ماہ ربیع الاول اپنی آغوش میں ولادت مصطفی ﷺ کی خوشیاں لئے امت مسلمہ پر سایہ فگن ہونے والا ہے۔ اللہ کے فضل و کرم سے تحریک منہاج القرآن جس جوش و جذبۂ ایمانی سے میلاد مناتی ہے، عالمِ اسلام اُس کا معترف ہے۔
امسال بھی جشن عید میلاد النبی ﷺ کو حسب سابق جوش و جذبے اور عقیدت و احترام سے منایا جائے گا۔ اس عزم کے ساتھ کہ
قوت عشق سے ہر پست کو بالا کردے
دہر میں اسم محمدؐ سے اجالا کردے
اس سال 42 ویں سالانہ عالمی میلاد کانفرنس ان شاء اللہ العزیز مینار پاکستان پر منعقد ہوگی جس میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری خصوصی خطاب فرمائیں گے۔ دنیا بھر سے ہزارہا عشاقانِ رسول ﷺ کے ساتھ ساتھ علماء کرام و مشائخ عظام تشریف لائیں گے۔ تحریک منہاج القرآن اور اس کے جملہ فورمز مرکزی ہدایات کے مطابق میلاد مہم کامیاب بنانے کے لئے محنت و کوشش کریں تاکہ ہم عشق و محبت رسول ﷺ کے اس مقدس ماہ میں اپنے آقا ﷺ کے دین کی تجدید و احیاء اور ’’مصطفوی معاشرے کا قیام‘‘ کے پیغام کی زیادہ سے زیادہ ترویج و اشاعت کو ممکن بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
٭ اس سال میلاد مہم کا دورانیہ 9 اگست 2025ء تا28 ستمبر 2025ء تک ہوگا۔
جملہ تنظیمات اور جملہ فورمز درج ذیل ہدایات کے مطابق میلاد مہم کو کامیاب بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں:
٭ ربیع الاول کا چاند دیکھنے کے بعد دو رکعت نماز نوافل شکرانہ ادا کریں۔ ٭ اپنے اعزاء و اقرباء، محلہ داروں اور دوستوں کو عید میلاد النبی ﷺ کی مبارکباد بالمشافہ، ای میل، SMS، فیس بک، WhatsApp، ٹویٹر یا کسی بھی ذریعہ سے دیں۔
٭ استقبال ربیع الاول کے حوالے سے ضلع، تحصیل/ صوبائی حلقہ اور یوسی میں ایک بھرپور جلوس/ مشعل بردار جلوس کا اہتمام کیا جائے۔
٭ 42 ویں سالانہ عالمی میلاد کانفرنس کو عظیم الشان بنانے کے لیے جملہ تنظیمات/ فورمز/ کارکنان محنت کریں۔ علاقہ میں موجود مذہبی، سیاسی، فلاحی تنظیمات کے ساتھ ساتھ طلبہ، وکلاء، مزدور اور کسان یونینز کو بھرپور دعوت دی جائے۔
٭ علاقہ بھر میں استقبال ربیع الاول پر مبارک باد کے بڑے بڑے ہورڈنگز و بینرز لگوائیں۔
٭ صوبائی حلقہ/ تحصیل کی تنظیم اپنی تمام یونین کونسلز میں کم از کم ایک میلاد کانفرنس منعقد کرے۔
٭امسال چونکہ 1500واں جشنِ ولادت مصطفی ﷺ منایا جارہا ہے، اس لیے اس سال نئے عزم اور غیر معمولی جوش و خروش سے جشنِ میلاد منایا جائے گا۔ اس سلسلے میں ملک بھرمیں 1500 میلاد کانفرنسزکا انعقاد ہوگا۔
٭ ہر تنظیم شیخ الاسلام کی کتب کے دعوتی پیکج تحائف کی صورت میں مذہبی، سیاسی اور مؤثر سماجی شخصیات کو دیں۔
٭ تنظیمات کیبل نیٹ ورک کے ذریعے شیخ الاسلام کے میلاد النبی ﷺ کے حوالے سے خطابات چلوانے کا بندوبست کریں۔
٭ ہر کارکن ماہ ربیع الاول کے پہلے 12 دن کم از کم 1200 مرتبہ اور باقی دنوں میں کم از کم 500 مرتبہ روزانہ درود پاک کا معمول بنائیں۔
٭ ہر رفیق 12 ربیع الاول تک حضور ﷺ کے 1500ویں جشنِ میلاد کی نسبت سے 15 افراد کو تحریک کا رفیق بناکر فروغِ عشق رسول ﷺ اور احیائے اسلام کی عظیم عالمگیر تحریک کا حصہ بنائیں۔ ٭ پورا مہینہ گنبد خضریٰ کا مونو گرام اور نعلین پاک سینوں پر آویزاں کیے جائیں۔
٭ یکم تا 12 ربیع الاول اپنے اپنے گھر میں خواتین، بچوں کو عید میلاد النبی ﷺ کی اہمیت بیان کریں تاکہ بچوں میں میلاد النبی ﷺ کی خوشی کا احساس پیدا ہو۔ اپنے اپنے گھروں میں روزانہ خصوصی حلقہ ہائے درود و فکر کا انعقاد کریں۔
٭12 ربیع الاول کے دن بچوں میں عیدی تقسیم کریں اور گھر میں سپیشل کھانے کا اہتمام کریں۔
٭ ہر تحریکی گھرانہ اپنے گلی بازاروں میں آقا ﷺ کی آمد کی خوشی میں بچوں کے اندر کھانے پینے کی اشیاء تقسیم کرے تاکہ شعوری طور پر بچوں کے اندر حضور ﷺ کی ولادت کی خوشی کا احساس پیدا ہو۔ نیز گھروں اور تحریکی دفاتر پر چراغاں کیا جائے جو یکم سے 12 ربیع الاول تک رہے۔
٭ میلاد مہم کو کامیاب بنانے کے لیے یونین کونسلز، تحصیلی، ضلعی اور صوبائی ذمہ داران اپنی میٹنگز میں ابھی سے ہی ذمہ داریاں تقسیم کردیں اور تمام احباب اس میں بھرپور محنت کریں۔