تنظیمی تربیتی کیمپ 2019ء

خصوصی رپورٹ

اللہ رب العزت نے کائنات کو بنایا تو اس کی رشد و ہدایت کے لیے انبیاء علیہم السلام کو مبعوث کیا تاکہ وہ بھولی بھٹکی قوم کو راہِ راست پر لانے کا فریضہ سرانجام دیں۔ انبیاء علیہم السلام کے بعد یہ ذمہ داری امت مسلمہ کی جماعت پر ڈال دی گئی۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے:

وَلْتَکُنْ مِّنْکُمْ اُمَّةٌ یَّدْعُوْنَ اِلَی الْخَیْرِ وَیَاْمُرُوْنَ بِالْمَعْرُوْفِ وَیَنْهَوْنَ عَنِ الْمُنْکَرِ.

’’اور تم میں سے ایسے لوگوں کی ایک جماعت ضرور ہونی چاہیے جو لوگوں کو نیکی کی طرف بلائیں اور بھلائی کا حکم دیں اور برائی سے روکیں۔‘‘

(آل عمران، 3: 104)

اس آیت کی روشنی میں اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں کے لیے دعوتِ دین کو لازمی عنصر قرار دیا۔ اس مقصد کے پیش نظر دعوت دین یا خدمت دین کا فریضہ سرانجام دینے والے افراد کی شخصی تربیت نہایت اہمیت کی حامل ہے تاکہ ان کے زیرِ اثر افراد کی تربیت صحیح خطوط پر استوار کی جاسکے۔ یہی وجہ ہے کہ تحریک منہاج القرآن اپنے کارکنان کی تربیت پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے مختلف کیمپس کا انعقاد کرتی ہے۔ امسال منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیر اہتمام مورخہ 4 تا 7 اپریل خواتین کی روحانی، اخلاقی، فکری اور تنظیمی تربیت کے لیے کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں ملک بھر سے کثیر تعداد میں خواتین نے شرکت کی۔ اس کیمپ کا مقصد خواتین کی تربیت اس نہج سے کرنا تھا کہ وہ معاشرہ میں جزو لاینفک کی حیثیت میں اپنا مفید کردار ادا کرسکیں۔ اس کیمپ میں محترمہ ڈاکٹر غزالہ حسن قادری (ممبر سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل) نے خواتین کی تربیت کی اہمیت کے پیش نظر خصوصی وقت عنایت کیا اور کینیڈا سے اس کیمپ میں شرکت کے لیے تشریف لائیں۔

اس کیمپ کے شیڈول کو مختلف سیشنز میں منقسم کیا گیا تاکہ خواتین کی دلچسپی کو برقرار رکھا جاسکے۔ کیمپ کے پہلے روز منہاج القرآن ویمن لیگ کے شعبہ جات جن میں نظامت دعوت و تربیت، عرفان الہدایہ پراجیکٹ اور ماہنامہ دختران اسلام نے محترمہ ڈاکٹر غزالہ حسن قادری کو اپنی کارکردگی رپورٹ پیش کی جس کو انہوں نے سراہتے ہوئے آئندہ مزید بہتری کے لیے تجاویز دیں۔ اس دن اگلا سیشن مختلف زونز سے تشریف لائی ہوئی خواتین کے ساتھ تعارفی نشست پر مبنی تھا۔

جس کے آغاز میں محترمہ فرح ناز صدر ویمن لیگ نے تنظیمات کو خوش آمدید کہا اور استقبالیہ پیش کیا۔ ناظمہ ویمن لیگ محترمہ سدرہ کرامت نے ورکنگ پلان 2019ء کے اہداف، مثالی تنظیمات کے قیام پر تفصیلی گفتگو کی۔ جبکہ زونل ناظمہ KPK محترمہ ام حبیبہ، زونل ناظمہ شمالی پنجاب محترمہ ارشاد اقبال، زونل ناظمہ سینٹرل پنجاب محترمہ عائشہ مبشر، زونل ناظمہ لاہور محترمہ آمنہ بتول، زونل ناظمہ جنوبی پنجاب محترمہ میمونہ شفاعت اور صائمہ نور، زونل ناظمہ کشمیر محترمہ عذرا اکبر، زونل ناظمہ سندھ محترمہ نسرین مصطفوی نے زونز کی جملہ تنظیمات کا تعارف اور کارکردگی پیش کی۔ اس سیشن کے اختتام پر محترمہ ڈاکٹر غزالہ حسن قادری نے ملک بھر سے آئی تنظیمات کی کارکردگی پر انہیں مبارکباد پیش دی۔

