رپورٹ: محمد یوسف منہاجین

تحریک منہاج القرآن کا امتیازی وصف یہ ہے کہ اِس نے تزکیہ نفس، تصفیہ قلب، تہذیبِ اخلاق اور علمی، فکری اور روحانی تربیت کے ذریعے انفرادی و اجتماعی سطح پر اصلاحِ احوال کے لیے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ جامع المنہاج بغداد ٹائون میں ہر سال آباد ہونے والا شہرِ اعتکاف اس کی ایک روشن مثال ہے۔ 1990ء سے اب تک 29 سالانہ شہر اعتکاف آباد ہوچکے ہیں۔ 50 افراد سے شروع ہونے والے اس اجتماعی اعتکاف میں آج الحمدللہ تعالیٰ معتکفین و معتکفات کی تعداد ہزاروں تک پہنچ چکی ہے اور نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر سے معتکفین اس شہر اعتکاف میں شریک ہوتے ہیں۔ حرمین شریفین کے بعد اسلام کی سب سے بڑی اس اعتکاف گاہ کا مقصد معتکفین کو تعلق باللہ، ربطِ رسالت، رجوع الی القرآن کی طرف متوجہ کرنا اور ان کے ظاہری و باطنی احوال کی اصلاح ہے۔ اس شہرِ اعتکاف کو قدوۃ الاولیاء حضور پیر سیدنا طاہر علائوالدین القادری الگیلانی البغدادیg کی روحانی سرپرستی اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی علمی و فکری معیت حاصل ہے جو اس اجتماعی اعتکاف کا طرہ امتیاز ہے۔

شہرِ اعتکاف 2022ء (رمضان المبارک 1443ھ)

عالمی سطح پر کورونا وائرس کی صورت میں پھوٹنے والی وبا کی وجہ سے گزشتہ دو سال اجتماعی تقاریب پر پابندی کے سبب 2020ء اور 2021ء میں شہر اعتکاف کا اہتمام نہیں ہوسکا۔ دو سال کے وقفہ کے بعد امسال الحمدللہ تعالیٰ شہر اعتکاف ایک مرتبہ پھر اپنی پوری رونق اور وقار کے ساتھ آباد ہوا۔ امسال شہر اعتکاف میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری دامت برکاتہم العالیہ نے طہارۃ القلوب (باطنی امراض اور ان کا علاج) کے موضوع پر خصوصی خطابات ارشاد فرمائے۔ علاوہ ازیں چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے بھی تربیتی لیکچرز دیئے۔

20 رمضان المبارک/ 22 اپریل 2022ء کو شہرِ اعتکاف کے آغاز پر چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، صدر MQI ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور اور ناظمِ اجتماعات محمد جواد حامد نے معتکفین کو خوش آمدید کہا۔ بعد ازاں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے تعلیمی، تربیتی، روحانی، تجدیدی اور احیائے اسلام کی عالمگیر تحریک کے عظیم مرکز منہاج القرآن کے شہر اعتکاف میں ہزاروں معتکفین و معتکفات کو خوش آمدید کہتے ہوئے ان کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا اور خصوصی دعا کی۔

اس شہر اعتکاف کی جملہ علمی، فکری اور روحانی سرگرمیاں minhaj.tv، minhaj.org اور تحریک کے سوشل میڈیا پر موجود جملہ اکائونٹس سے براہ راست نشر کی گئیں۔ شہر اعتکاف کی جملہ سرگرمیوں کی اجمالی رپورٹ نذرِ قارئین ہے:

1۔ شہر اعتکاف کے فقیدالمثال انتظامات

منہاج القرآن انٹرنیشنل کا شہر اعتکاف اصلاحِ احوال اور روحانی تربیت کے ساتھ ساتھ اتحادِ امت کا مظہر ہوتا ہے۔ ملک بھر سے مختلف طبقہ فکر کے افراد شہر اعتکاف کا حصہ بنتے ہیں۔ امسال اجتماعی اعتکاف میں سنٹرل پنجاب، شمالی پنجاب اور جنوبی پنجاب کے ساتھ ساتھ خیبر پختون خواہ، بلوچستان، رورل سندھ، اربن سندھ، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان سمیت امریکہ، برطانیہ، یورپ اور گلف ممالک سے بھی معتکفین شریک ہوئے۔

شہر اعتکاف میں ہزارہا افراد کی رہائش اور سحر و افطار کے خصوصی انتظامات کیے گئے اور سحر و افطار کی بر وقت ترسیل کیلئے مربوط نظام ترتیب دیا گیا۔ معتکفین کی خدمت اور دیگر انتظامات کے لیے 5 سو سے زائد کارکنان کی ڈیوٹیاں لگائی گئیں۔ ہزاروں خواتین معتکفات اور سیکڑوں معتکف بچوں کے لیے علیحدہ انتظامات کیے گئے ۔ معتکفین کی سہولت کیلئے شہر اعتکاف کو مختلف بلاکس میں تقسیم کیا گیا اور گرم موسم کی شدت کے پیش نظر معتکفین کے آرام کیلئے مثالی انتظامات کئے گئے ۔انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان کے درمیان کوآرڈینیشن کیلئے کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی طرف سے محترم سید امجد علی شاہ (ڈائریکٹر MWF) کی زیر نگرانی ایک ایمرجنسی میڈیکل ایڈ سنٹر قائم کیا گیا ۔ جہاں 24گھنٹے مختلف شفٹوں میں 8 ڈاکٹرز، 8 ڈسپنسرز اور درجنوں افراد پر مشتمل معاون طبی عملہ نے 24 گھنٹے خدمات سر انجام دیں۔ اس موقع پر 6 ایمبولینسز فوری طبی امداد کے لیے ہمہ وقت دستیاب رہیں۔

