کانووکیشن منہاج یونیورسٹی لاہور

خصوصی رپورٹ

گزشتہ ماہ منہاج یونیورسٹی لاہور کا کانووکیشن منعقد ہوا۔ کانووکیشن کی تقریب میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے آن لائن شرکت کی، جبکہ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، وزیراعظم کے مشیر شہباز گل، سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، پنجاب حکومت کے ترجمان حسان خاور، ناظمِ اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل خرم نواز گنڈا پور اور میاں عمران مسعود بنفسِ نفیس سٹیج پر براجمان تھے۔

کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ ترقی اور خوشحالی کی چابی تعلیم یافتہ باکردار نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے، تربیت کے بغیر تعلیم بے فائدہ ہے۔ نوجوان علم و تحقیق کے ساتھ دائمی رشتہ استوار کریں اور کردار کو شفاف رکھیں۔

کانووکیشن میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے منہاج یونیورسٹی لاہور کا تعارف اور مختلف ڈگری پروگرامز کے بارے میں شرکاء کانووکیشن کو آگاہ کیا اور بتایا کہ منہاج یونیورسٹی لاہور اپنے بہترین ڈگری پروگرامز اور معیارِ تعلیم کی وجہ سے ڈبلیو 3 کیٹگری میں شمار ہوتی ہے۔

ڈپٹی چیئرمین بورڈ آف گورنرز منہاج یونیورسٹی ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم، تحقیق اور تربیت منہاج یونیورسٹی لاہور کا طرۂ امتیاز ہے۔ اپنے بہترین نظم و نسق اور بلند تحقیقی معیار کی بدولت منہاج یونیورسٹی کا شمار ملکی اور بین الاقوامی سطح کے بہترین تعلیمی اداروں میں ہوتا ہے۔

کانووکیشن میں وزیراعظم کے مشیر شہباز گل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ اور سانحہ ماڈل ٹاؤن جیسے سانحات پر میں شرمندہ ہوں۔ انصاف نہ ملنے سے انتشار پھیلتا ہے۔ سانحہ سیالکوٹ میں انصاف ہوگا اور مجرم پھانسیاں بھی چڑھیں گے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں انصاف اس لئے نہیں ہو رہا کیونکہ اس میں گریڈ 21 اور 22 کے افسران اور اشرافیہ شامل ہیں۔ میں منہاج یونیورسٹی لاہور اور شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو علم کے فروغ پر مبارکباد دیتا ہوں۔

سابق وزیرِ اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے پوری دنیا کے سامنے اسلام کا پرامن چہرہ پیش کیا، معاشرے میں عدمِ برداشت کا بڑھنا لمحہ فکریہ ہے، ہمیں ایک دوسرے کو برداشت کرنے کا کلچر اختیار کرنا ہے یہی ہماری اقدار اور آگے بڑھنے کا راستہ ہے۔

کانووکیشن کے اختتام پر سال 2014ء سے 2020ء کے بی ایس، ایم اے، ایم فل اور پی ایچ ڈی کے 35 سو سے زائد فارغ التحصیل طلباء و طالبات کو ڈگریاں تقسیم کی گئیں اور مختلف تعلیمی شعبہ جات میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے 179 طلباء وطالبات کو گولڈ میڈل جبکہ 278 طلبہ کو رول آف آنر اور میرٹ سرٹیفکیٹس سے نوازا گیا۔ چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، ڈپٹی چیئرمین بورڈ آف گورنرز منہاج یونیورسٹی ڈاکٹر حسین محی الدین قادری اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد نے مختلف تعلیمی شعبہ جات میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو گولڈ میڈل پہنائے اور میرٹ سرٹیفکیٹس سے نوازا۔

تقریب میں رجسٹرار منہاج یونیورسٹی ڈاکٹر خرم شہزاد، مرکزی سیکرٹری اطلاعات منہاج القرآن انٹرنیشنل نوراللہ صدیقی، شہزاد رسول، حاجی محمد اسحاق، حفیظ چوہدری چیئر پرسن ویمن امپاورمنٹ تنزیلہ عمران، جہاں آرا وٹو، اظہر زیدی سمیت منہاج یونیورسٹی لاہور کے مختلف تعلیمی شعبہ جات کے ڈینز، فیکلٹی ممبران اور ڈگریاں وصول کرنے والے طلبہ کے والدین نے شرکت کی۔