پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کیلئے عالمی سفیر امن ایوارڈ

منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کو The Universal Peace Federationکی طرف سے اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر آسٹریا (ویانا) میں سفیر امن ایوارڈ دیا گیا۔ یہ ایوارڈ انہیں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لئے انجام دی جانے والی گراں قدر عالمی خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔ اس موقع پر اُنہیں بین المذاہب عالمی کانفرنس 2024ء کے لئے کلیدی مقرر اور مہمانِ اعزاز کا سٹیٹس بھی دیا گیا ہے۔یہ ایوارڈ اس خطے اور دنیا بھر میں کمیونٹی اور مذہب دونوں شعبوں سے بالاتر ہوکر امن اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، منہاج القرآن اور منہاج یونیورسٹی کے غیر متزلزل عزم کو عالمی سطح پر تسلیم کرنا ہے۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کو یہ ایوارڈ Dr. Peter Haider (صدر یونیورسل پیس فیڈریشن آسٹریا) اور Dr. Afsar Rathore (ممبر آف اکیڈمک کونسل آف دی یونائیٹڈ نیشن سسٹم۔ ACUNS) نے پیش کیا۔تقریب میں کمیونٹی کے متعدد رہنماؤں، سفیروں، اور دنیا بھر کے سکالرز اور تعلیمی اداروں کی معزز شخصیات نے شرکت کی۔

پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ اعتدال اور رواداری الوہی مذاہب کی مرکزی فکر ہے۔ باہمی الفت و محبت کی فکری بنیادوں پر ایک پرامن بین الاقوامی برادری کی تشکیل ممکن ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے اسلامی تعلیماتِ امن و رواداری اور پاکستان کے آئین میں موجود بین المذاہب ہم آہنگی اور اقلیتوں کو حاصل حقوق پر سیر حاصل گفتگو کی۔

پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کو عالمی ایوارڈ ملنے پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری، چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، نائب صدر بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان، جملہ مرکزی قائدین، اساتذہ منہاج یونیورسٹی لاہور، کارکنان و رفقاء تحریک اور جملہ طبقہ ہائے زندگی کی نمائندہ شخصیات کی طرف سے مبارکباد دی گئی۔

یہ امر ذہن نشین رہے کہ ”یونیورسل پیس فیڈریشن“ کی طرف سے کسی بھی پاکستانی کو ملنے والا یہ پہلا ایوارڈ ہے۔ یہ ایوارڈ منہاج القرآن انٹرنیشنل اور منہاج یونیورسٹی لاہور کی طرف سے بین المذاہب راوداری کے فروغ کی عملی کاوشوں کے اعتراف میں دیا گیا۔ منہاج یونیورسٹی لاہور کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ جس نے ورلڈ ریلیجنز پر سب سے زیادہ بین الاقوامی کانفرنسز منعقد کیں اور اقلیتی آبادی کے لئے اُن کے مذہب میں اعلیٰ تعلیمی ڈگری پروگرامز کا اجراء کیا جس کا اعتراف دنیا بھر میں کیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں غیر قانونی امیگریشن اور ہیومن سمگلنگ کی روک تھام، انتہا پسندی کے تدارک کے لئے بین الاقوامی ادارے منہاج یونیورسٹی لاہور کے ساتھ مل کر تحقیقی سطح پر کردار ادا کرنے میں دلچسپی لے رہے ہیں اور اس ضمن میں دنیا کی نامور یونیورسٹیاں ایم او یو پر دستخط کررہی ہیں، یہ بھی پاکستان کا ایک اعزاز ہے۔