سوال: قرآن وسنت کی روشنی میں قربانی کا فلسفہ بیان فرمائیں؟
جواب: ’’قربانی‘‘ عربی زبان کے لفظ ’’قُرب‘‘ سے ہے، جس کا مطلب ’’کسی شے کے نزدیک ہونا‘‘ ہے۔ ’’قُرب‘‘، دوری کا متضاد ہے۔ ’قربان‘ ’قرب‘ سے مبالغے کا صیغہ ہے۔ امام راغب اصفحانی قربانی کا معنیٰ بیان کرتے ہوئے لکھتے ہیں:
القربان مايتقرب به الی الله وصارفي التعارف اسماً للنسيکة التي هي الذبيحة. (المفردات للراغب 408)
قربانی وہ چیز ہے جس کے ذریعے اللہ کا قرب حاصل کیا جائے، شرع میں قربانی جانور ذبح کرنے کا نام ہے۔
قربانی کے لئے قرآن کریم میں تین الفاظ استعمال ہوئے ہیں:
1۔ قربانی
2۔ منسک
3۔ نحر
1۔ لفظ قربانی قرآن مجید میں یوں استعمال ہوا ہے۔ ارشاد فرمایا:
وَ اتْلُ عَلَیْهِمْ نَبَاَ ابْنَیْ اٰدَمَ بِالْحَقِّ ۘ اِذْ قَرَّبَا قُرْبَانًا فَتُقُبِّلَ مِنْ اَحَدِهِمَا وَ لَمْ یُتَقَبَّلْ مِنَ الْاٰخَرِ ؕ قَالَ لَاَقْتُلَنَّكَ ؕ قَالَ اِنَّمَا یَتَقَبَّلُ اللّٰهُ مِنَ الْمُتَّقِیْنَ.
(المائدہ، 5: 27)
’’(اے نبی مکرم!) آپ ان لوگوں کو آدم (علیہ السلام) کے دو بیٹوں (ہابیل و قابیل) کی خبر سنائیں جو بالکل سچی ہے۔ جب دونوں نے (اللہ کے حضور ایک ایک) قربانی پیش کی سو ان میں سے ایک (ہابیل) کی قبول کر لی گئی اور دوسرے (قابیل) سے قبول نہ کی گئی تو اس (قابیل) نے (ہابیل سے حسداً و انتقاماً) کہا: میں تجھے ضرور قتل کر دوں گا، اس (ہابیل) نے (جواباً) کہا: بیشک اللہ پرہیزگاروں سے ہی (نیاز) قبول فرماتا ہے۔ ‘‘
2۔ لفظ منسک قرآن مجید میں یوں استعمال ہوا۔ ارشاد فرمایا:
وَ لِكُلِّ اُمَّةٍ جَعَلْنَا مَنْسَكًا لِّیَذْكُرُوا اسْمَ اللّٰهِ عَلٰی مَا رَزَقَهُمْ مِّنْۢ بَهِیْمَةِ الْاَنْعَامِ ؕ فَاِلٰهُكُمْ اِلٰهٌ وَّاحِدٌ فَلَهٗۤ اَسْلِمُوْا ؕ وَ بَشِّرِ الْمُخْبِتِیْنَۙ.
(الحج، 22: 34)
’’اور ہم نے ہر امت کے لئے ایک قربانی مقرر کر دی ہے تاکہ وہ ان مویشی چوپایوں پر جو اللہ نے انہیں عنایت فرمائے ہیں (ذبح کے وقت) اللہ کا نام لیں، سو تمہارا معبود ایک (ہی) معبود ہے پس تم اسی کے فرمانبردار بن جاؤ، اور (اے حبیب!) عاجزی کرنے والوں کو خوشخبری سنا دیں۔ ‘‘
3۔ لفظ نحر قرآن مجید میں یوں استعمال ہوا ہے۔ ارشاد فرمایا:
اِنَّاۤ اَعْطَیْنٰكَ الْكَوْثَرَؕ. فَصَلِّ لِرَبِّكَ وَ انْحَرْؕ. اِنَّ شَانِئَكَ هُوَ الْاَبْتَرُ۠.
