ترکی کے وزیر مذہبی امور کا خصوصی دورۂ منہاج القرآن

رپورٹ: سہیل احمد رضا

گزشتہ ماہ فروری برادر اسلامی ملک ترکی کے وفاقی وزیر مذہبی امور پروفیسر ڈاکٹر علی ارباش نے اعلیٰ سطحی حکومتی وفد کے ساتھ منہاج القرآن انٹرنیشنل کے مرکزی سیکرٹریٹ اور منہاج یونیورسٹی کا خصوصی دورہ کیا۔ اس دورہ کی رپورٹ نذرِ قارئین ہے:

منہاج یونیورسٹی کا دورہ: ترکی کے وفاقی وزیر مذہبی امور پروفیسر ڈاکٹر علی ارباش کے اعزاز میں منہاج یونیورسٹی لاہور میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔ اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہم شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی دینی و تعلیمی خدمات کے معترف ہیں۔ اسلام اور بین المذاہب رواداری کیلئے منہاج القرآن کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو ان کی 71ویں سالگرہ پر مبارک باد دیتا ہوں۔ مجھے منہاج یونیورسٹی لاہور میں آ کر بہت خوشی ہوئی۔ امہ کو اسی طرح کے باوقار تعلیمی اداروں کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور ڈاکٹر نورالحق قادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاک ترکی تعلقات عالمِ اسلام کے امن اور خوشحالی کی علامت ہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے زندگی کے ہر شعبے میں علمی و فکری خدمات انجام دیں۔ ان کی تحقیقات موجودہ اور آئندہ نسلوں کیلئے ہیں۔

منہاج یونیورسٹی لاہور کے بورڈ آف گورنرز کے ڈپٹی چیئرمین ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے معزز مہمانان گرامی کو منہاج یونیورسٹی لاہور آمد پر خوش آمدید کہا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ برادر اسلامی ملک ترکی نے عالمِ اسلام میں دین اور انسانیت کی سب سے زیادہ خدمت کی۔ ترکی اور پاکستان کو مل کر عالم اسلام کے بین الاقوامی امیج کو بہتر بنانے کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔ یہ ایک المیہ ہے کہ فیس بک، ٹویٹر جیسے ابلاغی ٹولز جیسا عالمِ اسلام کے پاس کوئی ایک بھی ذریعہ اظہار نہیں ہے۔ میڈیا کے محاذ پر اس کمزوری کی وجہ سے اسلام پر انتہا پسندی کے الزامات لگائے جاتے ہیں۔ ہم منہاج یونیورسٹی کی طرف سے ترکی کے پانچ طلبہ کو سکالر شپ دینے کا اعلان کرتے ہیں اور یہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا پاکستان کی طرف سے معزز وفد کے لئے تحفہ ہے۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی طرف سے اس اعلان کے جواب میں پروفیسر ڈاکٹر علی ارباش نے بھی دس پاکستانی طلبہ کے لیے سکالر شپ کا اعلان کیا۔ ان اعلانات کا شرکائے تقریب نے تالیوں سے خیر مقدم کیا۔

منہاج یونیورسٹی لاہور کے وائس چانسلر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ ترکش وفد میں ڈاکٹر عبدالرحمان ہیکلی، عثمان تراسکی، ڈاکٹر سلیم آرگن، پروفیسر ڈاکٹر ابراہیم حلیمی، ایدل اتالے، مصطفی ایرمکلی، حسن گوکلو، محمد ازدمیر، براک اورحان، سنان، عادل ایلیزری، فرح مستور، صادق اوزکان، محمد الامین بیک، سم اسکندر، محمد گن شامل تھے۔ تقریب میں خرم نواز گنڈاپور، بریگیڈئیر (ر) اقبال احمد خان، رجسٹرار ڈاکٹر خرم شہزاد، سینیٹر اعجاز چوہدری اور منہاج یونیورسٹی لاہور کے لیکچررز، ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹس اور قائدینِ تحریک نے شرکت کی۔ وفد میں شامل تمام افراد کو شیخ الاسلام کی کتب کا تحفہ دیا گیا۔

مرکزی سیکرٹریٹ کا دورہ: ترکی کے اعلیٰ سطحی وفد نے وفاقی وزیر مذہبی امور ڈاکٹر نور الحق قادری کے ہمراہ منہاج القرآن انٹرنیشنل کے مرکزی سیکرٹریٹ کا دورہ کیا۔ ناظم اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل خرم نواز گنڈاپور اور ڈائریکٹر انٹر فیتھ ریلیشنز سہیل احمد رضا نے وفد کو خوش آمدید کہا۔ برادر اسلامی ملک ترکی کے اعلیٰ سطحی وفد کی قیادت ترکی کے وفاقی وزیر مذہبی امور پروفیسر ڈاکٹر علی ارباش کر رہے تھے۔ اعلیٰ سطحی وفد میں ترکی کے پاکستان میں تعینات سفیر اور سینئر حکام بھی شامل تھے۔ ترکی کے اعلیٰ سطحی وفد کو خرم نواز گنڈاپور نے گوشہ درود کے تربیتی و روحانی نظام کے بارے میں انگریزی اور عربی زبان میں بریف کیا۔

پروفیسر ڈاکٹر علی ارباش نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایسے لگ رہا ہے جیسے قونیہ میں مولانا روم رحمۃ اللہ علیہ کے مزار کے سامنے کھڑا ہوں۔روحانیت اور حقیقی تصوف کے احیاء کیلئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور منہاج القرآن انٹرنیشنل کی دینی، تعلیمی و تربیتی خدمات قابلِ ستائش ہیں۔