محقق دستورِ مدینہ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی شاہکار تصنیف

چیف ایڈیٹر: دختران اسلام

ایوان اقبال لاہور میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی دو جلدوں اور 14 سو صفحات پر مشتمل تجزیاتی تحقیق”دستور مدینہ اور فلاحی ریاست کا تصور“ کی تقریب رونمائی انعقاد پذیر ہوئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری دامت برکاتہم العالیہ نے کہا کہ میثاق مدینہ پر میری پہلی کتاب اکتوبر 1999ء میں شائع ہوئی جس میں، میں نے دستوری زبان میں میثاق مدینہ کے 63 آرٹیکل قائم کئے پھر میں نے یہ کتاب ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کو دی اور کہا کہ آپ دستور مدینہ کا باریک بینی کے ساتھ امریکہ، برطانیہ، یورپ کے جدید دساتیر سے تجزیاتی موازنہ کریں اور اسے اپنی پی ایچ ڈی کا موضوع بنائیں۔ شیخ الاسلام نے زبردست الفاظ میں مبارکباد دیتے ہوئے کہا ”اگر میں اپنی جدید موضوعات پر لکھی ہوئی ان سینکڑوں کتب میں سے نہایت ہی پسندیدہ 100 کتب منتخب کر لوں اور وہ ساری کی ساری 100 کتب ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی اس ایک کتاب پہ قربان کر دوں، تو یہ کتاب اس سے بھی زیادہ حقدار ہے۔یہ میرے جذبات ہیں“۔بلاشبہ نابغہ عصر، مجدد رواں صدی شیخ الاسلام کی طرف سے یہ الفاظ ہر اعتبار سے تاریخی اور قابلِ قدر ہیں۔26 جنوری 2024ء کے روز ایوان اقبال لاہور میں منعقد ہونے والی تقریب بہت سارے حوالوں سے تاریخ ساز تقریب ہے۔ کتاب کے مصنف، محقق، ماہر اسلامی قانون ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے انتہائی معلومات افزا گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دستور مدینہ فکر، نظریہ یہاں تک کہ الفاظ کے اعتبار سے بھی اپنی مثال آپ ہے۔ دستور مدینہ میں اس وقت کی کسی سپر پاور کے نظام کو کاپی نہیں کیا گیا، اگر دستور مدینہ کہیں سے کاپی کیا گیاہوتا تو یہ یقینا کفار مکہ اس پر تنقید کرتے۔ تقریب میں اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر قبلہ ایاز، اوریا مقبول جان، پرنسپل پاکستان کالج آف لاء پروفیسر ہمایوں احسان ایڈووکیٹ، ڈاکٹر خالد رانجھا، صدر لاہور ہائیکورٹ بار اشتیاق اے خان، سینئر وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ، خرم نواز گنڈاپور، میاں انجم نثار، ڈاکٹر رُسنی حسن، ڈاکٹر منور سلطانہ مرزا، ڈاکٹر فاطمہ سجاد نے خطاب کیا۔ تقریب رونمائی سے عرب ممالک سے شیوخ نے اپنے خصوصی آڈیو، ویڈیو پیغامات بھجوائے۔ تقریب میں ماہر آئین، سینئر ایڈووکیٹ سپریم کورٹ آف پاکستان حامد خان، جسٹس (ر) ناصرہ جاوید اقبال، پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، بریگیڈیئر(ر) اقبال احمد خان نے شرکت۔ تقریب میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کے نائب ناظمین اعلیٰ، ڈائریکٹرز شعبہ جات، فورمز کے صدور، منہاج یونیورسٹی لاہور کے لاء ڈیپارٹمنٹ کے طلباء اور فیکلٹی ممبرزنے بھرپور شرکت کی۔ تقریب میں کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز، منہاج گرلز کالج کے اساتذہ اور طلباء بھی بڑی تعداد میں شریک تھے۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اپنی کتاب میں دلائل سے ثابت کیا ہے کہ میثاق مدینہ کائناتِ انسانی کا پہلا تحریری دستور ہے۔ میثاق مدینہ یا دستور مدینہ پر یہ پہلی جامع اور کثیر الجہات تجزیاتی تحقیق ہے، میثاق مدینہ کے مختلف آرٹیکلز کی تائید اور توثیق کے لئے قرآنی آیات اور احادیثِ مبارکہ درج کی گئی ہیں، یوں براہ راست آیات اور احادیث سے استشہاد و استنباط کر کے اس کی حقانیت کو ناقابل تردید دلائل سے ثابت کیا ہے۔ کتاب کے مشمولات کی تصدیق و توثیق پر عالم اسلام کی ممتاز یونیورسٹی جامع الازہر کے شیوخ کی تقاریز شامل ہیں۔ یہ تحقیقی کتاب دستور مدینہ کا امریکی برطانوی اور یورپی دساتیرسے تقابلی موازنہ پیش کرتی ہے۔