  • شہراعتکاف کے جملہ انتظامات نائب صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل محترم بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان، ناظم اعلیٰ محترم خرم نواز گنڈا پور اور ناظم اجتماعات محترم محمد جواد حامد کی زیر نگرانی قائم 41 کمیٹیوں میں شامل سیکڑوں ممبران نے سرانجام دیئے۔ علاوہ ازیں جملہ نائب ناظمین اعلیٰ انجینئر محمد رفیق نجم (شمالی پنجاب)، علامہ رانا محمد ادریس (سنٹرل پنجاب)، سردار شاکر خان مزاری (جنوبی پنجاب)، نوراللہ صدیقی (نائب ناظم اعلیٰ میڈیا افیئرز)، احمد نواز انجم، جی ایم ملک، سید الطاف حسین شاہ گیلانی، عبدالرحمن (ناظم مالیات)، ملک محمد فضل (ڈائریکٹر اکائونٹس)، میاں ریحان مقبول (PAT)، راجہ زاہد محمود (PAT)، جملہ مرکزی ناظمینِ دعوت، جملہ ناظمین تربیت، صدر یوتھ مظہر محمود علوی، صدر MSM عرفان یوسف، سہیل احمد رضا (ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز)، علامہ غلام مرتضیٰ علوی، صدر علماء کونسل علامہ امداد اللہ خان قادری، ناظم علماء کونسل علامہ میر آصف اکبر، منہاج القرآن ویمن لیگ، محترمہ فرح ناز، محترمہ سدرہ کرامت اور جملہ سربراہان شعبہ جات، جملہ سربراہان مرکزی تعلیمی ادارہ جات،منہاج ٹی وی، سوشل میڈیا سیل، منہاج انٹرنیٹ بیورو اور دیگر شعبہ جات اور نظامتوں میں سے ہر ایک نے اپنے ذمہ عائد ذمہ داریوں کو احسن طور پر نبھایا اور اس سالانہ شہر اعتکاف کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے مذکورہ قائدین کو بالخصوص اور تمام ممبران کو بالعموم اعلیٰ انتظامات پر مبارکباد دی اور دعائوں سے نوازا۔

2۔شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے ’’طہارۃ القلوب‘‘ کے موضوع پر خطابات

منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیراہتمام منعقد ہونے والے حرمین شریفین کے بعد دنیا کے سب سے بڑے اس شہر اعتکاف میں تزکیہ نفس، تصفیہ قلب، اصلاحِ احوال اور روحانی تربیت پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔ نوجوان نسل میں اخلاقی و روحانی تربیت کے ساتھ عقیدۂ صحیحہ کے تحفظ کے لیے امسال شیخ الاسلام نے معتکفین سمیت دنیا بھر سے شہراعتکاف سے جڑے فرزندان اسلام کو اپنے ایمان افروز خطابات سے نوازا۔ امسال شہر اعتکاف 2022ء میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری دامت برکاتہم العالیہ نے ’’طہارۃ القلوب (باطنی امراض اور ان کا علاج) کے موضوع پر 10 خصوصی خطابات ارشاد فرمائے۔ (اِن خطابات میں سے ابتدائی تین خطابات کے خلاصے زیرِ نظر شمارہ کے ابتدائی صفحات پر ملاحظہ فرمائیں۔) شیخ الاسلام کے یہ خطابات منہاج ٹی وی، آفیشل یوٹیوب چینل ڈاکٹر قادری، انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کے ذریعے روزانہ براہِ راست نشر کیے گئے۔

3۔ ’’تربیت اور آدابِ حسنہ‘‘ کے عنوان سے منعقدہ نشستوں سے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کے خطابات

منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے شہر اعتکاف میں ’’تربیت اور آداب حسنہ‘‘ کے عنوان سے منعقدہ خصوصی تربیتی نشستوں سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ رب کے در کے سوالی بنیں کیوںکہ وہ اپنے سوالی کو بے سہارا نہیں رہنے دیتا۔ جب بندہ اللہ پر توکل کرتا ہے تو پھر مولا اس کا وارث بن جاتا ہے، لہذا اس در کے سوالی بنیں جس در کے سب سوالی ہیں۔ اللہ کا تقویٰ اختیار کریں اور ان چیزوں سے بچا کریں جن میں حلال اور حرام کا شائبہ ہو، جس میں تذبذب ہو اور ان چیزوں سے بھی بچا کریں جن سے اللہ نے منع کیا ہے۔ اہل تقویٰ وہ ہیں جو حلال پر عمل کرتے ہوئے بھی اللہ سے ڈرتے ہیں کہ ان سے کوئی حرام سرزد نہ ہوجائے۔

اللہ رب العزت کو ڈرنے والا شخص اس بندے کی نسبت زیادہ پسند ہے جو اعتماد رکھنے والا ہے۔ جس کو اپنی عبادت، ریاضت، روزوں، قیام، جدوجہد، عہدوں، تہجد، نوافل اور صدقہ و خیرات پر بڑا اعتماد اور فخر ہو تو اللہ رب العزت کو یہ فخر والے پسند نہیں۔ اس کے پسندیدہ بندے وہ ہیں جو عبادات و تقویٰ کے امور سرانجام دینے کے باوجود عدم قبولیت اور اس کی شان کے لائق نہ ہونے کے خوف سے لرزاں رہتے ہیں۔ گویا اہلِ تقویٰ نہ اتراتے ہیں، نہ تکبر کرتے ہیں وہ تو عبادت کرتے وقت بھی پیکر گریہ و زاری ہوتے ہیں کہ پتہ نہیں کہ اللہ نے قبول کی یا نہیں۔

ایک وہ شخص ہے جسے دنیا پر اعتماد ہے اور ایک وہ ہے جسے خدا پر اعتماد ہے اور جسے خد اپر اعتماد ہے، وہ تقویٰ اختیار کرتا ہے اور جب بندہ اللہ کا تقویٰ اختیار کرلیتا ہے تو اس کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ:

وَمَنْ یَّتَّقِ اللهَ یَجْعَلْ لَّه مَخْرَجًا. وَّ یَرْزُقْهُ مِنْ حَیْثُ لَا یَحْتَسِبُ.

