بریگیڈیٔر (ر) اقبال احمد خان کی یاد میں تعزیتی ریفرنس

خصوصی رپورٹ

بے مثال خدمات ہمیشہ یاد رہیں گی: صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل

’’ہر کسی کو موت‘‘ (كل نفس ذائقة الموت) قرآن و حدیث اور حقیقتِ زندگی کا ایک اٹل سچ ہے۔ اس دنیا میں جو بھی جاندار آیا ہے، اسے ایک نہ ایک دن یہاں سے رخصت ہونا ہے۔

إِنَّا لِلّٰهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ

31 مارچ 2026 کو نہایت رنج و غم کے ساتھ اطلاع ملی کہ منہاج القرآن ویمن لیگ کے سابقہ گروپ ہیڈ بریگیڈیئر اقبال احمد خان رضائے الٰہی سے انتقال فرما گئے ہیں۔ مرحوم کی تنظیمی خدمات، خلوص اور ذمہ داری کے ساتھ ادا کی گئی کاوشیں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ ان کا کردار اور اخلاص اہلِ تنظیم کے لیے ایک روشن مثال ہے۔ ان کے انتقال سے پیدا ہونے والا خلا مدتوں محسوس کیا جائے گا۔

ہم دعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی کامل مغفرت فرمائے، درجات بلند فرمائے، اور انہیں اپنی جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ اللہ تعالیٰ پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے اور اس صدمے کو برداشت کرنے کی ہمت دے۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری دامت برکاتہم العالیہ کا اظہارِ تعزیت

منہاج القرآن انٹرنیشنل کے نائب صدر بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان کے انتقال پرشیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری دامت برکاتہم العالیہ نے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے فرمایا:

" بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان کے انتقال پر دلی دکھ اور گہرے رنج کا اظہار کرتا ہوں۔ برگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان ایک عظیم انسان اور مشن کا قیمتی سرمایہ تھے، تحریک منہاج القرآن کے لیے اُن کی غیرمعمولی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اللہ رب العزت ان کی بخشش و مغفرت فرمائے انکے درجات بلند فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں انبیاء علیہم السلام، صدیقین، اولیاء، مقربین، شہداء اور صالحین کی معیت نصیب کرے اور حضور نبی اکرم ﷺ کی شفاعت کے ساتھ ان کی قبر کو جنت الفردوس کا باغ بنا دے۔ اللہ رب العزت اُن کے جملہ پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے اور اُن کی اولاد کو دینِ مبین کی راہ پر استقامت عطا کرے۔ آمین"

نمازِ جنازہ کی ادائیگی

منہاج القرآن انٹرنیشنل کے نائب صدر بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان کی نماز جنازہ DHA لاہورمیں ادا کی گئی۔ نمازِ جنازہ صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے پڑھائی اور مرحوم کی بخشش و مغفرت کے لئے دعا کی۔

پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان (مرحوم) کی دینِ اسلام، انسانیت اور منہاج القرآن انٹرنیشنل کے لئے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان اخلاص وفا کا پیکر، دیانتدار، ایماندار، انتہائی خوش اخلاق، خوش گفتار اور مصطفوی مشن کا عظیم سرمایہ تھے۔ انہوں نے کہاکہ اللہ تعالیٰ بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان کی مصطفوی مشن کے لیے خدمات کو قبول فرمائے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

انہوں نے مرحوم کے پسماندگان بالخصوص راجہ فیض رسول (بیٹے)، سمیع الرحمن اور شجاع الرحمن (نواسے) و دیگر لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔

نمازِ جنازہ میں ناظمِ اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل خرم نواز گنڈا پور، جی ایم ملک، بریگیڈیئر (ر) عمر حیات، حاجی عبد الغفور، ڈاکٹرمحمد رفیق نجم، پروفیسر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد، ڈاکٹر میر آصف اکبر قادری، علامہ اشفاق علی چشتی، میاں زاہد اسلام، علامہ رانا محمد ادریس قادری، کرنل (ر) خالد جاوید، ڈاکٹر محمد فاروق رانا، مظہر محمود علوی، کرنل ر مبشر اقبال، ونگ کمانڈر ر محمد غفار، جواد حامد، عبدالستار منہاجین، شہزاد رسول، حاجی محمداسحاق، قاضی فیض السلام، میاں عبدالقادر، شکیل احمد طاہر، رانا وحید شہزاد قادری، ایوب انصاری، اقبال حسین باجوہ، ثاقب بھٹی سمیت تحریکِ منہاج القرآن و جملہ فورمز کے مرکزی، صوبائی، ضلعی رہنماؤں اور کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مرحوم کے ایصالِ ثواب کیلئے جامع شیخ الاسلام میں دعائیہ تقریب کا انعقاد

جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹاؤن لاہور میں مرکزی نائب صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان مرحوم کے ایصالِ ثواب کیلئے قرآن خوانی و دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، مرکزی قائدین، جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن کے اساتذہ و طلبہ، مرکزی اسٹاف، بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان کے اہلِ خانہ اور منہاج القرآن ویمن لیگ کی ذمہ داران نے خصوصی شرکت کی۔

صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے دعائیہ تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ برگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان نے دینی و دنیاوی آسودگی کی زندگی گزاری، جہاں ان کا آرمی کیریئر شاندار تھا وہیں فروغِ دین کیلئے ان خدمات بھی قابلِ تقلید ہیں۔ ریٹائرمنٹ کے بعد انہوں نے تحریک منہاج القرآن کے مشن کو اپنی زندگی کا اوڑھنا بچھونا بنایا اور تحریک کا استحکام و فروغ ان کی زندگی کا مقصد رہا۔ انہوں نے قیادت کی طرف سے ملنے والی ہر ذمہ داری کو نہایت دیانت داری، اخلاص اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ ادا کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔۔

ناظمِ اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل خرم نواز گنڈاپور نے تقریب کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جمعۃ المبارک کے بابرکت دن ایک عظیم رفیقِ کار کو یاد کرنے کے لیے اکٹھے ہونا ہمارے لیے باعثِ سعادت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر انسان نے اس دنیا سے رخصت ہونا ہے مگر اصل کامیابی نیک نامی اور خدمتِ دین میں ہے۔ انہوں نے بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے تقریباً پچیس سال تک شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی رفاقت میں تحریک کے مختلف شعبہ جات میں نمایاں خدمات سرانجام دیں اور اپنی دیانت، سچائی اور حق گوئی کے باعث ایک مثالی شخصیت کے طور پر جانے جاتے تھے۔

اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان کے فرزند راجہ فیض رسول نے خانوادۂ شیخ الاسلام، تحریک کی مرکزی قیادت اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں تحریک کی قیادت اور کارکنان کی طرف سے جس محبت اور شفقت کا اظہار کیا گیا وہ ان کے خاندان کے لئے باعثِ فخر و سعادت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے والد نے اپنی زندگی کا بڑا حصہ مصطفوی مشن کے لیے وقف کیا اور انہیں اس پر فخر ہے۔ انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے والد کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے تحریک کے ساتھ وابستگی کو جاری رکھیں گے۔

تقریب میں مفتی اعظم منہاج القرآن مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی، ڈاکٹر محمد رفیق نجم، نوراللہ صدیقی، علامہ رانا محمد ادریس قادری، بریگیڈیئر (ر) عمر حیات، جواد حامد، جی ایم ملک سمیت تحریک منہاج القرآن کے مرکزی قائدین، مختلف فورمز و شعبہ جات کے سربراہان اور منہاج القرآن ویمن لیگ کی قیادت اور مرحوم کے اہلِ خانہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں موجود قائدین و کارکنانِ تحریک منہاج القرآن اور شرکاء نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور مغفرت کے لیے دعا کرتے ہوئے مرحوم کے پسماندگان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