شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا دورۂ برطانیہ

خصوصی رپورٹ: جی ایم ملک

گزشتہ ماہِ جولائی2022ء میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری برطانیہ کے دعوتی اور تنظیمی دورہ پر تشریف لے گئے۔ اس دورہ کے دوران آپ نے مختلف پروگرامز اور کانفرنسز میں شرکت کی۔ اس دورہ میں علماء و مشائخ اور ہر طبقہ زندگی سے تعلق رکھنے والے احباب نے آپ سے ملاقاتیں کیں۔ اس دورہ کی مختصر رپورٹ نذرِ قارئین ہے۔ (تفصیلی رپورٹ اور تصاویر کے لیے www.minhaj.org پر ملاحظہ فرمائیں)


1۔ گلاسگو میں علمائے کرام و سکالرز کی شیخ الاسلام سے ملاقات

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری سے برطانیہ میں سکاٹ لینڈ میں خدمتِ دین انجام دینے والے علمائے کرام اور مذہبی سکالرز کی ایک بڑی تعداد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ اسلام کی حقیقی انسانی و روحانی تعلیمات کے فروغ و احیاء کے لئے علمائے کرام کو فروعی و مسلکی اختلافات سے بالاتر ہونا ہو گا۔ اسلام اتحادِ امت اور اجتماعیت کا دین ہے۔ فرقہ واریت سے اتحادِ امت اور بین المذاہب رواداری کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔ بیرونی دنیا میں مقیم ہر مسلمان اسلام کا داعی اور سفیر ہے۔

دیارِ غیر میں علمائے کرام دیگر مذاہب کے عوام کے لئے رول ماڈل بنیں۔ حضور نبی اکرم ﷺ سراپا شفقت و رحمت تھے۔ آپ ﷺ اپنے پاکیزہ کردار اور گفتار کی وجہ سے خاص و عام میں مقبول ہیں۔ آپ ﷺ کا اسوۂ مبارک آج بھی اُمت کے لئے مشعل راہ ہے۔ جب مصطفوی تعلیمات کے مطابق خدمتِ دین کا فریضہ انجام دیا جائے گا تو اُس کے ثمرات یقینی طور پر ظاہر ہوں گے اور اُمہ کا کردار وسعت پذیر ہو گا۔

اسلام انفرادیت نہیں اجتماعیت کی بات کرتا ہے۔ اسی لئے قرآن نے لاتفرقوا کا حکم دیا ہے۔ اسلام کسی ایک گروہ یا فرقے کی نہیں پوری انسانیت کی بات کرتا ہے۔ اسلام کو مختلف ٹکڑوں میں بانٹ کر ملی وحدت کو نقصان پہنچایا گیا۔ خود کو حق کہنا اور دوسروں پر باطل کے فتوے دینا انتہا پسندی اور شدت پسندی ہے۔ ایسے رویوں کی اسلام میں کوئی گنجائش نہیں ہے۔

ملت کی امیدیں علمائے کرام سے وابستہ ہیں۔ علماء بنائے دین کے محافظ ہیں۔ علمائے کرام نوجوانوں کو افتراق و انتشار اور اخلاقی و فکری گراوٹ سے باہر نکالیں۔

شیخ الاسلام کی فکری نشست میں گلاسگو، ایڈنبرا، گلینارتھ، ڈنفرم لائن، کومبرلینڈ اور سکاٹ لینڈ کے طول و عرض سے درجنوں علماء، سکالرز نے شرکت کی۔ علماء و سکالرز میں مولانا شبیر ربانی، مولانا مظہر حسین چشتی، مولانا سعید نقشبندی، شیخ حسن ربانی، شیخ حماد منصور، حافظ فیض احمد، شیخ علی عباس، حافظ محمد ساجد، قاضی تجمل حسین، شیخ رومی غفور، قاری محمد مشتاق، مولانا عتیق الرحمن، مولانا منصور، قاری احمد صدیقی، قاری محمد شاہد، حافظ محمد نوید، سید امانت شاہ، شیخ عامر جمیل، ڈاکٹر محمد رفیق حبیب، علامہ محمد شاہد بابر، علامہ عثمان الازہری، علامہ غلام احمد صمدانی، علامہ عدیل قاسمی، محمد شیراز، محمد کامران صوفی، ڈاکٹر محمد ادریس، دانش اشرف، شوکت سلطان، چودھری محمد منیر، مولانا سید طفیل شاہ، ڈاکٹر جاوید گل، ڈاکٹر جاوید ندوی، مفتی راغب، قاری ماجد حامد، حافظ قاری عبداللہ، مولانا ابراہیم، ڈاکٹر حافظ خالد رضوان، مولانا ابوبکر، مولانا راجہ سرفراز، مولانا نور الہدیٰ، مولانا اختر زینبی اور مولانا امین شام شامل تھے۔