(الطلاق، 65: 2-3)

’’اور جو اللہ سے ڈرتا ہے وہ اس کے لیے (دنیا و آخرت کے رنج و غم سے) نکلنے کی راہ پیدا فرما دیتا ہے۔ اور اسے ایسی جگہ سے رِزق عطا فرماتا ہے جہاں سے اس کا گمان بھی نہیں ہوتا۔‘‘

گویا جب بندہ تقویٰ اختیار کرتا ہے تو اللہ رب العزت ہر پریشانی سے اسے نجات عطا فرمائے گا۔ اس کا غم اس کا نہیں رہے گا۔۔۔ اس کی مصیبت اس کی نہیں رہے گی۔۔۔ اس کے اعمال اس کے نہیں رہیں گے اور اس کی آزمائش و مشکل اس کی نہیں رہے گی۔۔۔ عمل وہ کرے گا، کرم خد اکا ہوگا۔۔۔ قدم وہ بڑھائے گا، فضل خدا کا ہوگا۔۔۔ چلتا وہ جائے گا، راستے خدا کھولتا چلا جائے۔۔۔ بولتا وہ چلا جائے گا، اس میں خدا برکت ڈالتا چلا جائے گا۔۔۔ ارادہ وہ کرے گا، خدا قبولیت کے دروازے کھولتا چلا جائے گا۔

عقیدہ توحید ایمان کی عمارت کی بنیاد اور خشتِ اوّل ہے، جو دل اللہ کو سپر پاور مان لیتا ہے اس کا دل دنیا کی ہر سپرپاور کے خوف سے آزاد ہوجاتا ہے۔ دنیا شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی جرأت و بہادری کی اسی لیے معترف ہے کہ وہ شیخ دنیا سے بے نیاز ہے اور اس کا دل اللہ کے خوف اور حضور نبی اکرمa کے عشق سے آباد ہے۔ وہ شیخ کسی دنیا والے کے سامنے نہیں بلکہ صرف اللہ کے در پر جھکتا ہے۔ شیخ بھی جرأت مند اور اس کے کارکن بھی جرأت مند اور دنیاوی مال و متاع کی حرص سے بے نیاز ہیں۔

4۔ ’’منہاج السالکین‘‘ کے عنوان سے منعقدہ تربیتی نشستوں سے ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کے خطابات

منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے شہرِ اعتکاف میں ’’منہاج السالکین‘‘ کے عنوان سے منعقدہ تربیتی نشستوں سے خطاب کیا۔ ان نشستوں سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ شہرِ اعتکاف میں ہم لوگ اپنے کام کاروبار، اپنے رشتہ دار عزیز و اقارب کو چھوڑ کر اس جلوت میں خلوت کی خاطر جمع ہوئے ہیں۔ اعتکاف کی ان دس راتوں کا فائدہ تب ہوگا جب ہم ہر رنگ، محبت اور ہر کیفیت سے بے نیاز ہوکر مولا کے ہوجائیں۔ اللہ کی راہ کے مسافر کو چاہیئے کہ وجد آفریں اور دل موہ لینے والی دنیوی لذات کی کسی بھی ترغیب پر کان دھرے بغیر اللہ کی رسی پر چلنے کی مشق کرتا رہے۔ انسانی وقار، محبت، انصاف، مساوات اور بقائے باہمی جیسے پاکبازی کے مقاصد کا حصول بڑی جان جوکھوں کا کام ہے۔ ہمیں اپنے توازن کو برقرار رکھنے اور منزل پر نظر رکھنے میں جو چیز مدد فراہم کرسکتی ہے وہ محبت ہے۔ یہ محبت ہی ہے جو بندے کو پرخلوص بندگی کی سیڑھی پر چڑھا کر خود کو پوری طرح اللہ تبارک و تعالیٰ کے سپرد کرنے اور اللہ تبارک و تعالیٰ کی خوشنودی کے اصول سے سختی سے جڑ جانے کا سبب بنتی ہے۔

ہم نے اپنے مولا کی طرف رجوع کرنا ہے، اس سے وعدے کرنے ہیں کہ مولا ہم شیطان کے وسوسوں کی وجہ سے گمراہ ہوگئے تھے اور اپنی منزل سے بھٹک گئے تھے، ہمیں ہمارا مقصدِ حیات عطا فرما اور ہمیں پھر سے اپنی منزل کی طرف لوٹا دے۔ اللہ رب العزت راہِ سلوک کے مسافر کو بیداری، توبہ اور خود احتسابی عطا کرتا ہے۔ اس خود احتسابی کے ذریعے انسان اپنے اعمال، اپنی زندگی اور آج تک جو کر چکا اور جو کرنے والا ہے اور یہاں تک کہ اپنی نیت اور اپنے خیالات کا محاسبہ بھی کرتا ہے۔ خود احتسابی انسان کو آزمائش اور رحمت میں فرق کرنا سکھاتی ہے۔ جو انسان راہِ سلوک کا مسافر ہے اسے چاہیے کہ وہ اپنے اعمالِ صالحہ کی حفاظت کرے۔ جب ہم اللہ کی طرف روحانی سفر پر نکلیں تو اس پر ثابت قدم رہیں اور جب ہم میں روحانی ذوق پیدا ہو جائے تو اس کی حفاظت کرنی چاہیے تاکہ اس کا اجر حاصل کر سکیں۔

