خصوصی رپورٹ

19 فروری کا دن تحریک منہاج القرآن کے رفقاء و وابستگان کے لیے یومِ تشکر اور تجدیدِ عہدِ وفا کا دن ہے۔ قائد ڈے کے اس پرمسرت موقع پر کارکنان اپنے اپنے انداز میں شیخ الاسلام سے محبت، تعلق اور نسبت کا اظہار کرتے ہیں۔ شیخ الاسلام کی 71 ویں سالگرہ کے حوالے سے لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ اور آزاد کشمیر سمیت پاکستان کے تمام شہروں میں انفرادی و اجتماعی سطح پر تقریبات منعقد ہوئیں۔ بیرون ممالک امریکہ، برطانیہ، سپین، جاپان، کوریا، یونان، جرمنی، چلی، دبئی، ڈنمارک، ہالینڈ، ناروے، کینیڈا، آسٹریلیا، بھارت، بنگلہ دیش، ساؤتھ افریقہ اور دنیا بھر میں قائم منہاج القرآن کی تنظیمات کے زیر اہتمام اسلامک سنٹرز میں خصوصی تقاریب منعقد ہوئیں۔

اِن پروگرامز میں مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ دین اسلام کے امن، محبت اور بھائی چارے کے حقیقی پیغام عام کرنے کیلئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی جدوجہد اور فکر سے رہنمائی لے کر آگے بڑھا جائے۔ مقررین نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو تعلیمی، مذہبی، سیاسی، فلاحی خدمات اور امن عالم کے قیام کیلئے فکری و عملی رہنمائی دینے پر خراج تحسین پیش کیا۔ اِن تقریبات کے اختتام پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سالگرہ کے کیک بھی کاٹے گئے اور ان کی درازی عمر و صحت و سلامتی کیلئے دعائیں بھی کی گئی۔

ان تمام تقریبات کی تفصیلات اور تصاویر کے لیے www.minhaj.org کا وزٹ کریں۔ زیرِ نظر صفحات پر صرف چند مرکزی تقریبات کے احوال نذرِ قارئین ہیں:

1۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 71 ویں سالگرہ کے سلسلے میں مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں خصوصی دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے تقریب میں آن لائن شرکت کی۔ زیب سجادہ دربار بابا فرید گنج شکرؒ محترم حضرت پیر احمد مسعود دیوان نے پروگرام کی صدارت کی، صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، بریگیڈئیر(ر) اقبال احمد خان، خرم نواز گنڈاپور، جملہ نائب ناظمین اعلیٰ، ناظمین فورمز، سربراہان شعبہ جات، سٹاف ممبران سمیت منہاج القرآن و پاکستان عوامی تحریک کے جملہ مرکزی رہنماؤں اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ پروگرام کے انعقاد میں محترم محمد جواد حامد نے اہم کردار ادا کیا۔ عالمی شہرت یافتہ قوال فیض علی فیضی، شیر میاں داد، محمد افضل نوشاہی، شہباز قمر فریدی، میلاد رضا قادری، محمد ظہیر بلالی، امجد بلالی، شہزاد برادران، حمزہ نوشاہی سمیت دیگر ثنا خوان حضرات نے بارگاہ رسالتa میں نعتیہ کلام پیش کئے۔ تسلیم احمد صابری اور صفدر علی محسن نے پروگرام کی نقابت کے فرائض انجام دیئے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے مصطفوی مشن کے فروغ میں جملہ مرکزی قائدین کی خدمات اور محنت و لگن پر اُنھیں مبارکباد دی اور دعاؤں سے نوازا۔

2۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کینیڈا کے زیراہتمام قائد ڈے تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں نقابت کے فرائض اینکر پرسن عارف شیخ ان کے ساتھ محمد ضیاء الحق رازی اور عبداللہ راجہ نے انجام دیئے۔ خطبہ استقبالیہ خواجہ کامران رشید (صدر منہاج القرآن کینیڈا) نے دیا اور آنے والے تمام معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ تقریب میں علامہ مفتی سہیل احمد صدیقی (UK)، کلیم رشید (MPP Mississauga EastCooksville)، منہاج ویمن لیگ کی محترمہ رعنا باجی، شیخ فیصل عبدالرزاق (اسلامک فورم آف کینیڈا) اور محترم ارشد بھٹی (CEO TV Toranto 360) نے اظہار خیال فرمایا۔ UK سے تشریف لائے ہوئے مہمان ثناء خواں میلاد رضا قادری نے خصوصی کلام پیش کیے۔ کینیڈا اور عرب دنیا کے مشہور و معروف منشد شیخ مصطفیٰ العزاوی اور ان کے ساتھیوں نے خوبصورت انداز میں کلام پیش کئے۔ اخبار پاکستان کے چیف ایڈیٹر بدر منیر چوہدری کی طرف سے عارف شیخ نے اخبار پاکستان کا قائد ڈے سپیشل ایڈیشن پیش کیا۔