(الکوثر، 108: 1۔ 3)
’’بیشک ہم نے آپ کو (ہر خیر و فضیلت میں) بے انتہا کثرت بخشی ہے۔ پس آپ اپنے رب کے لئے نماز پڑھا کریں اور قربانی دیا کریں (یہ ہدیۂ تشکرّ ہے)۔ بیشک آپ کا دشمن ہی بے نسل اور بے نام و نشاں ہوگا۔ ‘‘
قرآن کریم سے یہ بات ثابت ہوئی کہ اللہ تعالیٰ نے ہر قوم پر قربانی لازم کی ہے۔ ٹھیک اسی طرح ہر امت پر نماز و روزہ فرض فرمائے۔
ہر انسان کو بڑی بڑ ی تین نعمتیں ملی ہیں:
1۔ جان کی نعمت، اس کا شکریہ یہ ہے کہ اپنی تمام صلاحیتوں کو اطاعت خداوندی میں استعمال کیا جائے۔ ہاتھ پاؤں زبان اوردماغ سے مخلوق خدا کو فائدہ پہنچایا جائے۔
2۔ مال کی نعمت، اس کا شکر یہ ہے کہ حلال و جائز ذرائع سے مال حاصل کیا جائے، اللہ کی رضا کے لئے غریبوں ناداروں یتیموں اور حاجت مندوں کی ضروریات زندگی بہم پہنچانے میں اسے خرچ کیا جائے۔ مال میں و ہ پالتو جانور بھی شامل ہیں جو قدرت نے ہمارے لئے مسخر فرمائے ہیں۔ جن سے ہمیں اون، کھال، دودھ اور گوشت حاصل ہوتا ہے۔ ان سے ہم سواری و باربرداری کا کام لیتے ہیں۔ ان کے ایک ایک عضو سے ہمیں بے شمار فوائد حاصل ہوتے ہیں۔ ان کا شکر یہ ہے کہ ہم ان کے منافع میں ان کو شریک کریں جو اس نعمت سے محروم ہیں۔ سواری و بار برداری کی سہولتوں سے ان کو بھی بہرہ مند کریں۔ ذبح کریں تو ان کا گوشت دوسروں کو بھی دیں۔ دودھ جیسے نعمت حاصل ہو تو حسبِ توفیق ناداروں کو ان کا حصہ ادا کریں۔ ان جانوروں کے ذریعے جوئے جیسا حرام کاروبار نہ چلائیں۔ ان کو آپس میں لڑا لڑا کر لہولہان نہ کریں۔ صرف اللہ کے نام پر ذبح کریں۔ کسی اور کے نام پر ذبح نہ کریں قربانی دم تمتع، دم احصار، ہدی، نذر اور دم جنایت کے طو رپر جو جانور ذبح کرو، اسے ان تلوثیات سے پاک رکھو، جن سے دور جاہلیت کے مشرک اسے ملوث کرتے تھے کہ جانور ذبح کیا اور اس کا خون کعبے کی دیواروں پر لتھیڑ دیا، بتوں کے آستانوں پر لگادیا اور گوشت ضائع کردیا۔ قربانی کا گوشت خود بھی کھاؤ، دوسروں کو بھی کھلاؤ، غریب ہو یا امیر سبھی کھاسکتے ہیں۔
3۔ علم کی نعمت، علم مفید حاصل کریں یہ آپ کا پیدائشی حق بھی ہے اور آپ پر فرض
بھی۔ اس کا شکر یہ ہے کہ ہم اس پر عمل کریں۔ اس کو دوسروں تک پہنچائیں اور کوئی
علمی بات کسی سے نہ چھپائیں، نہ لالچ سے نہ کسی کے ڈر سے۔
ظاہر ہوا کہ قربانی مسلمانوں پر حسب توفیق لازم ہے۔ سورۃ کوثر میں نماز قربانی کو
ایک ساتھ جمع ہونا اس بات کا غماز ہے کہ جس طرح نماز اپنی شرائط کے ساتھ اوقاتِ
مقرر پر لازم ہے اسی طرح قربانی بھی اپنی شرائط کے ساتھ اوقاتِ مقررہ پر لازم ہے
جیسے نماز کسی خاص مقام کے ساتھ مقید نہیں، ہر جگہ کے لئے عام ہے، اسی طرح قربانی
بھی کسی مخصوص جگہ کے لئے نہیں، ہر جگہ کے مسلمانوں کے لئے حکم شرعی ہے۔
امام ترمذی وابن ماجہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
مَاعَمِلَ ابْنُ اٰدَمَ يَوْمَ النَّحْرِ عملاً اَحَبَّ اِلَی اللّٰهِ مِنْ هَراقَةِ الدَّمِواِنَّه لَيَاْتِیْ يَوْمَ الْقِيٰمَةِ بِقُرُوْنِهَا وَاشعارِهَا وَاَظْلاَفِهَا وَاِنَّ الدَّمَ لَيَقَعُ مِنَ اللّٰهِ بِمَکَانٍ قَبْلَ اَنْ يَّقَعَ علی الارض فَطِيْبُوْا بِهَا نَفْسًا.