جب ایک مومن روحانی راستے پر سفر کرتا ہے تو اسے مستقل طور پر راستبازی کے کام انجام دینے چاہئیں اور ترقی کے لیے کبھی سستی نہیں کرنی چاہیے۔ ہمیں اللہ کی بارگاہ میں خلوصِ نیت، ندامت اور پختہ ارادہ کے ساتھ عہد کرنا ہوگا کہ اب گناہوں کی طرف واپس لوٹ کر نہیں جائیں گے۔ ہمہ وقت استقامت کی دعا کیا کریں کہ اللہ ہمارا مددگار ہو اور ہمیں نیکی کے راستہ پر چلنے اور برائی سے بچنے کی توفیق عطا فرمائے۔

5۔تربیتی حلقہ جات، فقہی نشستیں اورمحافلِ قرأت و نعت کا انعقاد

شہرِ اعتکاف میں ایک طرف جملہ معتکفین انفرادی طور پر ذکر و اذکار، نفلی عبادات اور تلاوتِ قرآن مجید میں مصروفِ عمل رہے تو دوسری طرف ان کی علمی، فکری، روحانی اور اخلاقی تربیت کے لیے درج ذیل اجتماعی نشستوں کا بھی اہتمام کیا گیا:

1۔ شہرِ اعتکاف میں حسبِ معمول معتکفین کی علمی و روحانی تربیت کے لیے باقاعدہ علمی اور تربیتی و تدریسی حلقہ جات کا انعقاد کیا گیا۔ تربیتی حلقہ جات میں نظامتِ تربیت اور نظامتِ دعوت کے اسکالرز و معلمین نے قرآنیات، فقہ اور قرأت و تجوید کے موضوعات پر لیکچرز دیئے اور تجوید، عربی گرائمر اور بنیادی فقہی مسائل بارے آگاہی دی۔ ان حلقہ جات کے لیے نظامتِ تربیت اور شعبہ کورسز کی طرف سے باقاعدہ ایک نصاب مرتب کیا گیا تھا جس کے مطابق معکتفین کی علمی و فکری تربیت کا ساماں کیا جاتا رہا۔

2۔ شہرِ اعتکاف میں مفتی اعظم منہاج القرآن مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی کی فقہی نشستیں حسب سابق روزانہ منعقد ہوئیں۔ جس میں معتکفین کی طرف سے پوچھے گئے فقہی سوالات کے جواب مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی نے ارشاد فرمائے۔

3۔ شہر اعتکاف میں امسال بھی حسبِ سابق نمازِ تراویح کے بعد ہر رات بالعموم اور ہر طاق رات میں بالخصوص محافلِ قرأت و نعت کا اہتمام کیا گیا۔ اِن محافل میں ملک کے نامور قراء حضرات نے تلاوتِ قرآن کی سعادت حاصل کی اور معروف ثناء خوان سرور حسین نقشبندی، محمد افضل نوشاہی، ظہیر بلالی برادران، امجد بلالی برادران، خرم شہزاد برادران، محمد شکیل طاہر اور متعدد دیگر ثنا خوانانِ مصطفی نے حضور نبی اکرمa کی بارگاہ میں ہدیہ عقیدت پیش کیا۔ اِن محافل میں نقابت کے فرائض صفدر علی محسن، تسلیم احمد صابری، محمدیونس قادری اور نظامتِ دعوت و تربیت کے ناظمین نے سرانجام دیئے۔

6۔ تحریک کے مختلف فورمز اور نظامتوں کے زیر اہتمام تربیتی نشستوں کا انعقاد

شہر اعتکاف میں تحریک منہاج القرآن کے ذیلی فورمز اور نظامتوں نے بھی اپنے اپنے فورم، نظامت اور شعبہ سے متعلقہ احباب کی تربیت کے لیے درج ذیل علمی و فکری نشستوں کا اہتمام کیا:

1۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام شہراعتکاف میں شرکت کرنے والے پاکستان بھر کے طلبہ کے لیے التربیۃ 2022ء کے عنوان سے متعدد نشستوں کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں مرکزی صدر چوہدری عرفان یوسف، محمد رفیق نجم (نائب ناظم اعلیٰ شمالی پنجاب)، شہزاد اکبر (ہیڈ سوشل میڈیا ورکنگ کونسل ) اور دیگر مرکزی قائدین نے متعدد موضوعات پر لیکچرز دیئے۔ ان نشستوں میں MSM کی مرکزی ٹیم و زونل صدور بھی موجود تھے جبکہ سیکڑوں معتکف طلبہ نے بھی تربیتی نشستوں میں شرکت کی۔

2۔ شہر اعتکاف میں معتکف تحریک کے ضلعی صدور اور ناظمین کے لیے فہم دین ٹریننگ ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر فہم دین اور نظامت دعوت و تربیت کی مرکزی ٹیم علامہ غلام مرتضیٰ علوی، حفیظ اللہ جاوید اور میاں عبدالقادر نے فہم دین کی افادیت، سافٹ ویئر کے استعمال اور دیگر امور پر بریفنگ دی کہ فہم دین پراجیکٹ کے ذریعے دینِ اسلام کی حقیقی تعلیمات گھر گھر تک پہنچانا کیونکر ممکن ہوگا۔

