منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام 25 شادیوں کی اجتماعی تقریب

رپورٹ: سید امجد علی شاہ

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام شادیوں کی اجتماعی تقریب 20 مارچ 2022ء کو منعقد ہوئی جس میں 25 مستحق جوڑے رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئے، ان میں ایک مسیحی جوڑا بھی شامل تھا۔ تقریب میں صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، سیاسی، سماجی، مذہبی و شوبز و دیگرشعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ MWFکی طرف سے دولہوں اور دلہنوں کے ہمراہ آئے ہوئے 15 سو باراتیوں اور ان کے عزیز و اقارب کے لیے خصوصی ضیافت کا اہتمام کیا گیا۔

اس موقع پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ اسلام کی سیاسی، سماجی، اخلاقی عمارت مواخات اور صلہ رحمی پر استوار ہے۔ انصار مدینہ اور مہاجرین مدینہ کے مابین محبت و ایثار کا بندھن اس کی قابل فخر مثال ہے۔ منہاج ویلفیئر فائونڈیشن اسلام کی عظیم فلاحی فکر کی امین ہے۔ ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دین اسلام غریبوں، محتاجوں اور کمزوروں کے دکھ درد میں شریک ہونے اور ان کی مدد کرنے کی تعلیم دیتا ہے۔ تحریک منہاج القرآن مواخات مدینہ کے تصور انسانیت پر عمل پیرا ہے۔ کم آمدنی والے غریب و نادار خاندانوں کے بیٹوں اور بیٹیوں کی اجتماعی شادیاں منہاج القرآن کا طرہ امتیاز بن چکا ہے۔

تقریب منہاج یونیورسٹی لاہور میں منعقد ہوئی، ہر نوبیاہتا جوڑے کو 2 لاکھ روپے مالیت کا گھریلو سامان تحفہ میں دیا گیا۔ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے تمام دولہوں اور دلہنوں کو گھڑی جبکہ محترمہ فضہ حسین قادری نے تمام دلہنوں کو سونے کا سیٹ تحفے میں دیا۔

تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے ریورنڈ پاسٹر خرم شہزاد نے کہا کہ ہم شیخ الاسلام اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے شکر گزار ہیں جو اس خوشی کے لمحات میں کرسچین کمیونٹی کو بھی یاد رکھتے ہیں، شیخ الاسلام نے پوری دنیا میں مذاہب عالم کے درمیان رواداری اور امن و محبت کی تعلیم دی ہے۔صوبائی وزیر سید یاور عباس بخاری، صوبائی وزیر آشفہ ریاض فتیانہ اور پاکستان تحریک انصاف کے راہنما غلام محی الدین دیوان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فی زمانہ مستحقین کی مدد کرنا اور ان کی خوشیوں میں شریک ہونا ایک بڑی عبادت ہے۔ زندگی کے ہر شعبے میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری انسانیت کی خدمت کر رہے ہیں۔ منہاج القرآن عوامی خدمت کا جو منصوبہ بھی شروع کرتا ہے پھر اُسے بند نہیں ہونے دیتا۔ یہاں دین، تعلیم، تربیت اور ویلفیئر کے شعبہ جات میں مثالی کام ہورہا ہے۔

سیکرٹری جنرلPAT خرم نواز گنڈا پور، منہاج یونیورسٹی لاہور کے وائس چانسلر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد اور ہالینڈ سے آئے ہوئے ڈاکٹر عابد عزیز نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے فلاحی منصوبہ جات پر روشنی ڈالتے ہوئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو مبارکباد پیش کی۔

ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن سید امجد علی شاہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے فلاحی منصوبہ شادیوں کی اجتماعی تقاریب سے تین ہزار سے زائد جوڑے رشتہ ازدواج میں منسلک ہو چکے ہیں۔MWF پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور آفت زدہ علاقوں میں بحالی اور تعلیم کے شعبے میں ہر سال لاکھوں روپے خرچ کرتی ہے۔

تقریب میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کے نائب صدر بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان، محمد حسیب، محمد نعیم مغل، حاجی خالد محمود، عامر علی، فیصل علی، عاصم رفیق، محمد نعمان، فرحت نور، میڈم سمیرا احمد، میڈم عظمیٰ شفیق، علی رضا ٹائیگر، ڈاکٹر علی وقار، میاں زاہد الاسلام، حاجی محمد اسلم، شفیق رضا قادری، پروفیسر شفیق فاروقی، طاہر بھٹی، جی ایم ملک، نور اللہ صدیقی، محمد جواد حامد، راجہ زاہد محمود و دیگر راہنماؤں نے بھی شرکت کی۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی دوحہ فورم 2022ء میں شرکت

منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے قطر میں دوحہ فورم 2022ء میں شرکت کی۔ دوحہ فورم 2022ء میں دنیا بھر سے آئے مختلف امور کے سیکڑوں ماہرین، اسکالرز، سیاست دان، کاروباری رہنماؤں نے مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے فورم میں شرکت کی اور اس کے مختلف سیشنز میں حصہ لیا۔ دو روزہ فورم ایک نئے دور کے لیے تبدیلی کے موضوع پر منعقد کیا گیا، جس میں شریک ممالک کے خطے میں جیو پولیٹیکل سیاسی اتحاد اور بین الاقوامی تعلقات، مالیاتی نظام اور اقتصادی ترقی، قومی دفاع، سائبر اور فوڈ سیکیورٹی، موسمیاتی تبدیلی اور پائیدار ترقی سمیت دیگر موضوعات شامل ہیں۔

فورم سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ خواتین کو تعلیم کے حق سے محروم کرنا کسی فرد یا جماعت کا صوابدیدی اختیار نہیں ہے۔ یہ ہر انسان کا تسلیم شدہ بنیادی حق ہے۔ اسلام نے مردو عورت پر حصول علم لازم ٹھہرایا ہے۔ برادر اسلامی ملک افغانستان کے ذمہ داران علم کی اہمیت اور ناگزیریت کا احساس کرتے ہوئے خواتین پر تعلیم کے دروازے کھولیں، یہ آئندہ نسلوں کے مستقبل کا معاملہ ہے۔ افعانستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی علم سے وابستہ ہے۔ افعانستان کے عوام نے جنگ و جدل کی صورت میں بہت دکھ اٹھائے اب ساری توجہ ان کی ویلفیئر پر مرکوز ہونی چاہیے۔ افغانستان کی تعمیر نو میں حصہ لینے والے ممالک اپنے کنٹری بیوشن کو خواتین کی تعلیم کے ساتھ مشروط کریں۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے فورم کے دوران مختلف عالمی رہنماوں سے ملاقاتیں بھی کیں:

  • ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے قطر کے وزیر ماحولیات و موسمی تبدیلی شیخ فالح بن ناصر کو ماحولیاتی تبدیلیوں پر اپنا ریسرچ پیپر پیش کیا۔ شیخ فالح بن ناصر نے ریسرچ پیپر پر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کا شکریہ ادا کیا اور اسے سراہا۔
  • ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے ورلڈ اکنامک فورم کے صدر Borge Brende سے بھی ملاقات کی اور انہیں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری شہرہ آفاق کتاب "A Real Sketch of the Prophet Muhammad (PBUH)" پیش کی۔
  • سنگاپور کے نائب وزیر خارجہ محمد مالکی عثمان سے ملاقات کے دوران ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے انہیں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی مختلف تصانیف کا تحفہ پیش کیا، جسے انہوں نے بہت پسند کیا اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی علمی خدمات کی تعریف کی۔
  • لارڈ میئر لندن Vincent Keaveny سے ملاقات کرتے ہوئے ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے انہیں شیخ الاسلام کی کتاب (A Real Sketch of the Prophet Muhammad PBUH) کا تحفہ پیش کیا۔ اس موقع پر لارڈ میئر لندن نے شکریہ ادا کرتے ہوئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی علمی خدمات کو سراہا۔