’’ابن آدم نے قربانی کے دن خون بہانے (قربانی کرنے) سے زیادہ خدا کے حضور پسندیدہ کوئی کام نہیں کیا اور بے شک وہ قربانی کا جانور قیامت کے دن اپنے سینگوں بالوں اور کھروں کے ساتھ آئے گا اور بے شک خون زمین پر گرنے سے پہلے اللہ کے ہاں مقام قبول میں پہنچ جاتا ہے۔ لہذا خوش دلی سے قربانی کیا کرو‘‘۔
(سنن ابن ماجه، جلد 2، باب ثواب الاضحيه، رقم : 1045)
پس جو قربانی صدق و اخلاص سے دی جائے اس قربانی کے خون کا قطرہ زمین پر گرنے سے پہلے اللہ کی بارگاہ میں شرف قبولیت پا جاتی ہے۔
حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے:
ضَحیّٰ رَسُوْلُ اللّٰه ﷺ بِکَبْشَيْنِ اَمْلَحَيْنِ اَقْرَنَيْنِ زَبَحَهُمَا بِيَدِهِ وَسَمّٰی وَکَبَّر قَالَ رَأَيْتُهُ وَاضِعًا قَدَمَهُ عَلٰی صَفَا حِهِمَا وَيَقُوْلُ بِسْمِ اللّٰهِ وَاللّٰهُ اَکْبَرُ.
(مشکوة، باب الاضحية، ص: 127)
رسول اللہ ﷺ نے دو چتکبرے سینگوں والے مینڈھے اپنے ہاتھ سے قربانی کے لئے ذبح فرمائے۔ بسم اللہ پڑھ کر اور اللہ اکبر کہہ کر (بسم اللہ اللہ اکبر) کہتے ہیں، میں نے حضور کو ان کے پہلوؤں پر قدم رکھے دیکھا اور فرماتے جاتے بسم اللہ، اللہ اکبر۔
اپنے ہاتھ سے قربانی کرنے میں حکمت یہ ہے کہ عمل قربانی میں انسان کی اپنی دلچسپی ہو۔ اگر قربانی کا جانور قصاب کے حوالے کر دیا اور خود کسی اور کام میں مصروف ہوگئے تو اس طرح سے قربانی ہو جاتی ہے لیکن اس میں اس دلچسپی کا مظاہرہ نہ ہو سکا جتنی دلچسپی کا اظہار خون گراتے وقت ظاہر ہونی تھی کیونکہ قربانی کا فلسفہ محض جانور ذبح کر دینا اور گوشت تقسیم کرنا نہ تھا بلکہ ہاتھ سے اس جانور کا خون بہانا تھا اور جب خون بہانے کا کام انسان نے اپنے ہاتھ سے نہ کیا تو عمل قربانی میں حسنِ نیت اپنے کمال کو نہ پہنچی۔ اس لئے سنت یہ ہے کہ قربانی اپنے ہاتھ سے کی جائے۔
امام مسلم نے حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے سینگوں والا مینڈھا لانے کا حکم دیا۔ جو سیاہی میں چلتا ہو، سیاہی میں بیٹھتا ہو اورسیاہی میں دیکھتا ہو یعنی اس کے پاؤں، پیٹ اور آنکھیں سیاہ ہوں، وہ قربانی کے لئے حاضر کیا گیا۔ فرمایا عائشہ! چھری لاؤ، پھر فرمایا: اسے پتھر پر تیز کرو، میں نے تیز کردی، پھر آپ ﷺ نے چھری پکڑی، مینڈھا لٹایا، اسے ذبح کیا پھر فرمایا:
بِسْمِ اللّٰهِ اَللّٰهُمَّ تَقَبَّلْ مِنْ مُحَمَّدٍ وَّاٰلِ مُحَمَّدٍ وَّمِنْ اُمَّةِ مُحَمَّدٍ
(مشکوة، 127)
الہی محمد ﷺ ، آپ کی آل اور آپ کی امت کی طرف سے قبول فرما۔
قربانی میں مقصود گوشت نہیں ہوتا بلکہ قربانی کے عمل کی روح صرف چُھری چلا کر بسم اللہ، اللہ اکبر کہتے ہوئے اللہ کے نام پر خون بہا دینا ہے۔ پس اس خون کے قطرے کے گرانے کو قربانی کہتے ہیں جبکہ گوشت کی تقسیم کا معاملہ، عام صدقے کی طرح ایک صدقہ ہے۔ جس طرح ہم اس قربانی کے علاوہ غرباء میں گوشت تقسیم کرتے رہتے ہیں۔
نیز یہ بھی کہ قربانی کے گوشت کی تقسیم کا ایک سنت طریقہ ہے کہ اس کو تین حصوں میں تقسیم کیا جائے:
1۔ غرباء کے لئے
2۔ رشتہ داروں کے لئے
3۔ اپنے لئے
لیکن اگر اپنی فیملی کے احباب زیادہ ہوں تو خود دو حصے بھی رکھ سکتے ہیں اور اگر دو حصے بھی کفایت نہ کریں تو سارے کا سارا گوشت خود بھی رکھ سکتے ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ قربانی کا مقصود صرف گوشت کی تقسیم نہیں بلکہ مقصودِ قربانی اللہ کی رضا کے لئے اس کے نام پر خون بہانا ہے۔ اگر مقصود گوشت کی تقسیم ہوتی تو یہ عمل تو سال بھر ہوتا رہتا ہے لیکن عیدالاضحی کو جس سبب سے عید قربان کہا جاتا ہے، وہ گوشت کی تقسیم نہیں بلکہ اللہ کی رضا کے لئے اس خون کو گرانے کا عمل ہے جو بندے کو اللہ کا قرب عطا کرتا ہے کہ اللہ کی رضا کے لئے جان کے نذرانے کی علامت کے طور پر خون گرایا جاتا ہے۔
سوال:کیا کوئی دوسرا شخص کسی صاحبِ نصاب کی طرف سے قربانی کرسکتا ہے؟ یہ بھی واضح فرمادیں کہ کیا زکوۃ کی رقم سے قربانی کی جاسکتی ہے؟
جواب: زکوۃ دینا فرض ہے، اگر کسی بھی مسلمان کے پاس اتنا مال ہے کہ وہ نصاب تک پہنچ جاتا ہے اور اس مال پر ایک سال گزر جاتا ہے تو ایسا صاحب نصاب شخص زکوۃ دے گا۔
قربانی دینا واجب ہے، صاحب نصاب شخص کے لئے عیدالاضحی پر قربانی دینا واجب ہے۔
اگر کوئی شخص صاحب نصاب ہے اور کوئی اس سے پیسے لیے بغیر اپنے پیسوں سے اس کی طرف سے قربانی کردے تو یہ قربانی اس شخص کی طرف سے نہیں ہوگی۔ بندہ جب تک اپنے مال سے قربانی اور زکوۃ ادا نہیں کرے گا، اس وقت قربانی اس کے ذمہ رہے گی، اس کا واجب ادا نہیں ہو گا۔ البتہ اگر وہ اپنے حصہ کی قیمت ادا کردیتا ہے تو پھر اسے الگ سے قربانی کرنے کی ضرورت نہیں ہے، یہ قربانی اسی کی طرف سے شمار ہوگی۔
دوسری بات یہ ہے کہ زکوۃ اور قربانی الگ الگ ہے۔ زکوۃ کے پیسوں سے قربانی دینا جائز نہیں۔ زکوۃ الگ دیں گے، جب مال پر ایک سال گزرے گا اور قربانی ہر سال عید الاضحی کے موقع پر اپنے مال میں سے دیں گے۔
سوال:کن جانوروں کی قربانی کرنا جائز نہیں؟
جواب: حدیث مبارکہ کی روشنی میں درج ذیل چار قسم کے جانوروں کی قربانی جائز نہیں:
1۔ اندھا، جس کا اندھا پن ظاہر ہے۔
2۔ بیمار، جس کی بیماری ظاہر ہو رہی ہو۔
3۔ لنگڑا، جس کا لنگڑا پن ظاہر ہو۔
4۔ لاغر، جس کی ہڈیوں میں مغز نہ ہو۔
(ابن ماجه، السنن، کتاب الأضاحی، باب مايکره ان يضحی به، 3: 542، رقم: 3144)
سوال:مشترکہ رقم یا زیور کی صورت میں قربانی کس کی طرف سے ادا ہوگی؟
جواب: اصل میں شادی و نکاح کے موقع پر جو زیور وغیرہ عورت کو ملتا ہے، وہ اسی کا ہوتا ہے مرد تو زیور پہنتے ہی نہیں۔ اگر سونا اور رقم میاں بیوی کی مشترکہ ہے تو اس کو تقسیم کر لیں پھر اگر دونوں یا دونوں میں سے ایک صاحب نصاب ہو تو اس پر قربانی واجب ہوگی اور اس طرح اگر سال گزر جائے تو زکوۃ بھی ادا کرنا ہوگی۔ کوئی اگر صاحب نصاب ہو تو قربانی اور زکوۃ ادا کرنا واجب ہے چاہے وہ ادائیگی سونا بیچ کر کی جائے یا اپنے گھر والے/ والی سے لے کر، وہ اس کی مرضی ہے۔