گلدستہ: کھجور کے طبعی اور غذائی فائدے

خدیجہ بتول

طاقت کا خزانہ کھجور اور گڑ کے لڈو

سردی کے موسم میں گھر میں تیار کردہ کھجور اور گڑ کے لڈو سے اپنے جسم کو گرم اور توانا رکھیں۔ آئرن، کیلشیم، فائبر اور قدرتی شکر سے بھرپور یہ لڈو قوت مدافعت کو بڑھاتے ہیں، ہاضمے کو بہتر بناتے ہیں اور تھکاوٹ کو دور کرتے ہیں۔

سردیوں کے آغاز کے ساتھ ہی جسم کو گرم رکھنے اور بیماریوں سے بچنے کے لیے غذائی تبدیلیاں ضروری ہیں۔ کھجور اور گڑ سے بنے لڈو ایک مزیدار اور صحت بخش آپشن ہیں۔ خاص بات یہ ہے کہ انہیں گھر میں آسانی سے بنایا جا سکتا ہے اور بچوں سے لے کر بوڑھوں تک ہر کوئی اسے پسند کرتا ہے۔

کھجور قدرتی شکر، آئرن، فائبر، کیلشیم اور وٹامنز سے بھرپور ہوتی ہے۔ سردیوں میں ان کا استعمال فوری توانائی فراہم کرتا ہے اور قوت مدافعت کو بڑھاتا ہے۔ دوسری طرف، گڑ گرمی فراہم کرتا ہے، خون کو صاف کرتا ہے، اور ہاضمے میں مدد کرتا ہے۔

کھجور اور گڑ کے لڈو بنانے کی ترکیب

اجزا

نرم کھجور 250 گرام

گڑ 150 گرام

گھی 2 کھانے کی چمچ

بادام حسبِ ضرورت

کاجو حسبِ ضرورت

ناریل پاؤڈر حسبِ ضرورت

الائچی پاؤڈر حسبِ ضرورت

ترکیب

لڈو بنانے کے لیے پہلے 250 گرام کھجور کے بیج نکال کر باریک کاٹ لیں۔ پھر 150 گرام گڑ پیس لیں۔ ایک پین میں 2 کھانے کے چمچ گھی ڈالیں اور اس میں کٹی کھجور اور گڑ ڈال دیں۔ ہلکی آنچ پر اس وقت تک ہلائیں جب تک مرکب گاڑھا نہ ہو جائے۔ اگر آپ چاہیں تو اس میں بادام، کاجو، ناریل کے برادے اور الائچی پاؤڈر بھی شامل کر سکتے ہیں۔ جب مرکب ٹھنڈا ہو جائے تو اسے چھوٹے لڈو کی شکل دیں اور کسی باکس میں محفوظ کرلیں۔

صحت کے فوائد

کھجور اور گڑ کے لڈو سردیوں میں جسم کو قدرتی گرمی فراہم کرتے ہیں۔ ان میں موجود آئرن اور کیلشیم ہڈیوں کو مضبوط بناتے ہیں اور خون کی کمی کو روکنے میں مدد دیتے ہیں۔ یہ لڈو تھکاوٹ اور کمزوری کو بھی دور کرتے ہیں، دن بھر توانائی برقرار رکھتے ہیں۔ مزید، یہ بچوں کے لیے ایک صحت مند ناشتے کا آپشن ہیں، جو تجارتی مٹھائیوں سے کہیں بہتر ہے۔

سردیوں کے موسم میں، جب جسم کو اضافی غذائیت اور گرمی کی حرارت ہوتی ہے، کھجور اور گڑ کے لڈو روایتی ہندوستانی غذا کا ایک اہم حصہ بن سکتے ہیں۔ یہ نہ صرف مزیدار ہیں بلکہ صحت کے لیے بھی مفید ہیں۔ اگر آپ موسم سرما میں اپنے آپ کو اور اپنے افراد خانہ کو صحت مند رکھنا چاہتے ہیں تو ان لڈو کو اپنی روزمرہ کی خوراک میں ضرور شامل کریں۔

سردیوں کی خاص سوغات

موسمِ سرما اپنے ساتھ کچھ سوغات بھی لاتا ہے جس کے لیے اکثر لوگ اس موسم کا بے صبری سے انتظار بھی کرتے ہیں۔خشک میوہ جات، گاجر کا حلوہ اور کشمیری چائے سردیوں کی خاص سوغات ہیں جو اس موسم کا مزہ دوبالا کر دیتی ہیں۔

آج ہم آپ کو ایک ایسے مزے دار، صحت بخش اور آسانی سے بننے والے لڈو کی ریسیپی بتانے والے ہیں جو سردیوں کے اس موسم میں آپ کی صحت کو بھی بہتر رکھنے میں مددگار ثابت ہو گی۔

لڈو کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں چینی کا استعمال بھی نہیں ہوتا اور یہ توانائی سے بھرپور ہوتے ہیں۔ تو چلیں اس کی ترکیب جانتے ہیں۔

لڈو بنانے کی ترکیب

لڈو بنانے کے لیے سب سے پہلے بادام، پستہ، کاجو اور اپنی پسند کے خشک میوہ جات لیں۔ خشک میوہ جات کی مقدار کا فیصلہ اپنی پسند کے حساب سے کریں یعنی اگر آپ کو بادام یا پستہ پسند ہے تو آپ اسے زیادہ مقدار میں لے سکتے ہیں۔