3۔ شہرِ اعتکاف میں شریک منہاج القرآن یوتھ لیگ کے ذمہ داران کیلئے منہاج یوتھ لیگ کے زیراہتمام تربیتی نشستوں کا انعقاد کیا گیا۔ منہاج یوتھ لیگ کے مرکزی صدر مظہر محمود علوی، سینئر نائب صدر ہارون ثانی، فرقان یوسف، علامہ غلام مرتضیٰ علوی اور دیگر قائدین نے دعوتِ دین کی ضرورت و اہمیت، اسلامک لرننگ کورس اور مختلف موضوعات پر تربیتی لیکچرز دیئے۔ اس موقع پر منہاج یوتھ لیگ کی جملہ مرکزی قیادت اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔

4۔ شہر اعتکاف میں نظامت تربیت کے شعبہ کورسز کے زیراہتمام شرکاء اعتکاف کے لیے تربیتی نشستوں کا انعقاد کیا گیا، جس میں علامہ حافظ سعید رضا بغدادی، علامہ محمود مسعود قادری، علامہ سرفراز قادری، علامہ حسن جماعتی نے مختلف شہروں سے آئے تنظیمی ذمہ داران کو شعبہ کورسز کے تحت ہونے والے ڈپلومہ ان قرآن سٹڈی اور مختلف کورسز کی تفصیلات بتائیں۔

5۔ تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام بھی شہر اعتکاف میں علمی و فکری تربیتی نشستوں کا انعقاد کیا گیا۔ ان نشستوں میں خرم نواز گنڈا پور (ناظمِ اعلیٰ)، علامہ رانا محمد ادریس قادری (نائب ناظم اعلیٰ سنٹرل پنجاب)، انجینئر محمد رفیق نجم (نائب ناظم اعلیٰ شمالی پنجاب)، سردار شاکر خان مزاری (نائب ناظم اعلیٰ جنوبی پنجاب) اور دیگر قائدین نے تحریک منہاج القرآن اور اس کے جملہ فورمز کے ذمہ داران و کارکنان کے لیے ویژن 2025ء کے حوالے سے بریفنگ دی کہ کس طرح آنے والے سالوں میں تحریک منہاج القرآن دینِ اسلام کی حقیقی تعلیمات کے فروغ اور تجدیدِ دین اور احیائے اسلام کے لیے اپنی کاوشوں کو مزید منظم اور بہترین اندازمیں بروئے کار لائے گی۔ ان نشستوں میں نظامتِ دعوت اور تنظیمات سے متعلقہ تمام عہدیداران اور رفقاء و کارکنان نے خصوصی شرکت کی۔

6۔ شہر اعتکاف میں معتکفین کو سید محمود الحسن جعفری (مرکزی ناظم حلقات درود و فکر) نے گوشہ درود، حلقات درود وفکر اور حضور نبی اکرمa کی محبت و عشق اور آپa کی تعلیمات کی ترویج کے حوالے سے بریفنگ دی۔

7۔ علاوہ ازیں شہر اعتکاف میں کالج آف شریعہ، گرلز کالج، منہاج ویلفیئر فائونڈیشن، منہاج ایجوکیشن سوسائٹی، منہاج انٹرنیٹ بیورو، آغوش، گوشہ درود و حلقاتِ درود، تحفیظ القرآن، نظامِ دعوت اور نظامتِ تربیت کی کارکردگی کے حوالے سے بھی معتکفین کو بریفنگز دی گئیں کہ کس طرح یہ مرکزی شعبہ جات اور تعلیمی ادارہ جات انسانیت اور دینِ اسلام کی خدمت میں مصروفِ عمل ہیں اور ان شعبہ جات کے ذریعے کس طرح معاشرے میں توازن و اعتدال کو فروغ دیا جارہا ہے اور قرآن مجید، احادیث نبویہ اور سیرتِ مصطفیa کے نور کو عام کیا جارہا ہے۔

7۔ شہر اعتکاف میں خواتین اور بچوں کے لیے اعتکاف کا خصوصی اہتمام

1۔ تحریک منہاج القرآن کا امتیاز یہ ہے کہ یہ بلا تفریق جنس و عمر ہر طبقہ زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات کی اصلاحِ احوال میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے 41 سال قبل تحریک منہاج القرآن کی بنیاد رکھی تھی تو اس کے ساتھ ہی انہوں نے خواتین کی تعلیم و تربیت کے ادارے بھی قائم کر دئیے اور الحمدللہ منہاج القرآن کے پلیٹ فارم پر خواتین کی تعلیم و تربیت کا یہ سلسلہ جاری و ساری ہے۔ یہی وجہ ہے کہ منہاج القرآن کے شہر اعتکاف میں جہاں ہزاروں کی تعداد میں مرد حضرات شریک ہوتے ہیں وہاں ہزاروں خواتین بھی اس شہر اعتکاف میں اپنی الگ اعتکاف گاہ میں موجود ہوتی ہیں۔

حسبِ سابق ویمن اعتکاف گاہ میں معتکف ہزاروں خواتین کے لیے روحانی بالیدگی اور اجتماعی عبادات کا اہتمام کیا گیا۔ خواتین کی تعلیم و تربیت کے لیے منہاج القرآن ویمن لیگ کی اسکالرز کے زیرِ نگرانی تربیتی حلقہ جات بھی منعقدہوئے۔ ان حلقہ جات کا بنیادی مقصد خواتینِ معاشرہ کو حقوق العباد، صحبت صالح کی اہمیت، انفاق فی سبیل للہ اور قرون اولیٰ کی خواتین کے کردار کو مشعل راہ بنا کر معاشرے کی تعمیر و ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کرنے کی طرف راغب کرنا تھا۔ ان تربیتی حلقہ جات میں قرآن مجید کو تجوید کے ساتھ پڑھنے کے بنیادی اصول، عملی مشق کے ذریعے نماز پڑھنے کا طریقہ، بنیادی فقہی مسائل، روزمرہ معاملات کے حوالے سے اسلام کی تعلیمات اور حقوق العباد کے موضوع پر تربیتی نشستوں کا اہتمام کیا گیا۔ علاوہ ازیں ویمن اعتکاف گاہ میں صلٰوۃ التسبیح، اذکار و وظائف، انفرادی معمولات کے ساتھ ساتھ باجماعت تراویح بھی روزانہ کے معمولات کا حصہ تھی۔