2۔ MQI انگلینڈ نارتھ زون کے عہدیداران سے نشست

منہاج القرآن انٹرنیشنل انگلینڈ نارتھ زون کے عہدیداروں اور کارکنان نے شیخ الاسلام کے ساتھ ملاقات کی۔ اس موقع پر چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، شیخ حماد مصطفی المدنی القادری اور شیخ احمد مصطفی العربی القادری بھی موجود تھے۔ ملاقات میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے تربیتی گفتگو کی۔

3۔ اولڈہم (مانچسٹر) میں علماء و سکالرز سے ملاقات

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی اولڈہم (مانچسٹر) کی سنٹرل مسجد میں علماء اور سکالرز کے خصوصی ملاقات کا اہتمام کیا گیا، جس میں برطانیہ بھر سے مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام اور اسکالرز نے شرکت کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شیخ الاسلام نے فرمایا کہ حقیقی اسلامی تعلیمات کے فروغ کے لیے ہمیں زمانے کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے دعوت کا فریضہ سرانجام دینا ہے۔ علم، محبت اور صبرو تحمل کے فروغ کے ذریعے ہی ہم انتہا پسندانہ نظریات کو شکست دے کر اعتدال و توازن اور امن و سلامتی پر مبنی اسلامی تعلیمات کو فروغ دے سکتے ہیں۔ انتہا پسندی کے خلاف لڑنے کے لیے علم ہی کلیدی کردار ادا کرسکتا ہے اور معاشرے کو روشن خیال بناسکتا ہے۔

اس موقع پر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، شیخ حماد مصطفی المدنی القادری اور شیخ احمد مصطفی العربی القادری بھی موجود تھے۔ اس نشست میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے علماء کو حدیث مسلسل بالمصافحہ کی خصوصی اجازت بھی عطا فرمائی۔

4۔ برطانیہ میں شیخ الاسلام کا نیشنل یوتھ کانفرنس سے خطاب

منہاج القرآن انٹرنیشنل برطانیہ کے زیراہتمام نیشنل یوتھ کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے خطاب کیا۔ اس موقع پر انہوں نے منہاج القرآن انٹرنیشنل برطانیہ کے پلیٹ فارم سے یوتھ موومنٹ کے قیام کا اعلان کیا۔ شیخ الاسلام نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ میں یوتھ موومنٹ نوجوانوں میں محبت رسول ﷺ کے فروغ کے لیے منہاج مسلم جنریشنز کے نام سے کام کرے گی۔

شیخ الاسلام نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کامیابی حاصل کرنا چاہتے ہیں تو زندگی میں اعتدال اور توازن پیدا کریں۔ انسان کی مادی زندگی، روحانی زندگی اور روزمرہ کے معمولات زندگی میں اعتدال اور توازن قائم کرنے میں ہی کامیابی ہے۔ آج ہمیں ایک کامیاب انسان بننے کے لیے اپنی ضروریات زندگی اور کاروبار وغیرہ حتیٰ کہ عبادات اور اللہ رب العزت کی بندگی و نوکری میں بھی توازن کا حسن پیدا کرنا ہے۔ ہمیں اپنی عائلی و خاندانی زندگی میں اپنے والدین، بیوی بچوں، چھوٹے بڑوں، رشتہ داروں اور کمیونٹی کے ساتھ برتائو میں بھی توازن و عدل کے معیارات قائم کرنا ہوں گے۔ اس کے ساتھ اللہ رب العزت کے ساتھ اپنے تعلق بندگی میں بھی توازن و حسن اعتدال پیدا کرنا ہے، کیونکہ توازن اور اعتدال ہی کامیابی کا راستہ ہے۔

یوتھ کانفرنس میں چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، شیخ حماد مصطفی المدنی القادری، شیخ احمد مصطفی العربی القادری کے علاوہ منہاج القرآن انٹرنیشنل UK کے مختلف فورمز کے ذمہ داران و عہدیدار بھی موجود تھے۔

5۔ MQI یوکے ساوتھ زون کے کارکنان کی ملاقات

منہاج القرآن انٹرنیشنل یوکے کے زیراہتمام ساوتھ زون کے کارکنان اور برطانیہ بھر سے منہاج یوتھ کے نوجوانوں کے ساتھ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خصوصی نشست کا اہتمام کیا گیا، جس میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے تربیتی خطاب کیا۔ اس موقع پر شیخ حماد مصطفی المدنی القادری اور شیخ احمد مصطفی العربی القادری بھی موجود تھے۔

شیخ الاسلام نے وفاداری اور بے وفائی کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپنے دین اور ایمان کے ساتھ وفاداری ہی اصل زندگی ہے۔ اپنے ایمان پر استقامت کے ساتھ قائم رہتے ہوئے اللہ تعالیٰ کا شکر گزار رہنا، ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ جب اللہ تعالیٰ نے ہمیں کوئی حکم دیا ہے تو اس پر عمل کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہوتا، اسی کا نام وفاداری اور اطاعتِ الہی ہے۔

