے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر منہاج انٹرنیٹ بیورو عبدالستار منہاجین نے شیخ الاسلام کی E-Book اور گوشہ درود ایپ کا تعارف کروایا۔

علامہ منہاج الدین قادری نے اوصافِ قیادت کے موضوع پہ خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قیادت کا بنیادی مقصد انسانوں کی درست رہنمائی اور ان کے مسائل کا آسان حل فراہم کرنا ہوتا ہے۔ باشعور، باصلاحیت اور دیانت دار قیادت نہ صرف انسانی مسائل کے حل میں ہمیشہ مستعدد و سرگرم رہتی ہے بلکہ معاشرے کی خوشحالی، امن اور ترقی میں بھی کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔

اس تربیتی ورکشاپ میں چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹرحسن محی الدین قادری نے خصوصی شرکت کی۔ انھوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جدید ذرائع ابلاغ اسلام اور تحریک کی فکر کو عام کرنے اور عامۃ الناس تک پہنچانے کے لیے کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں، لہذا ہمیں دورِ جدید کے تمام تر ذرائع ابلاغ کو بروئے کار لاتے ہوئے اسلام کا پیغام امن و رحمت اور پیغام محبت لوگوں تک پہنچانا چاہیے۔

منہاج القرآن اس دور کی تجدیدِ دین اور احیائے اسلام کی واحد تحریک ہے جس نے ہر دور میں اور ہرسطح پہ اسلام کا دفاع کیا ہے۔ منہاج القرآن نے اپنے رفقاء و اراکین کو ہمیشہ انسانیت سے پیار، محبت، بھلائی اور امن کا درس دیا ہے اور معاشرے میں بھی امن و محبت کا پرچار کیا ہے۔ تحریک منہاج القرآن اول روز سے امت کو فرقہ واریت سے نکالنے اور ایک وحدت میں پرونے کا بیڑا اٹھایا ہوا ہے۔ قائدِ تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام نے قوم کو قرآنک انسائیکلو پیڈیا، تفسیر القران، انسائیکلوپیڈیا آف سنہ کے تحفے دیے ہیں۔ آج اگر اسلام کی اقدار پر حملے ہوں، تاجدارِ ختم نبوت ﷺ کی شان کا دفاع کرنا ہو، صحابہ کرامl کی شان کا دفاع کرنا ہو یا اہلِ بیت اطہارf کی شان بلند کرنی ہو تو آپ کو ہر جگہ تحریک منہاج القرآن ہر قسم کی فرقہ واریت سے بالاتر نظر آتی ہے۔

تحریک منہاج القرآن کے رفقاء کے لیے ضروری ہے کہ وہ انتھک ہوں، ان میں جہدِ مسلسل کا ملکہ ہو، ان میں دین کی خدمت گزاری کا جذبہ ہو اور وفاشعاری ہو۔ رفیق کے لیے ضروری ہے کہ وہ علمی،عملی، اخلاقی پختگی کا حامل ہو اور ثابت قدم ہو، تاکہ جب وہ مشن کا، دین کا، اسلام کاپیغام لیکر لوگوں تک جائے تو لوگ اس کی دعوت کو قبول کرتے ہوئے اسلام کا امن ورحمت پیار ومحبت پھیلانے میں آپ کے ساتھ شامل ہوجائیں۔

پروگرام کے آخر میں انجینئر محمد رفیق نجم نے تربیتی ورکشاپ کی رپورٹ اور ڈائریکٹر ٹریننگ علامہ غلام مرتضیٰ علوی نے سابقہ ٹریننگ سیشنز کی رپورٹ چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹرحسن محی الدین قادری کو پیش کی۔ چیئرمین سپریم کونسل نے تربیتی ورکشاپ کے انعقاد پر نظامتِ تربیت، نائب ناظمِ اعلیٰ کوآرڈینیشن و جملہ منتظمین کو خصوصی مبارکباد دی۔

اس تربیتی ورکشاپ کے اختتامی سیشن میں صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خصوصی شرکت کی اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کامیاب داعی کے لیے ضروری ہے کہ وہ صبر و تحمل، بردباری اور قوتِ برداشت کا پیکر ہو، اپنے قائد اور مشن کا سچا فرزند اور پیروکار وہ ہے جو قائد کے نقش قدم پر ہے اور اس کا حقیقی نمائندہ ہے۔ بطور ذمہ دار اور کارکن دعوتی مساعی میں ہمارے شخصی رویوں، کردار اور اخلاق کا گہرا اثر ہوتا ہے، اور ایسے تربیت یافتہ کارکنان ہی تحریکوں کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ایک ہی وقت میں تحریک منہاج القرآن کے قائد، استاد، رول ماڈل اور روحانی شیخ ہیں۔ شیخ الاسلام کی تعلیمات ہمیں پیار، محبت، رواداری اور امن کا درس دیتی ہیں۔ تحریک منہاج القرآن اصلاحِ احوالِ امت اور اقامتِ دین کی عالمگیر تحریک ہے۔

ورکشاپ سے ناظمِ اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی تحریک یا تنظیم اس وقت تک ترقی نہیں کرسکتی جب تک اس کے کارکنان منظم انداز میں تربیت یافتہ نہ ہوں۔ تحریک منہاج القرآن کا یہ امتیاز ہے کہ دنیا بھر میں لوگ اس کے کارکنان کو ان کی بہترین تربیت کی وجہ سے جانتے ہیں۔ منہاج القرآن کے کام کو مزید منظم انداز میں کرنے کے لیے نظامتِ دعوت و تربیت نے ٹریننگ سیشنز کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے اس پر پورا شعبہ مبارکباد کا مستحق ہے۔

مرکزی نائب ناظمِ اعلیٰ رانا محمد ادریس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام کی تعلیمات اور قرآن کریم کی پہلی وحی بھی تعلیم و تربیت کی تعلیم دیتی ہے۔ دنیا میں کوئی بھی ایسا شعبہ موجود نہیں ہے جس میں آئے دن نئے تجربات اور نئے طریقے نہیں اپنائے جاتے، اسی لیے منہاج القرآن اول روز سے اپنے کارکنان کی تربیت کا مناسب بندوبست کرتا ہے۔

اس موقع پر نائب ناظمِ اعلیٰ علامہ رانا محمد ادریس نے 2 روزہ ورکشاپ کی رپورٹ صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل کو پیش کی اور شرکاء کو فیلڈ ورک کے حوالہ سے گائیڈ لائن دی۔ اس موقع پر ضلع کے کام کو مثبت اور پروفیشنل انداز میں آگے بڑھانے کے لیے نظامت دعوت کی طرف سے تیار کردہ فائل بھی شرکاء کو دی گئی۔

مرکزی نائب ناظمِ اعلیٰ میڈیا افیئرز نوراللہ صدیقی نے سوشل میڈیا کی اہمیت پہ زور دیتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا شعورِ علم اور دعوت کی نئی راہیں بھی کھولتا ہے اور حالاتِ حاضرہ سے باخبر بھی رکھتا ہے۔ لہذا تحریک منہاج القرآن کے ذمہ دار ہونے کے ناطے ہم سب کا فرض بنتا ہے کہ دعوتِ دین اور انسانیت کی خدمت کے لیے سوشل میڈیا کا مثبت استعمال کریں تاکہ تحریک منہاج القرآن کا پیغام علم وامن صحیح معنوں میں لوگوں تک پہنچایا جاسکے۔