شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری اسلاف کی اقدار کے امین اور نہایت باوقار شخصیت کے مالک ہیں، اُن کے لاتعداد اوصاف میں سے ایک خاص وصف یہ ہے کہ وہ اپنے دوستوں اور تحریک منہاج القرآن کے لیے کسی بھی مرحلہ پر قربانیاں دینے والے احباب کو ہمیشہ یاد رکھتے ہیں۔ وہ تحریک منہاج القرآن کے اوائل دور کے ایک ایک ساتھی کو نام اور ان کے کام کے ساتھ جانتے اور پہچانتے ہیں۔ یہ فتنوں، مادیت پرستی اور افراتفری کا دور ہے، جس دور میں ہاتھ کو ہاتھ نہیں پہچانتا اس دور میں بھی شیخ الاسلام اپنے ساتھیوں، دوستوں اور مشن کے مخلصین کو یاد رکھے ہوئے ہیں۔ جب شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے تحریک منہاج القرآن کی بنیاد رکھی تو آپ کے شانہ بشانہ چلنے والے افراد وہ خوش قسمت احباب ہیں کہ جنھوں نے مصطفوی مشن کو دنیا کے کونے کونے میں پہنچانے کا خواب آنکھوں میں سجایا اور پھر اپنی زندگیوں میں اس خواب کو شرمندہ تعبیر ہوتے ہوئے بھی دیکھا۔
تحریکِ منہاج القرآن کے قیام کے وقت شیخ الاسلام کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو اس مصطفوی مشن کے لیے وقف کرنے والی ان عظیم شخصیات کے اعزاز میں 3 مئی 2025ء بروز ہفتہ مرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں ایک پروقار تقریب بعنوان ’’فاؤنڈنگ ممبرز ڈے‘‘ منعقد ہوئی۔ جس کا اہتمام ’’کونسل آف فاؤنڈنگ اینڈ سینئر ممبرز‘‘ نے کیا۔ یہ تقریب ایک تاریخ ساز اجتماع تھا، جس میں وفا، اخلاص، ایثار اور استقامت کی خوشبو ہر سمت پھیلی ہوئی محسوس ہوئی۔
تقریب کی صدارت صدر تحریک پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کی۔ تقریب کا مقصد اُن شخصیات کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا، جنہوں نے مصطفوی مشن کے فروغ کے لیے خدمات انجام دیں۔ نائب ناظم اعلیٰ محترم علامہ رانا محمد ادریس نے تقریب میں تشریف لائے ہوئے مہمانانِ گرامی کا ایک جامع تعارف پیش کیا۔ محترم شہزاد رسول قادری (سیکرٹری کونسل آف فاؤنڈنگ ممبرز) نے تمام مہمانانِ گرامی کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ آپ وہ شخصیات ہیں جنہوں نے تحریک کی پہچان بنائی اور نئی نسل کو دینی شعور سے آشنا کیا۔ آپ کا وجود ہمارے لیے سرمایہ افتخار ہے۔ تقریب میں محترم علامہ غلام مرتضیٰ علوی نے نقابت کے فرائض سرانجام دیے۔
ناظم اعلیٰ محترم خرم نواز گنڈا پور نے استقبالیہ کلمات میں فاؤنڈنگ ممبرز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ شخصیات وہ ہیں جنہوں نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا دست و بازو بنتے ہوئے تحریک منہاج القرآن کی بنیاد رکھی اور اپنے خلوص، استقامت اور دینی جذبے سے اسے پروان چڑھایا۔ بانی اراکین کی خدمات تحریک منہاج القرآن کے تمام کارکنان کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ آج ہم جن کامیابیوں پر فخر کرتے ہیں، ان کی بنیاد انہی مخلص راہنماؤں نے رکھی تھی۔ ہمیں ان سینئر راہنماؤں کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے اپنے عظیم قائد شیخ الاسلام کی راہنمائی میں تحریک منہاج القرآن کو مزید مستحکم بنانا ہے۔
تقریب سے محترم حاجی محمد امین القادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن، دینِ مصطفوی ﷺ کی ترویج، امتِ مسلمہ کی اصلاح اور انسانیت کی خدمت کے عظیم مشن پر کاربند ہے۔ یہ کارواں تھما نہیں، بلکہ ہر لمحہ آگے بڑھ رہا ہے۔
صدر تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل، پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ لمحہ ہمارے لیے باعثِ فخر و سعادت ہے کہ ہم اُن عظیم شخصیات کے ساتھ بیٹھے ہیں، جنہوں نے اپنے خونِ جگر سے اس عظیم مصطفوی مشن کی آبیاری کی۔ یہ اللہ کا خاص کرم ہے کہ ہماری زندگیاں دینِ حق کی سربلندی کے لیے وقف ہوئیں۔ بانیانِ تحریک کو اپنے لقب ’’السابقون‘‘ کی عملی تعبیر بننا ہے۔ ان کا مرکز سے تعلق محض یادگار نہیں بلکہ ایک زندہ روایت ہے، جسے آئندہ نسلوں تک محبت، تربیت اور عمل کے ساتھ منتقل کرنا ہوگا۔ یہ نسبتِ مصطفوی، جو ہمیں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے ذریعے عطا ہوئی، آنے والی نسلوں کے دلوں میں راسخ کرنی ہے۔
اس تقریب میں ناظم اعلیٰ، نائب ناظمین اعلیٰ، مرکزی قائدین نے خصوصی شرکت کی اور سینئرز فاؤنڈنگ ممبرز کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس تقریب میں جن فاؤنڈنگ ممبرز نے شرکت کی، ان میں؛ محترم حاجی محمد امین القادری، محترم حاجی منظور حسین، محترم حاجی محمد سلیم یوسفی، محترم حاجی محمد سلیم قادری، محترم حاجی محمد الیاس قادری، محترم احمد نعمان شیخ، محترم چودھری جلیل، محترم پروفیسر نواز ظفر، محترم ڈاکٹر شاھد محمود، محترم چودھری افضل گجر، محترم شیخ محمد فاروق، محترم سردار فتح اللہ خان، محترم شیخ محمد عامر رفیع، محترم ابرار حنیف مغل شامل ہیں۔
یہ تقریب ایک رسمی اجتماع سے کہیں بڑھ کر روح کی گہرائیوں میں اتر جانے والا لمحہ تھی، جہاں اخلاص اور وفا کی چمک ہر چہرے سے عیاں تھی۔ یہ محفل اُس نسلِ وفا کے لیے ایک سلام تھی، جنہوں نے تحریکِ منہاج القرآن کے پودے کو اپنے لہو سے سینچا، اور آج بھی وہ شجر سایہ دار بن کر آنے والوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