تقریب میں مظہر شفیق، ابراہیم دانیال، صفدر حسین، سمیرا ملک اور پاکستانی کمیونٹی کی نمائندگی کرنے والی سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ کینیڈیں پارلیمنٹ کے ممبر شفقت علی کے نمائندہ خصوصی نے شیخ الاسلام کو کینیڈین گورنمنٹ کے طرف سے خصوصی مبارک باد کا سرٹیفیکٹ پیش کیا۔

تقریب میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے خصوصی گفتگو فرمائی۔ تقریب کے اختتام پر شیخ حماد المصطفیٰ المدنی القادری، شیخ احمد مصطفی العربی القادری، ڈاکٹر فیصل خان (ہیوسٹن)، عثمان ہاشم قادری (کیلفورنیا) اور دیگر احباب نے شیخ الاسلام کی سالگرہ کا کیک کاٹا۔ پروگرام کے اختتام پر شیخ رمزی العجم نے شیخ الاسلام کی صحت و سلامتی اور درازیٔ عمر کے لیے خصوصی دعا کروائی۔

3۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 71ویں سالگرہ کے سلسلہ میں محفل سماع بعنوان ’’حیدریم‘‘ مرکزی سیکرٹریٹ منہاج القرآن انٹرنیشنل میں منعقد ہوئی، جس میں صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خصوصی شرکت کی۔ محفل سماع میں نامور قوال زین زوھیب برادران اور حسنین اکبر بابا گروپ نے کلام پیش کیا۔ محفل میں پیر پگاڑا کے صاحبزادے محترم پیر سید عثمان مصطفی شاہ راشدی، امیر تحریک منہاج القرآن سندھ مخدوم ندیم ہاشمی، مرکزی صدر ایم ایس ایم چوہدری عرفان یوسف جملہ مرکزی قائدین اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے کارکنان و ذمہ داران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

4۔ منہاج انٹرنیٹ بیورو اور آئی ٹی کے زیراہتمام مرکزی سیکرٹریٹ کے کانفرنس ہال میں منعقدہ قائد ڈے تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے صدر منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ اخلاص نیت ہی کامیابی کی ضمانت ہے۔ اخلاص اور استقامت کے ساتھ مشن سے جڑے رہنے میں بڑی برکات ہیں۔ تحریک منہاج القرآن نے انٹرنیٹ اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال میں ہمیشہ پہل کی اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ہدایت پر مشن کا دعوتی پیغام ہمیشہ جدید ذرائع کے ساتھ پیش کیا ہے۔

پروگرام میں ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، نائب صدر منہاج القرآن بریگیڈئر (ر) اقبال احمد خان، نائب ناظم اعلیٰ میڈیا افیئرز نوراللہ صدیقی، جملہ مرکزی قائدین، منہاج انٹرنیٹ بیورو اور آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کی ٹیم بھی موجود تھی۔ پروگرام میں ڈائریکٹر منہاج انٹرنیٹ بیورو عبدالستار منہاجین نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا، ثناء اللہ طاہر نے کمپئرنگ کے فرائض ادا کیے جبکہ ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے اختتامی کلمات پیش کیے۔

5۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کے مرکزی سیکرٹریٹ میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 71 ویں سالگرہ کے موقع پر منہاجینز فورم کے زیراہتمام منعقدہ خصوصی تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سابق وفاقی وزیر قمرالزمان کائرہ نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے بین المذاہب ردواداری، بین المسالک ہم آہنگی، اتحاد امت، فروغ علم و امن کیلئے جتنا کام کیا وہ ہمارے عہد کا بے مثال کام ہے۔

تقریب کی صدارت منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کی، جبکہ مہمانان خصوصی میں جماعت اسلامی کے نائب امیر ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، بریگیڈئیر (ر) اقبال احمد خان، خرم نواز گنڈاپور، معروف دانشور و ادیبہ صوفیہ بیدار، پاکستان مسلم لیگ قاف کے سینئر رہنما سابق صوبائی وزیر تعلیم میاں عمران مسعود اور ڈاکٹر نعیم انور نعمانی نے بھی اظہار خیال کیا۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے معزز مہمانان گرامی کو مرکزی سیکرٹریٹ میں خوش آمدید کہا۔ انہوں نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تصوف، خانقاہی نظام اور تعلیم و تربیت پر تحقیقی خدمات کے بارے میں گفتگو کی۔