صدر منہاج القرآن ویمن لیگ انٹرنیشنل محترمہ ڈاکٹر غزالہ حسن قادری، محترمہ فضہ حسین قادری، محترمہ فرح ناز، محترمہ سدرہ کرامت اور منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی ٹیم کی عہدیداران بھی مختلف تربیتی نشستوں کے ذریعے معتکفات کی علمی، فکری، اخلاقی اور روحانی تربیت میں مصروف عمل رہیں۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے منہاج القرآن ویمن لیگ کی جملہ عہدیداران کو خصوصی مبارکباد دی اور دعائوں سے نوازا کہ آج کے دور میں خواتین کا اس طرح انفرادی اور اجتماعی سطح پر اصلاحِ احوال کے لیے کاوشیں کرنا آئندہ نسلوں کے ایمان کی حفاظت کے لیے از حد ضروری ہے۔

2۔ امسال منہاج القرآن ویمن لیگ کے ذیلی فورم ایگرز کے زیر اہتمام کڈز اعتکاف کا بھی الگ سے اہتمام کیا گیا جس میں سیکڑوں بچوں اور بچیوں نے خصوصی شرکت کی۔ بچوں کیلئے اس نفلی اعتکاف کا مقصد نسلِ نو کو دینِ اسلام کی عبادات کے تصور ذہن نشین کروانا ہے۔ آئندہ نسلوں کو دین دار اور باکردار بنانے کیلئے ان کی تربیت کا آغاز اوائل عمری سے کرنا ہو گا کیونکہ یہی عمر تربیت اور کردار سازی کی ہے۔ کڈز اعتکاف بچوں کی باقاعدہ تعلیم و تربیت کا ایک جامع پروگرام تھا۔ جس میں 7 سال سے لے کر 10 سال کی عمر تک کے بچے شریک ہوئے۔ اعتکاف کے دنوں میں ان بچوں کو اسلامی احکامات کے مطابق زندگی گزارنے کے انداز، فرض و مسنون عبادتیں، آداب اور سیرتِ نبویa کی روشنی میں سیرت و اخلاق سنوارنے کے متعلق تعلیم و تربیت دی گئی۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے بچوں کی دینی تربیت کیلئے عملی کردار ادا کرنے پر منہاج القرآن ویمن لیگ اور ایگرز کی عہدیداران کو مبارکباد دی۔

8۔ چیئرمین سپریم کونسل، صدر MQI اور مرکزی قائدین کا شہراعتکاف کے مختلف حلقہ جات کا دورہ

چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈا پور اور دیگر مرکزی قائدین نے شہر اعتکاف میں پاکستان اور دیگر ممالک سے تشریف لائے ہوئے معتکفین کے حلقہ جات کے دورہ جات کیے اور معتکفین سے ملاقاتیں بھی کیں۔ اِن ملاقاتوں کے دوران معتکفین نے احیائے اسلام، تجدید دین اور اصلاحِ احوال کے حوالے سے اپنے اپنے علاقوں میں جاری سرگرمیوں کے بارے میں مرکزی قائدین کو آگاہ کیا اور مرکزی قائدین نے مصطفوی مشن کے پیغام کے فروغ اور اسلامی تعلیمات کی کماحقہ ترویج کے لیے تنظیمات و کارکنان کے کام کو سراہا اور ہدایات سے نوازا۔

9۔ جملہ طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کا شہرِ اعتکاف کا دورہ

زندگی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد میں سے کثیر افراد نے ہر روز شہر اعتکاف کا دورہ کیا۔ ان میں علماء، مشائخ، سیاستدان، وکلاء، صحافی حضرات، مسیحی اور سکھ برادری کے نمائندے، اساتذہ اور طلبہ نمایاں ہیں۔ بالخصوص علماء و مشائخ کی ایک کثیر تعداد محترم علامہ امداداللہ قادری، محترم علامہ میر آصف اکبر اور منہاج القرآن علماء کونسل کی دعوت پر شیخ الاسلام کے خطابات کو سننے کے لیے خصوصی طورپر تشریف لاتی رہی۔

