منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیر اہتمام عرفان الہدایہ سکالرز ٹریننگ کیمپ

منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیر اہتمام مورخہ 2 تا 5 مئی 2018ء کو عرفان الہدایہ سکالرز ٹریننگ کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں ملک بھر سے سکالرز نے شرکت کی جبکہ محترم سعید رضا بغدادی، محترم غلام مرتضیٰ علوی، ڈاکٹر نبیلہ اسحاق، مسز سعدیہ الماس نے موثر لیکچرز دیئے۔ کیمپ میں سکالرز کے سامنے ماڈل کلاسز بھی پیش کی گئیں۔ کیمپ کے آخری روز عرفان الہدایہ کے زیر اہتمام ماہ رمضان المبارک میں قرآن مجید سے حبی و قلبی تعلق استوار کرنے اور معاشرتی مادیت پرستی کے فتنہ کا قرآنی تعلیمات سے قلع قمع کرنے کے لیے دورہ قرآن پروگرام کا افتتاح بھی کیا۔ افتتاحی تقریب میں چیئرمین سپریم کونسل محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور فضہ حسین قادری نے خصوصی شرکت کی ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اپنے خطاب میں کہا تحریک منہاج القرآن قرآن و سنت کا علم، امن ،رواداری اور احترام آدمیت و تکریم انسانیت پر مبنی پیغام دنیا میں عام کررہی ہے، سوشل میڈیا پر نوجوان طلباء وطالبات اسلام اور پاکستان کی آئیڈیالوجی پر ہونے والے مذموم حملوں کا دفاع بھی کریں اور اسلام کی سچی تعلیمات کے فروغ کیلئے اپنا اسلامی،ملی کردار ادا کریں۔ دین کے فروغ کیلئے بلا امتیاز رنگ و نسل، جنس اسلامی معاشرے کے ہر فرد کی یہ دینی، ملی، قومی، انسانی ذمہ داری ہے کہ وہ سوسائٹی کو پرامن بنانے اور کمزوروں کے حقوق کے تحفظ کیلئے اپنا اسلامی کردار ادا کرے انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ اور بنی نوع انسانیت کی بھلائی کیلئے قرآن و سنت سے بڑھ کر اور کوئی روشنی اور ذریعہ ہدایت نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ فروغ علم اور دینی علوم کے پرچار کیلئے سوشل میڈیا کا بھرپور استعمال کیا جائے، خارجی عناصر نوجوانوں کو فکری انتشار میں مبتلار کررہے ہیں،ان کا مقابلہ ضروری ہے ، اسلام کے حقیقی پیغام کو ہر ذی نفس تک پہنچانے کیلئے سوشل میڈیا کا مثبت اور موثر استعمال وقت کی ناگزیر ضرورت ہے، انہوں نے خواتین میں قرآنی علوم کے فروغ کیلئے عرفان الہدایہ پراجیکٹ کے اجراء پر جملہ خواتین عہدیداران اور سکالرز کو مبارکباد دی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ خدمت دین کی اس جدوجہد کو قبول کرے۔

محترم بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان نے گفتگو کرتے ہوئے ویمن لیگ کی قرآن فہمی کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا اور کامیاب کیمپ پر مبارکباد پیش کی۔

تقریب میں عرفان الہدایہ پراجیکٹ کے حوالے سے ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز نے پراجیکٹ کی غرض و غایت بیان کرتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیر اہتمام رمضان المبارک میں پاکستان کے تمام بڑے شہروں میں الہدایہ پراجیکٹ کے تحت دروس قرآن کااہتمام کیا جارہا ہے اور ان دروس میں بنیادی عقائد ،امن پسندی اور رواداری پر مبنی موضاعات کو زیر بحث لایا جائیگا، قرآن فہمی کے اس ملک گیر پراجیکٹ کے حوالے سے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ محترمہ افنان بابر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ہدایات کے مطابق خواتین میں قرآنی علوم کو فروغ دینے کیلئے بطور خاص اس پراجیکٹ کا آغاز کیا گیا ہے۔

محترمہ کلثوم طفیل (کوآرڈینیٹر الہدایہ) نے اس کیمپ میں الہدایہ پراجیکٹ کے رمضان پروگرام کی پبلسٹی، مارکیٹنگ اور فنڈز Generateکرنے کی حکمت عملی پر لیکچر دیا۔

محترمہ زینب ارشد (صدر MSM) نے الہدایہ پراجیکٹ کی مختلف شہروں میں نیٹ ورکنگ کے طریقہ کار پر خصوصی لیکچر دیا۔

محترمہ لنبیٰ مشتاق (ڈائریکٹر الہدایہ) نے قرآن سکالر کی اہمیت اور اس کی تیاری پر خصوصی بریفنگ دی۔ اس کے ساتھ الہدایہ پراجیکٹ کے پلیٹ فارم سے تیار ہونے والے لٹریچر اور سلیبس پر بریفنگ دی۔