ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا لاہور بار ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام فکری نشست سے خطاب

رپورٹ

گزشتہ ماہ منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے لاہور بار ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام ’’ریاستِ مدینہ کا دستور اور اس کا عملی نفاذ‘‘ کے موضوع پر ایوانِ عدل میں منعقدہ علمی و فکری نشست میں خصوصی شرکت کی اور اظہارِ خیال فرمایا۔ ڈاکٹر حسن محی الدین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاستِ مدینہ کی انتظامی بنیاد امن و انصاف اور رول آف لاء پر قائم ہوئی۔ حضور نبی اکرم ﷺ  نے اُمت کو بلدیاتی نظام، صوبائی خودمختاری، فنانشل مینجمنٹ اور جسٹس سسٹم دیا۔ ریاستِ مدینہ کا دستور ذات پات اور رنگ و نسل سے بالا تر خالصتاً قانون و انصاف کی بالا دستی کے تصورات پر مشتمل تھا۔ میثاقِ مدینہ کے ذریعے تاریخِ عالم کا پہلا ملٹی نیشنز دستوری معاشرہ تشکیل پایا جس کے ہر شہری کو امتِ واحدہ کا سٹیٹس دیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ نسل اور مذہبی شناخت سے قطع نظر ہر شہری کو جان و مال اور عزت و آبرو کے تحفظ کے ساتھ ساتھ انہیں اپنی مذہبی، سماجی اور ثقافتی روایات کی پاسداری کا قانونی حق بھی دیا گیا۔ میثاقِ مدینہ بین المذاہب رواداری، انسانی حقوق کے تحفظ و احترام اور بین الاقوامی اقدار پر مبنی تاریخِ عالم کی پہلی جامع دستوری دستاویز ہے، ریاستِ مدینہ میں پہلی بار مشترکہ دفاع، انصاف، امن و امان، سیاسی، سماجی اور مذہبی حقوق کے تحفظ کو اوّلیت دی گئی۔

ریاستِ مدینہ میں آباد تمام طبقات کو ان کی مذہبی روایات اور معاہدات کے مطابق خون بہا وصول کرنے، فیصلے کرنے اور ریوینیو جمع کرنے کا اختیار دے کر اختیارات کی نچلی سطح تک تقسیم کا تصور دیا گیا۔ ہر شہری خواہ وہ مسلمان تھا یا غیر مسلم ریاست کے ساتھ وفاداری کو لازمی قرار دیا گیا۔ ریاست کے ساتھ وفاداری کرنا حضور نبی اکرم ﷺ کی سنت اور آپ ﷺ  کا حکم ہے۔

لاہور بار ایسوسی ایشن کے صدر سرود احمد ملک نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ کھوکھلے نعروں سے ریاستِ مدینہ وجود میں نہیں آئے گی، مینارٹیز اور کمزور طبقات اظہار رائے کاوہی حق مانگ رہے ہیں جو ریاستِ مدینہ میں تمام طبقات کو حاصل تھا۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے تعلیم و تربیت کے شعبے میں گرانقدر نمایاں خدمات انجام دیں۔ اس تقریب میں شرکت کرنے اور اظہارِ خیال کرنے پر منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، مجھے یہ جان کر خوشی ہوئی کہ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا پی ایچ ڈی کا مقالہ ریاستِ مدینہ کے موضوع پر تھا۔

لاہور بار ایسوسی ایشن کے نائب صدر ایم ایچ شاہین نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کے ریاستِ مدینہ کے موضوع پر لکھے گئے پی ایچ ڈی کے مقالے کا بغور مطالعہ کریں۔ ریاستِ مدینہ کے موضوع پر پہلی جامع فکری نشست کے انعقاد کی سعادت لاہور بار ایسوسی ایشن کو ملی۔ ہم اس پر منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کے مشکور ہیں۔ تقریب میں صاحبزادہ انوار اختر ایڈووکیٹ، سردار غضنفر حسین ایڈووکیٹ، آصف سلہریا ایڈووکیٹ، نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ اور سینئر وکلاء رہنماؤں نے شرکت کی۔