  • علاوہ ازیں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور سینیئر سیاستدان میاں منظور احمد خاں وٹو، خانہ فرہنگ ایران کے ڈائریکٹر جنرل آغا جعفر روناس، صمصام بخاری، پی سی بی کے سابق ڈائریکٹر اظہر زیدی نے بھی شہر اعتکاف کا دورہ کیا۔ ان احباب نے چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری و دیگر مرکزی قائدین سے خصوصی ملاقات کی اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے کام اور دینِ اسلام کے لیے آپ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا کہ منہاج القرآن فی زمانہ اصلاحِ احوال کی ایک عظیم تحریک ہے جو اسلام اور انسانیت کی خدمت کا فریضہ سر انجام دے رہی ہے۔
  • امسال شہر اعتکاف میں پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ رمضان المبارک کے کسی پروگرام میں غیر مسلموں کی نمائندگی کرتے ہوئے ان کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ اس سلسلہ میں ڈائریکٹر انٹر فیتھ ریلیشنز سہیل احمد رضا کی دعوت پر کیتھولک چرچ آف پاکستان کے سربراہ آرچ بشپ سبسٹین فرانسس شا اپنے وفد کے ساتھ شریک ہوئے اور منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے مسلمانوں کو رمضان، اعتکاف اور آنے والی عیدالفطر کی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ منہاج یونیورسٹی نے مسیحی طلبہ کے لیے خصوصی رعایت کا اعلان کررکھا ہے اور کئی مسیحی طلبہ اس سے استفادہ کررہے ہیں۔ تمام مسیحی سکولوں میں مسلمان طلبہ کو قرآن مجید کا ترجمہ عرفان القرآن اور منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کی تیار کردہ اسلامیات کی کتب پڑھائی جائیں گی۔ اس حوالے سے باقاعدہ ایک MOU سائن ہوچکا ہے اور جلد ہی اس کا اطلاق ہوجائے گا۔ علاوہ ازیں سکھ رہنما سردار درشن سنگھ نے بھی شہر اعتکاف میں خصوصی شرکت کی اور اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن کا یہ اقدام بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ میں نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ اس موقع پر سردار درشن سنگھ نے منہاج یونیورسٹی کے لیے ایک گولڈ میڈل دینے کا اعلان کیا۔
  • سینئر وکلاء کے ایک وفد نے لہراسب گوندل ایڈووکیٹ کی قیادت میں منہاج القرآن کے شہر اعتکاف کا دورہ کیا اور چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری سے ملاقات کی۔ اس وفد میں سینئر قانون دان رانا شاہد حسین ایڈووکیٹ، رانا کوثر سلہری ایڈووکیٹ، محمد عرفان کھچی ایڈووکیٹ، سعد احمد خان ایڈووکیٹ، مدثر بٹ ایڈووکیٹ، میاں فرحت سلیم ایڈووکیٹ، رانا محمد اکمل ایڈووکیٹ، بیرسٹر عتیق احمد ایڈووکیٹ، حافظ عثمان لال دین ایڈووکیٹ، ایم ایچ شاہین ایڈووکیٹ، نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ، سردار غضنفر حسین ایڈووکیٹ اور دیگر وکلاء شامل تھے۔

10۔ لیلۃ القدر کا سالانہ عالمی روحانی اجتماع 2022ء

تحریک منہاج القرآن کے شہر اعتکاف میں 27 ویں شب رمضان، لیلۃ القدر کا عالمی روحانی اجتماع جامع المنہاج بغداد ٹاؤن لاہور میں منعقد ہوا۔ روحانی اجتماع کی تقریب شہر اعتکاف سے منہاج ٹی وی کے ذریعے براہ راست نشر کی گئی۔ شہر اعتکاف میں جملہ شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے نمایاں افراد بالخصوص علماء و مشائخ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں ہزاروں معتکفین و معتکفات اور ملک بھر سے عشاقان مصطفیٰ کی بڑی تعداد بھی عالمی روحانی اجتماع میں شریک تھی۔ چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈا پور، نائب صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان، جملہ مرکزی نائب ناظمین اعلیٰ، ناظمین، سربراہان فورمز و شعبہ جات اور رفقاء و کارکنان تحریک بھی اجتماع میں شریک تھے۔ قراء حضرات نے تلاوتِ قرآن اور نعت خوانان نے حضور نبی اکرمa کی بارگاہ میں ہدیہ عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔

سالانہ عالمی روحانی اجتماع میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ’’قربِ الہی‘‘ کے موضوع پر خصوصی خطاب کرتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ درج ذیل سات حجابات بندے کو اللہ کی قربت سے دور کرتے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ ہم اپنے اعمال کی وجہ سے اللہ سے دور ہیں۔ ہم حجابات میں رہتے ہیں اور اللہ سے دور ہوتے چلے جاتے ہیں:

1۔ پہلا حجاب کفر و شرک کا حجاب ہے۔ بندہ اللہ کو مانتا ہی نہیں اور اس پر ایمان ہی نہیں رکھتا۔

2۔ دوسرا حجاب عقائدِ فاسدہ کا ہے۔ بندے کے گمراہ کن اور غلط خیالات و نظریات بندے کو اللہ سے دور کر دیتے ہیں۔

3۔ تیسرا حجاب باطنی گناہوں کا ہے۔ حسد، کبر، تکبر، خود پسندی، کینہ، دنیا کا حرص، دنیاوی مال اور لالچ جیسے رذائل جب دل میں پیدا ہوتے ہیں تو یہ کبیرہ گناہ بندے کو اللہ سے دور کرتے چلے جاتے ہیں۔

4۔ چوتھا حجاب ظاہری کبیرہ گناہ ہیں۔ جیسے قتل نفس، والدین کی نافرمانی، حرام کھانا اور محرمات کی حدود پامال کرنا ہے۔

5۔ پانچواں حجاب صغائر گناہوں کا ہے۔ ہر وہ کام جو اللہ اور اس کے رسولa کی ناراضگی کا سبب بنے۔ یہ گناہ کثرتِ عبادات کے سبب معاف تو ہوسکتے ہیں لیکن جب تک اس صغیرہ گناہ کو ترک نہیں کریں گے، دل پر پڑا ہوا پردہ نہیں اٹھے گا۔

6۔ چھٹا حجاب وہ فضول چیزیں ہیں جنہیں ہم عام معمولات میں کرتے رہتے ہیں۔ یاد رہے کہ یہ چیزیں صغیرہ و کبیرہ اور باطنی گناہ نہیں بلکہ ان سے ہٹ کر لا یعنی گفتگو ہے جیسے لغویات اور فضولیات۔

7۔ ساتواں حجاب غفلت ہے۔ یعنی ہم دل میں تسبیح کرتے ہیں لیکن دل اس تسبیح کے ساتھ جڑا ہوا نہیں ہے۔ ہم عبادت کر رہے ہیں لیکن دل اس عبادت میں نہیں ہے۔

11۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری، ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی نئی کتب

عالمی روحانی اجتماع کے موقع پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری،ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی درج ذیل نئی کتب زیورِ طباعت سے آراستہ ہوکر منظرِ عام پر آئیں۔ ڈائریکٹر فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ محمد فاروق رانانے ان کتب کا تفصیلی تعارف پیش کیا:

1۔ غایۃ الإنعام فی بعض زمن الشہور واللیالی والأیام (مختلف مہینوں اور دنوں کے فضائل و برکات )

2۔ سلسلہ تعلیماتِ اِسلام: 2 اِسلام

3۔ سلسلہ تعلیماتِ اِسلام: 3 اِیمان

4۔ سلسلہ تعلیماتِ اِسلام: 4 اِحسان

5۔ سلسلہ تعلیماتِ اِسلام: 15 عقیدہ توحید (ایمان باللہ( (سلسلہ تعلیمات اسلام کی یہ چار کتب اضافہ جات اور نئی ابواب بندی کے ساتھ دوبارہ طبع ہوئی ہیں)

6۔ Islamic Economics (Reconstruction)

7۔ جنت کی خصوصی بشارت پانے والے 100 صحابہ و صحابیات رضوان اللہ علیہم اجمعین

8۔ تصوف کا لغوی اشتقاق اور معنوی استحقاق

9۔ تصوف اور لزومِ قرآن و سنت

10۔ القواعد المہمۃ فی التصحیح والتحسین والتضعیف والترجیح عند الأئمۃ

11۔ الاکتمال فی نشأۃ علم الحدیث وطبقات الرجال

12۔ آدابِ اِختلاف (ڈاکٹر حسن محی الدین قادری)

13۔ سوشل میڈیا کی اخلاقیات (ڈاکٹر حسن محی الدین قادری)

14۔ دستور المدینۃ المنورۃ (اردو اور انگریزی ورژن) (ڈاکٹر حسن محی الدین قادری)

15۔ حقیقتِ استقامت (قدیم و جدید فکری اَسالیب) (ڈاکٹر حسین محی الدین قادری)

16۔ وقت کی اَہمیت (اِسلامی تعلیمات کے تناظر میں) (ڈاکٹر حسین محی الدین قادری)

17۔ پارہ نمبر 2 :قرآن مجید کا سہ لسانی (عربی، اردو اور انگریزی) لفظی و بامحاورہ ترجمہ مع نحوی ترکیب

18۔ سفر نامہ فرید ملتؒ

12۔ مرکز اور اندرون و بیرونِ ملک غیر معمولی کارکردگی کے حامل عہدیداران و تنظیمات کو ایوارڈز

مرکز، مرکزی تعلیمی ادارہ جات، ملکی تنظیمات اور بیرون ملک خدمات سرانجام دینے والے عہدیداران و کارکنان میں سے غیر معمولی کارکردگی کے حامل افراد کو ایوارڈز دینے کی درج ذیل تقاریب بھی 25، 27 اور 29 اپریل کو شہر اعتکاف میں منعقد کی گئیں:

1۔ تحریک منہاج القرآن کے شہرِ اعتکاف میں مرکزی سیکرٹریٹ میں خدمات سرانجام دینے والے مرکزی قائدین، نائب ناظمین اعلیٰ، صدور و ناظمینِ فورمز، تحریک کے مختلف شعبہ جات کے ڈائریکٹرز اور سٹاف ممبران، مرکزی تعلیمی ادارہ جات منہاج یونیورسٹی، کالج آف شریعہ، گرلز کالج، تحفیظ القرآن انسٹی ٹیوٹ اور آغوش گرائمر سکول میں اعلیٰ کارکردگی کے حامل قائدین، اساتذہ اور سٹاف ممبران کو گولڈ میڈلز اور شیلڈز سے نوازا گیا۔

2۔ پاکستان بھر سے تحریک منہاج القران و جملہ فورمز کے ذمہ داران اور تنظیمات کو تنظیمی امور میں غیر معمولی خدمات سرانجام دینے پر گولڈ میڈلز، شیلڈز اور ایوارڈز دینے کی تقریب بھی شہرِ اعتکاف میں منعقد ہوئی جس میں تنظیمات کو ان کی اجتماعی کارکردگی اور ذمہ داران کو ان کی انفرادی کارکردگی کی بنا پر ایوارڈز دیئے گئے۔

3۔ شہر اعتکاف میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کے پلیٹ فارم سے ایشیائی ممالک، آسٹریلیا، ساؤتھ افریقہ، امریکہ برطانیہ، یورپ اور گلف میں دینی و تبلیغی اور انسانیت کی خدمتِ کا فریضہ نہایت احسن انداز میں انجام دینے اور اسلامک سنٹرز تعمیر کرنے اور انھیں کامیابی کے ساتھ چلانے پر منہاج القرآن انٹرنیشنل کے مختلف ممالک کے عہدیداران و کارکنان کے لیے گولڈ میڈلز، ایوارڈز اور شیلڈز دینے کی تقریب منعقد ہوئی۔

  • چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور کے ہمراہ مذکورہ قائدین، عہدیداران اور تنظیمات کو گولڈ میڈلز اور شیلڈز تقسیم کیں اور ایوارڈ وصول کرنے والے عہدیداران و تنظیمات کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے تحسینی کلمات ارشاد فرمائے۔ اس موقع پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ایوارڈز وصول کرنے والے جملہ عہدیداران و کارکنان اور تنظیمات کو مبارکباد دی اور ان کی توفیقات میں اضافے اور استقامت کے لیے دعا کی۔
  • تحریک منہاج القرآن کا 29 واں شہراعتکاف 2 مئی 2022ء کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی عالمِ اسلام اور پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