ایک برتن میں دیسی گھی کا ایک کھانے کا چمچہ گرم کر لیں اور اس میں بادام، پستہ اور کاجو ڈال دیں اور اسے دھیمی آنچ پر ہلکہ سا بھون لیں کہ اس میں سے خوشبو آنا شروع ہوجائے۔

آگ بند کر کے خشک میوے کو ٹھنڈا کر کے اسے موٹا موٹا کاٹ لیں یا آپ اسے کوٹ بھی سکتے ہیں۔ لیکن اس بات کا خیال رکھیں کہ آپ اسے بہت زیادہ باریک نہ کریں۔

اب ایک کپ کھجور لے لیں اور اس کی گٹھلیاں الگ کریں اور کھجور کو بھی چاپ کر لیں۔ اگر آپ کو انجیر پسند ہے تو کھجور کے ساتھ انجیر کو بھی چاپ کر لیں۔

اپ کٹے ہوئے خشک میوے میں کھجور شامل کر کے اسے اچھی طرح مکس کر لیں۔ مکسچر کو تھوڑا تھوڑا لے کر اس کے لڈو بنائیں اور آخر میں اس پر پسا ہوا کھوپرا چھڑک لیں۔ ان لڈو کو کسی ایئر ٹائٹ جار میں رکھ لیں

سردیوں میں کھجور کھانے کے 8 فوائد

اگرچہ لوگوں میں یہ خیال پھیلا ہوا ہے کہ ہر میٹھا ذائقہ رکھنے والی چیز غیر صحت مند ہوتی ہے۔ تاہم گلوکوز سے بھرپور ایک خشک پھل ایسا بھی ہے جو صحت کے لیے انتہائی مفید ہے۔۔ جی ہاں یہ کھجور ہے۔

کھجور کے اندر صحت کے لیے کئی ایسے فوائد ہیں جو خاص طور پر موسم سرما میں اسے کھانے سے انسان کو بہت سے امراض سے محفوظ رکھتے ہیں۔

اگر آپ موسم سرما میں صحت کے حوالے سے مختلف مسائل مثلا نزلہ ، ٹھنڈ ، جوڑوں کے درد ، الرجی اور فلو کا شکار رہتے ہیں تو آپ کو لازمی طور کھجور کا استعمال کرنا چاہیے۔

صحت کے امور سے متعلق ویب سائٹ "بولڈ اسکائی" پر کھجور کے آٹھ ایسے فوائد پیش کیے گئے ہیں جن کو جان کر آپ سردیوں میں کھجور کھانے پر مجبور ہو جائیں گے:

1۔جسم کی گرمائش

کھجور کو ریشے ، فولاد ، کیلشیئم ، وٹامن اور میگنیشیئم کا اچھا ذریعہ شمار کیا جاتا ہے اور یہ سب عناصر سردیوں میں انسانی جسم کو گرم رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔

2۔ ٹھنڈ کے اثر اور نزلے کا علاج

اگر آپ ٹھنڈ کے اثر سے نزلے میں مبتلا ہیں تو آپ دو سے تین کھجوریں ، دو عدد چھوٹی الائچی اور چند ٹکڑے لال مرچ کو لے کر گرم پانی میں ڈال کر کچھ دیر اُبال لیں اور پھر چھان کر سونے سے پہلے اسے مشروب کے طور پر استعمال کریں۔

3۔ دمے کا علاج

کھجور کے ذریعے دمے اور سانس سے متعلق دیگر الرجیوں کا بھی علاج ممکن ہے جن کا شمار سردیوں کے موسم میں پھیلے عمومی عام مسائل میں ہوتا ہے۔ اس مقصد کے لیے روزانہ صبح اور شام کھجور کے ایک یا دو دانے پابندی سے کھنا چاہئیں۔

4۔ جسم کو طاقت دینا

کھجور میں موجود قدرتی شکر انسانی جسم کو فوری توانائی دینے میں مددگار ہوتی ہے۔

5۔ قبض کا علاج

چوں کہ کھجور ریشے سے بھرپور ہوتی ہے لہذا اسے رات بھر پانی میں بھگو کر صبح اس کو Blender میں پیس لیں اور نہار منہ پی لیں۔ یہ عمل قبض کے علاج میں بہت مفید ثابت ہوگا۔

6۔ دل کی صحت کا تحفظ

ریشے سے بھرپور ہونے کے پیشِ نظر کھجور دل کی صحت کی حفاظت کرتی ہے۔ یہ دل کی دھڑکن کی رفتار اعتدال اور کنٹرول میں رکھتی ہے۔ اس کے علاوہ دل کے دوروں کے خطرات سے بھی بچاتی ہے ۔

7۔ جوڑوں کے درد میں کمی

کھجور انسان کے جوڑوں کے درد اور سوجن کی تکلیف میں کمی کرتی ہے بالخصوص سردیوں کے موسم میں جب کہ یہ مسئلہ بکثرت پھیلا ہوتا ہے۔

8۔ بلند فشارِ خون کو کم کرنا

کھجور میں موجود میگنیشیم اور پوٹاشیم بلند فشار خون کو کم کرنے کے لیے قدرتی عامل ہیں۔ اس واسطے روزانہ 5 سے 6 کھجوریں کھانے کی ہدایت کی جاتی ہے۔