دوسری جانب جب بندہ اطاعتِ الہی نہیں کرتا تو پھر اللہ کی بے وفائی کا مرتکب ہوتا ہے، جس سے انسان سے گناہ سرزرد ہوتے ہیں۔ انسان گناہ کرتے ہوئے اللہ کی اطاعت اور احکامِ الہی کو بھول جاتا ہے تو یہاں سے گمراہی کا آغاز ہوتا ہے۔ اللہ کا سچا اور وفادار بندہ اپنی مرضی، خواہشات اور ترجیحات کو امرِ الہی کے سپرد کر دیتا ہے، تاکہ گمراہی کے کفر سے بچا جا سکے، یہی انسان کی بندگی میں کمال کا درجہ ہے۔

موجودہ دور میں انسان کی ہدایت اور گمراہی میں کمپنی اور صحبت بہت بڑا کردار ادا کرتی ہے۔ اچھی صحبت انسان کو اللہ کی بندگی کی طرف لے جاتی ہے۔ آپ سب پر لازم ہے کہ آپ اپنا محاسبہ کریں کہ آپ اچھی صحبت میں ہیں یا اللہ تعالیٰ کے احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بری صحبت اختیار کر چکے ہیں۔ جب بندہ بری صحبت میں چلا جاتا ہے تو پھر شیطان اس بری صحبت کا محافظ بن کر اس بندے کو اللہ تعالیٰ سے دور کرتا چلا جاتا ہے۔

اگر اللہ کا سچا بندہ بننا چاہتے ہیں تو پھر زندگی میں احکامِ الہی کے خلاف اپنی مرضی ترک کر دیں۔ ہمیں احکاماتِ الہی کے سامنے اس مولا کی معصیت، گناہ اور لذاتِ دنیا کو چھوڑنا ہو گا۔ کیونکہ جب ہم اللہ کی وفاداری کا اعلان کرتے ہیں تو پھر شیطان کی وفاداری ترک کرنی ہو گی۔ جب انسان اللہ کی وفاداری اختیار کر لے تو پھر اللہ تعالیٰ اس کو اپنے سچے بندوں میں شامل کر لیتا ہے، جن کو دنیا و آخرت میں عزت ملتی ہے۔ حتیٰ کہ اللہ تعالیٰ قیامت کے دن اپنے سچے بندوں کی شفاعت یعنی سفارش بھی قبول فرمائے گا۔

6۔ پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری UK کے زیر اہتمام شیخ الاسلام کے اعزاز میں ظہرانہ کا انعقاد

پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری UKکے صدر عامر خواجہ نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے اعزاز میں مانچسٹر میں ظہرانہ کا اہتمام کیا۔ اس تقریب میں ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور برطانیہ کی معروف کاروباری شخصیات نے خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شیخ الاسلام نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ہمارا عظیم اثاثہ ہیں اور پاکستان کی معیشت کے لیے اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ بیرون ملک رہنے والے پاکستانی حب الوطنی کے جذبہ سے سرشار ہیں اور اپنے وطن کی ہر تکلیف کو محسوس کرتے ہیں۔ یہ قومی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کرنے کے لیے ہمیشہ تیار اور جذبے سے معمور رہتے ہیں۔

تقریب میں صدر (PCCI-UK) عامر خواجہ نے شیخ الاسلام کا تقریب میں شرکت کرنے پر خصوصی شکریہ ادا کیا اور آپ کو شیلڈ پیش کی۔ اس موقع پر انھوں نے PCCI کی سرگرمیوں بارے حاضرین کو بریفنگ دی۔

7۔ شیخ الاسلام کا مدینۃ الزہرا (بریڈ فورڈ) کا دورہ

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے حالیہ دورہ UK کے دوران منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیرِاہتمام بریڈ فورڈ میں قائم کیے جانے والے عظیم علمی، فکری اور روحانی مرکز ’’مدینۃ الزہراء‘‘ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر آپ نے UK کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے لوگوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مدینۃ الزہراء مستقبل میں ان شاء اللہ العزیز نوجوان نسل کے ایمان کے تحفظ، امن اور صبرو تحمل کے فروغ، تعلیم و تربیت کی اشاعت اور تعمیر ذات کے حقیقی تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے اہم کردار ادا کرے گا۔ دعا ہے کہ یہ منصوبہ جلد از جلد مکمل ہو اور اپنے مقاصد کی تکمیل کے لیے اپنے سفر کا آغاز کرسکے۔

اس موقع پر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، شیخ حماد مصطفی المدنی، شیخ احمد مصطفی العربی، محترمہ ڈاکٹر غزالہ قادری، محترمہ باسمہ حسن قادری اور MQI بریڈ فورڈ کے عہدیداران و ذمہ داران بھی موجود تھے۔