کیمپ میں خواتین کو تنظیمی ورکنگ بہتر بنانے کے لیے عملی مشقوں کی صورت میں تربیت فراہم کی گئی جس میں گروپ ڈسکشنز بھی شامل تھیں اور تربیتی ورکشاپ میں شامل خواتین کو پراجیکٹس کے انتخاب، انہیں مکمل کرنے اور حکمت عملی وضع کرنے کی مشق بھی کروائی گئی۔ علاوہ ازیں ان ورکشاپس کے ذریعے یونین کونسل میں تنظیم سازی کے ہدف کے حصول کے لیے تنفیذی پلان بھی دیا گیا اور ان ورکشاپس کے ذریعے یونین کونسل ایک رفیق ماہانہ کے لیے پلاننگ اور تنفیذ کے طریقہ کار کو وضع کیا گیا۔ خواتین کی طرف سے ان ورکشاپس کے لائحہ عمل کو بہت سراہا گیا۔ اس کیمپ کے دوران ویمن لیگ کے مختلف پراجیکٹس کا تعارف بھی پیش کیا گیا جس میں محترمہ زینب ارشد نے MSM سسٹرز کے پراجیکٹ دانش کدہ، محترمہ انیلہ الیاس نے نظامت دعوت و تربیت کے لائحہ عمل اور ٹارگٹس، محترمہ ثناء وحید نے Woice کے پراجیکٹس، محترمہ شاکرہ چوہدری نے سوشل میڈیا ٹریننگ، محترمہ ایمن یوسف نے ایگرز اور محترمہ کلثوم طفیل نے عرفان الہدایہ کا تعارف پیش کیا۔ بعد ازاں مذکورہ ڈیپارٹمنٹس کے ساتھ میٹنگ میں ڈاکٹر غزالہ حسن قادری نے ویمن لیگ کے تمام ڈیپارٹمنٹس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مبارکباد پیش کی۔

اس کیمپ میں ڈاکٹر غزالہ حسن قادری کے لیکچرز کے انداز اور موضوعات نے سحر طاری کئے رکھا۔ آپ نے اپنے خصوصی لیکچرز میں کہا کہ دعوت دینے والا بھی اپنی عملی زندگی میں شفافیت کا حامل ہو، اس کی موضوع پر گرفت ہو اور جن باتوں کا وہ اظہار کررہا ہے خود بھی اس پر عملدرآمد کررہا ہو، باعمل شخص ہی بہتر طریقے سے عمل کی ترغیب اور تحریک دے سکتا ہے ،عمل کے بغیر علم ناکافی ہے ہمیشہ عاجز رہیں ،انہوں نے کہا کہ اللہ رب العزت نے آپ کو دین کی خدمت کے لیے منتخب فرمایا ہے۔اللہ تعالیٰ اپنے خاص اور چنیدہ بندوں کو اپنے دین کی خدمت کے لیے مخصوص کرتا ہے اور اگر کوئی اس خدمت کے لیے منتخب کر لیا جائے تو اس میں منتخب شدہ شخص کا کوئی کمال نہیں یہ اللہ کی عطاء اور کرم ہے کہ وہ جس سے چاہے اپنے دین کی خدمت کا کام لے لے، اس لیے خدمت دین کے کام کو انجام دیتے ہوئے اللہ کے ہاں سجدہ ریز بھی رہیں اور اس کا ہر سانس کے ساتھ شکر بھی ادا کرتے رہیں کہ اللہ نے ایک اچھے کام کے لیے ان کا انتخاب کیا، کسی بھی داعی کے لیے سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ وہ خود بھی باعمل ہو، باعمل شخص جب نیکی کی ترغیب دے گا تو اس کی گفتگو اور دعوت میں ایک تاثیر ہو گی اور یہ تاثیر سننے والے پر بھی اثر چھوڑے گی،داعی نماز و اذکار کی پابندی کرے۔

چیئرمین سپریم کونسل محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کیمپ کی شرکاء خواتین سے ’’تجدید دین کے تقاضے‘‘ پر سیر حاصل گفتگو کرتے ہوئے نصیحت کی کہ نماز، درود اور دعوت کو اپنا وظیفہ بنالیں۔منہاج القرآن واحد تحریک ہے جس میں پانچ عناصر ہیںتفکر، تحقق، تحرک، تفقہ اور تصوف شامل ہیں۔

محترم بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان نے تنظیمات سے اظہار خیال فرمایا اور ویمن لیگ کو کامیاب تربیتی کیمپ پر مبارکباد دیتے ہوئے شرکائے کیمپ کا شکریہ ادا کیا کہ وہ اخلاقی، فکری اور روحانی تربیت کے لیے دور دراز سے تشریف لائیں۔ محترم ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈا پور نے بھی تنظیمی و تربیتی ورکشاپ میں شریک تنظیمات سے خطاب کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی اور ان کی خدمات کو سراہا۔

کیمپ کے آخری روز حضور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کیمپ میں خصوصی شرکت کرتے ہوئے ویمن لیگ کی خواتین کی تنظیمی تربیت کے لیے کی جانے والی اس کاوش کو بہت سراہا اور مختلف دور دراز علاقوں سے آئی تنظیمات سے تعارف لیا۔ آپ نے مرکزی صدر ویمن لیگ فرح ناز اور سدرہ کرامت کو بھی کامیاب کیمپ کے انعقاد پر مرکزی قائدین کی طرف سے بطور خاص مبارکباد دی گئی۔

بعد ازاں خواتین نے اپنی نشستوں سے کھڑے ہوکر بھرپور تالیوں کے ساتھ محترمہ ڈاکٹر غزالہ حسن قادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس کیمپ کے لیے وقت دینے پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