ڈاکٹر فرید پراچہ نے تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی شخصیت میں قوس قزح کے سات رنگ موجود ہیں، ڈاکٹر طاہرالقادری کی ہمہ جہت شخصیت میں محدث، محقق، فقیہ، استاد اور تصوف کے رنگ نظر آتے ہیں۔ انہوں نے ہمیشہ مسلکی اختلافات سے بالا تر ہو کر قرآن و سنت کا آفاقی پیغام عام کیا ہے۔

سابق صوبائی وزیر تعلیم میاں عمران مسعود نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی سیکڑوں تصانیف امت مسلمہ کی رہنمائی کر رہی ہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی شخصیت کے حوالے سے ایک بائیو گرافی لکھی جانی چاہیے۔

معروف دانشور صوفیہ بیدار نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری امت مسلمہ کا سرمایہ ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے امت مسلمہ کی رہنمائی کیلئے بہت بڑا علمی خزانہ مہیا کیا ہے جس میں موجودہ دور کے تمام جدید مسائل کا حل بھی موجود ہے۔

تقریب میں مرکزی قائدین، سینئر منہاجینز، کالج آف شریعہ کے اساتذہ، منہاجینز اور طلبہ نے خصوصی شرکت کی۔

6۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 71ویں سالگرہ کی مناسبت سے منہاج یونیورسٹی لاہور کے زیراہتمام منعقدہ فاؤنڈرز ڈے کی تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا کہ 11/9 کے دہشت گرد حملوں کے بعد یورپ میں مسلمانوں کے لئے حالات بہت تکلیف دہ ہو گئے تھے۔ ان حالات میں ڈاکٹر طاہرالقادری نے دہشت گردی کے خلاف فتویٰ دے کر ثابت کیا کہ اسلام انسانیت کا محافظ دین ہے اس کا انتہا پسندی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے اس فتویٰ سے یورپ سمیت مغربی دنیا میں رہنے والے مسلمان خاندانوں کو حوصلہ ملا۔شیخ لاسلام نے مغرب میں آباد مسلمان نوجوانوں کے ایمان اور کردار کی حفاظت کے لیے منہاج القرآن کے ادارے قائم کئے ان اداروں سے آئندہ نسلیں بھی مستفید ہوتی رہیں گی۔

گورنر پنجاب نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 71 ویں سالگرہ کا ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، خرم نواز گنڈا پور، ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد، سید نور، بریگیڈیئر (ر)اقبال احمد خان، بیرسٹر عامر حسن کے ہمراہ کیک کاٹا اور ان کی صحت و تندرستی کے لیے دعا کی۔ تقریب کی صدارت ڈپٹی چیئرمین بورڈ آف گورنرز منہاج یونیورسٹی لاہور ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کی۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے اپنے خطاب میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی فروغ علم و امن کیلئے خدمات پر روشنی ڈالی۔ منہاج یونیورسٹی لاہور کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر ساجد محمود شہزاد نے بھی تقریب میں اظہار خیال کیا اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی عظیم علمی و دینی خدمات پر انھیں خراج تحسین پیش کیا۔

تقریب میں ڈاکٹر طاہرالقادری میرٹ اسکالر شپ کے تحت 20 سے زائد طلبہ کو اسکالرشپ دیا گیا۔

تقریب میں مرکزی قائدینِ تحریک، اساتذہ منہاج یونیورسٹی سمیت فیکلٹی ممبران، اور طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

7۔ صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے زیراہتمام شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 71ویں سالگرہ کے سلسلہ میں منعقدہ قائد ڈے تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حصولِ علم کے لئے تگ و دو کرنا اور علم کو انسانی فلاح و بہبود کے لئے استعمال کرنا پیغمبرانہ سنت ہے۔ علم سے قوموں کی تقدیریں بدلتیں اور کردار نکھرتے ہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے زندگی بھر کتاب سے محبت کی اور وہ اپنا بیشتر وقت مطالعہ میں بسر کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ جب بھی امت کو کوئی فکری بحران اپنی لپیٹ میں لیتا ہے تو راہ نمائی کرنے کے حوالے سے آپ سرفہرست ہوتے ہیں۔

تقریب میں مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی، پروفیسر نواز ظفر، ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی، پروفیسر ڈاکٹر محمد اکرم رانا، ڈاکٹر شبیر احمد جامی، ڈاکٹر ممتاز احمد سدیدی، پروفیسر محمد الیاس اعظمی، اساتذہ کرام اور طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