ضروری ہدایات برائے اندرون و بیرون ملک تنظیمات

منہاج القرآن انٹرنیشنل، جملہ فورمز اور بیرون ممالک کی جملہ تنظیمات و عہدیداران، رفقاء اور وابستگان کو مطلع کیا جاتا ہے کہ:

پاکستان یا بیرون ملک، تحریک کے کسی بھی سطح کے موجودہ و سابقہ عہدیدا ران، رفقاء اور وابستگان، آ پس میں کوئی مشترکہ بزنس یا انویسٹمنٹ کرتے ہیں تو یہ خالصتاً ان کا ذاتی بزنس/کنٹریکٹ ہوگا اور اسکے نفع ونقصان اور ہر طرح کے دیگر معاملات کے وہ خود ذمہ دار ہوں گے۔ تحریک منہاج القرآن ان کے یا کمپنی کے کسی کنٹریکٹ اور اقوال و افعال یا مستقبل میں پیش آنے والے معاملات کی ہرگز ذمہ دار نہ ہوگی۔ فریقین کو اپنے معاملات/تنازعات کی ثالثی کے لیے مرکزی قیادت سے درخواست کی بھی اجازت نہ ہوگی۔

تجدید و احیائے دین کی عالمگیر تحریک، منہاج القرآ ن انٹرنیشنل اللہ کے فضل و کرم اور آقائے دو جہاں ﷺ کے قدمین کے طفیل پورے عالم میں فروغ پذیر ہے۔ تعلیمی و فلاحی اور مختلف النوع دیگر پراجیکٹس کا دائرہ تیزی سے پوری دنیا میں پھیل رہا ہے جو یقیناً بارگاہ الوہیت و مصطفویت ﷺ کی خصوصی عطا ہے۔

دنیا بھر میں تحریک کے تعلیمی، فلاحی و رفاہی، ہمہ جہت منصوبوں کی پلاننگ و منظوری، فاؤنڈیشن سے تعمیر و تکمیل، کامیاب آغاز و ترقی، توسیع اورتزئین وآرائش تک کا سار اکام مرکزی سطح پر ایک ’’نظام العمل‘‘ کے تحت کیا جاتاہے۔ ہرمنصوبے کے لیے فنڈز جمع اورخرچ کرنے کا ایک شفاف نظام موجود ہے۔ اس نظام کی خوبصورتی ہے کہ تحریک کے ارفع مقاصد کے حصول کیلئے کل آمدہ وسائل صرف منہاج القرآن کے نام رجسٹرڈ اراضی پر اعلان شد ہ منصوبے کے مطابق ہی خرچ کیے جاتے ہیں۔ اندرون اور بیرون ملک جس شہر او ر ملک میں پراجیکٹ لانچ کیا جاتا ہے، مرکزی سطح پر اس کیلئے میڈیا کمپین لانچ ہوتی ہے اور مقامی تنظیمات کو فنڈ ریزنگ کی باقاعدہ اجازت و ہدایات جاری ہوتی ہیں۔

یہاں انتہائی ضروری اطلاع د ی جاتی ہے کہ دنیا بھر میں تحریک کے جملہ فورمز کے موجودہ اور سابقہ ہر سطح کے عہدیدا ران، رفقاء اور وابستگان میں سے کوئی شخص ذاتی حیثیت میں تعلیمی یا فلاحی ادا رہ فنڈریزنگ کے ذر یعے قائم کرنا چاہے تو یہ قطعاً ایک فرد یا افراد کاپراجیکٹ/ادارہ ہوگا اس کا تعلق کسی بھی سطح پر منہاج القرآ ن انٹرنیشنل اور اسکی ذیلی تنظیمات اور فورمز سے ہرگز نہ ہوگا۔ منہاج القرآن کے رفقاء/وابستگان میں سے کوئی شخص انفرادی یا اجتماعی سطح پراس پراجیکٹ کے لئے فنڈز دیتا ہے یا فنڈز دیتے ہیں تو یہ قطعاً ان کا انفراد ی فعل ہوگا۔ کسی کے ذاتی پراجیکٹ کی تشہیر، فنڈریزنگ، اخراجات اور انکی شفافیت سمیت کسی بھی مرحلے پر کسی بھی معاملے کی کوئی ذمہ داری منہاج القرآن انٹرنیشنل اوراس کی مرکزی یا کسی بھی سطح کی قیادت، رفیق اوروابستہ پر ہرگز نہیں ہوگی۔

مرکزی سیکرٹریٹ منہاج القرآ ن انٹرنیشنل کی طرف سے واضح ہدایات کے باوجود اگر کوئی تحریکی بھائی/بہن اس حوالے سے ابہام محسوس کرے تو بلاتاخیر مرکز سے رابطہ کرکے بروقت راہنمائی لے سکتا ہے۔ اس کا یہ عمل اس کے اور تحریک کے بہترین مفاد میں ہوگا۔

منجانب: خرم نواز گنڈا پور، ناظم اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل